سمندر پار تجارت کی ایک طویل اور مستحکم تاریخ کو سمیٹے تُلوناڈو، بحیرہ عرب کے ساحل پر واقع ایک علاقہ ہے۔ یہاں صدیوں سے بھوت پوجا کی روایت چلی آ رہی ہے۔

سید ناصر کہتے ہیں، ’’بھوت رسومات کے دوران موسیقی بجانا میرا ذریعہ معاش ہے۔‘‘ وہ تلوناڈو میں مسلم کمیونٹی کے ممبران پر مشتمل ایک میوزیکل گروپ کا حصہ ہیں۔ ’’ان رسومات کے دوران آلات موسیقی بجانے میں ہمیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ہے۔‘‘

کرناٹک کی منی پال اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ریسرچ ایسوسی ایٹ نتیش آنچن بتاتے ہیں کہ بھوت پوجا کے دوران کئی برادریوں کے لوگ ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’لوگ مختلف جگہوں سے یہاں [تلوناڈو میں] آ کر آباد ہو گئے اور تلو رسومات کا حصہ بنتے چلے گئے۔‘‘

ناصر کا خاندان چار نسلوں سے بھوت رسومات کے دوران ناد سورم اور دیگر آلات موسیقی بجانے کا کام کر رہا ہے۔ یہ ہنر انہوں نے اپنے والد سے سیکھا تھا، اور موسیقی کی اس وراثت کو آگے بڑھانے والے اب وہ اپنی فیملی کے آخری رکن ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’نوجوان نسل اس موسیقی میں کوئی دلچسپی نہیں دکھا رہی ہے۔‘‘ پچاس سال سے زیادہ کی عمر کے ہو چکے ناصر مزید کہتے ہیں، ’’اب پہلے جیسا ماحول بھی نہیں رہا، موجودہ حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔‘‘

آنچن بتاتے ہیں، ’’بھوت، تلوناڈو کے لوگوں کے دیوتا ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ بھوت کی یہاں نہ صرف پوجا کی جاتی ہے، بلکہ وہ یہاں کے لوگوں کی زندگی کا اٹوٹ حصہ بھی ہیں۔ بھوت پوجا میں کوئی خاتون اداکار نہیں ہوتی، البتہ بھوت پوجا سے جڑی ایک اور رسم – یعنی کولا میں خواتین اداکار ضرور دیکھنے کو ملتی ہیں۔ لیکن اس میں بھی، خواتین اداکاروں کا یہ رول مردوں کے ذریعے ہی ادا کیا جاتا ہے۔

اس فلم میں تلوناڈو میں بھوت رسومات کے دوران ناصر اور موسیقی پر مبنی ان کی پیشکش کو دکھایا گیا ہے۔

فلم دیکھیں: ہم آہنگی کی روایت کے پاسدار – تلوناڈو کے بھوت

کور فوٹو: گووند رادیش نائر

اس اسٹوری کو مرنالنی مکھرجی فاؤنڈیشن (ایم ایم ایف) کے ذریعے فراہم کردہ فیلوشپ کا تعاون حاصل ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Faisal Ahmed

فیصل احمد، ایک دستاویزی فلم ساز ہیں اور فی الحال ساحلی کرناٹک میں واقع اپنے آبائی شہر ملپے میں مقیم ہیں۔ پہلے وہ منی پال اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن کے ساتھ کام کر چکے ہیں، جہاں وہ تلوناڈو کی زندہ ثقافتوں پر بنائی جانے والی دستاویزی فلموں کی ہدایت کاری کرتے تھے۔ وہ ۲۳-۲۰۲۲ کے لیے ایم ایم ایف-پاری فیلو ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Faisal Ahmed
Text Editor : Siddhita Sonavane

سدھیتا سوناونے ایک صحافی ہیں اور پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا میں بطور کنٹینٹ ایڈیٹر کام کرتی ہیں۔ انہوں نے اپنی ماسٹرز ڈگری سال ۲۰۲۲ میں ممبئی کی ایس این ڈی ٹی یونیورسٹی سے مکمل کی تھی، اور اب وہاں شعبۂ انگریزی کی وزیٹنگ فیکلٹی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Siddhita Sonavane
Translator : Qamar Siddique

قمر صدیقی، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے ٹرانسلیشنز ایڈیٹر، اردو، ہیں۔ وہ دہلی میں مقیم ایک صحافی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Qamar Siddique