کاغذ کا ایک پھٹا ہوا ٹکڑا کھردری دیوار کے پار ہوا میں اڑتا ہے۔ اس کی زرد سطح پر لکھے ’غیر قانونی‘ اور ’مقبوضہ‘ جیسے الفاظ بہت مشکل سے نظر آتے ہیں، اور ’بے دخلی‘ کی وارننگ کیچڑ سے لتھڑی ہوئی ہے۔ کسی ملک کی تاریخ کو اس کی دیواروں کے اندر نہیں دبائے رکھا جا سکتا۔ یہ سرحدوں کی کمزور لکیروں سے آگے اور ظلم و جبر، ہمت، اور انقلاب کی علامتوں کی موجوں میں تیرتی رہتی ہے۔

وہ سڑک پر پڑے پتھروں اور اینٹوں کو بہت غور سے دیکھ رہی ہے۔ اس کی دکان کی جگہ صرف یہی بچا تھا، جو رات کے وقت اس کا گھر ہو جاتی تھی۔ تقریباً ۱۶ سال تک وہ یہاں شام کو چائے پیتی تھی اور دن کے وقت بہت سے لوگوں کو چپلیں بیچتی تھی۔ فٹ پاتھ پر اسبستوس کی چھت کے ٹکڑوں، سیمنٹ کے سلیب، اور اسٹیل کی مڑی ہوئی چھڑوں کے بیچ اس کی معمولی سی گدّی پڑی ہوئی ہے
– کسی اجڑے قبر کے پتھر کی طرح۔

کبھی یہاں ایک اور بیگم رہتی تھی۔ اودھ کی ملکہ بیگم حضرت محل۔ اس نے اپنے گھر کو برطانوی حکومت سے آزاد کرانے کے لیے بہادری سے لڑائی لڑی تھی اور اسے نیپال میں پناہ لینے کو مجبور ہونا پڑا تھا۔ یہ نو آبادت مخالف مجاہدہ آزادی اور ہندوستان کی آزادی کی لڑائی کی ابتدائی جنگجو، کافی عرصے قبل ہی فراموش کر دی گئی۔ اس کی وراثت مٹا دی گئی، اور سرحد کی دوسری طرف کاٹھمانڈو میں ایک ٹھنڈے پتھر کے طور پر یتیم پڑی ہے۔

ایسی بے شمار قبریں، احتجاج کے نشانات بر صغیر ہند کی سرزمین کے اندر گہرے دبے ہوئے ہیں۔ لیکن فراموشی اور نفرت کے کیچڑ کو ہٹانے کے لیے کوئی بلڈوزر دکھائی نہیں دیتا، احتجاج کی ان فراموش کردہ مٹھیوں کو کھود نکالنے کے لیے کوئی مشین نہیں ہوتی۔ ایسا کوئی بلڈوزر نہیں جو نوآبادیاتی تاریخ کو چکناچور کر سکے اور اس کی جگہ مظلوموں کی آوازوں کو لا کھڑا کر سکے۔ نا انصافی کے راستے میں رکاوٹ بنتا کوئی بلڈوزر نہیں۔ ابھی تک تو نہیں۔

گوکل جی کے کی آواز میں یہ نظم سنیں

بادشاہ کا پالتو

میرے پڑوسی کے آنگن میں
ایک عجیب سا جانور چلا آتا ہے،
اپنی زرد کھال میں ناچتا۔
پچھلے خوراک کا بچا خون اور گوشت
ابھی بھی اس کے پنجوں اور دانتوں میں پھنسا ہے
جانور غراتا ہے،
سر اٹھاتا ہے
اور میرے پڑوسی کے سینے پر کود پڑتا ہے۔
اس کی پسلیوں کو توڑ دیتا ہے،
چیر ڈالتا ہے دل کو۔
بادشاہ کا یہ پسندیدہ پالتو، بے فکری سے
اپنے زنگ لگے ہاتھوں سے
اس کے دل کو باہر نکال دیتا ہے
اوہ، کتنا بے درد جانور!
لیکن میرے پڑوسی کے سینے کے اندر قید کھوکھلے اندھیرے میں
اس کی امیدوں کے برعکس، ایک نیا دل اُگ آتا ہے
بوکھلایا جانور دہاڑتا ہے اور ایک اور دل چیر ڈالتا ہے۔
ایک اور سرخ اور زندگی سے بھرپور دل اُگ آتا ہے
ہر توڑ ڈالے گئے دل کے بدلے ایک نیا دل۔
ایک نیا دل، ایک نیا بیج،
ایک نیا پھول، نئی زندگی،
ایک نئی دنیا۔
میرے پڑوسی کے آنگن میں
ایک عجیب سا جانور چلا آتا ہے،
ڈھیروں دل کو چکناچور کیے بیٹھا ایک جانور،
جس کے اندر جان نہیں۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Poem and Text : Gokul G.K.

Gokul G.K. is a freelance journalist based in Thiruvananthapuram, Kerala.

Other stories by Gokul G.K.
Illustration : Labani Jangi

Labani Jangi is a 2020 PARI Fellow, and a self-taught painter based in West Bengal's Nadia district. She is working towards a PhD on labour migrations at the Centre for Studies in Social Sciences, Kolkata.

Other stories by Labani Jangi
Translator : Qamar Siddique

Qamar Siddique is the Translations Editor, Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist.

Other stories by Qamar Siddique