وہ بھی اتنا ہی حیران تھا جتنا کہ ہم۔

ہمارے سامنے پہیلی نما سوال کھڑا تھا: اپنی سائیکل کو پوال کے ڈھیر کی اتنی اونچائی پر اس نے کیسے لٹکایا ہوگا؟ اس کے لیے، شاید، پریشان کرنے والا سوال یہ تھا: یہ پاگل کون تھا جو اپنے آدھے جسم کو کار کی کھڑکی سے باہر نکالے، سڑک سے عمودی حالت میں، اس کی تصویر (آئی فون ۳ ایس سے) کھینچنے کی کوشش کر رہا تھا۔

یہ اکتوبر ۲۰۰۹ کی بات ہے، جب ہم آندھرا پردیش میں کرشنا اور گنٹور ضلعوں کے درمیان کار سے کہیں جا رہے تھے۔ اور جب ہم نے پہلی بار اسے دور سے دیکھا، تو یہ تھوڑا عجیب لگا۔ ایک سائیکل اوپر کی طرف لٹک رہی تھی اور ایک آدمی اس سے بھی اوپر چڑھ کر بیٹھا ہوا تھا۔ پوال کا ڈھیر اتنا بڑا تھا کہ یہ پتہ لگانا ناممکن ہو رہا تھا کہ وہ کس گاڑی پر بیٹھا ہے۔ بعد میں پتہ چلا کہ یہ ٹریکٹر کی ٹرالی ہے۔

اور جب ہم قریب پہنچے، تو دیکھ پائے، جیسا کہ آپ بھی فوٹو میں دیکھ سکتے ہیں کہ مضبوط بانس کا ایک چھوٹا حصہ پوال کے ڈھیر سے باہر نکلا ہوا ہے، جس پر وہ سائیکل کسی طرح لٹکی یا بندھی ہوئی تھی – ہمیں کوئی رسی نظر نہیں آئی۔ کسی گاؤں کی سڑک پر گاڑی کے مڑنے سے پہلے اس کی تصویر کھینچنے کا واحد طریقہ یہی تھا کہ کھڑکی کے باہر بے تکے طریقے سے جھک کر کلک کیا جائے۔ پھر ہم نے ایک پل کو پار کیا اور دونوں گاڑیاں مخالف سمتوں میں روانہ ہو گئیں – ہم یہ چیک کرنے لگے کہ فوٹو کھنچ گئی ہے یا نہیں۔ ٹریکٹر جھٹکے کے ساتھ مڑا تھا، اس لیے وہ شاید پوال پر اپنی پکڑ بنائے رکھنے میں مشغول تھا – حالانکہ، اپنی سائیکل پر اس کا دھیان نہیں تھا۔

مترجم: محمد قمر تبریز

P. Sainath is Founder Editor, People's Archive of Rural India. He has been a rural reporter for decades and is the author of 'Everybody Loves a Good Drought' and 'The Last Heroes: Foot Soldiers of Indian Freedom'.

Other stories by P. Sainath
Translator : Qamar Siddique

Qamar Siddique is the Translations Editor, Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist.

Other stories by Qamar Siddique