آموزش کی نئی تشریح کرنا

  1. مستقبل کی نصابی کتابیں تیار کرنا

    پاری میں ہم، مستقبل کی نصابی کتابیں لکھ رہے ہیں۔ یہ ہماری سائٹ پر ہر ہفتے بے شمار اسٹوریز، تصاویر، ویڈیوز اور آڈیو مواد کے ساتھ ہو رہا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ وقت کے ساتھ، اس میں سے تھوڑا بہت حصہ طلبہ اور اساتذہ خود تیار کریں۔

    پاری کا مقصد طلبہ، اساتذہ، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے لیے دیہی ہندوستان پر معلوماتی اور روایتی اسٹوریز تیار کرنے میں مدد کرنا ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے بھی ہوگا جو اس قسم کے روایتی تعلیمی اداروں سے باہر ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ اگلے چند سالوں میں نصابی کتابوں سمیت درس و تدریس کے زیادہ تر مواد تیزی سے آن لائن منتقل ہو جائیں گے۔ یہ سلسلہ دنیا کے کچھ حصوں میں پہلے سے ہی جاری ہے۔ اگر صحیح طریقے سے کیا گیا، تو اس کا مطلب ہوگا ’نصابی کتابیں‘ یا تدریسی مواد جن میں ترمیم و اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ براڈبینڈ تک رسائی میں چونکہ اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے اس کا مطلب بہت سے طلبہ کے اخراجات میں کمی بھی ہوگی، کیوں کہ پاری عوامی طور پر مفت رسائی حاصل کرنے والی سائٹ ہے۔

  2. نصابی مواد تیار کرنے میں طلبہ کی مدد کرنا

    ہم نے پہلے ہی اس عمل میں ایک اہم عنصر شامل کر لیا ہے: پاری پر، طلبہ خود اپنی نصابی کتابوں کی تیاری میں شریک ہوتے ہیں۔ اگر کوئی استاد یا کوئی ادارہ کسی کورس یا کورس کے ایک حصہ کے لیے تدریسی وسائل مرتب کرنا چاہتا ہے، تو ہم اس کورس کے مواد کی تیاری میں ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ مان لیجئے کہ یہ دیہی مزدوری کے بارے میں ہے یا مہاجرین یا زراعت یا کاریگروں پر ہے، ہم فیلڈ ٹرپ کے ذریعے طلبہ کو ان کے موضوعات پر جاندار علم کی تخلیق کرنے کی کوشش کریں گے اور طلبہ کو اس میں شامل کریں گے۔

    لہٰذا طلبہ کے اور ان کے ذریعے تیار کیے گئے ویڈیوز، آڈیو ریکارڈنگ، تصاویر اور تحریری مضامین نہ صرف انھیں اپنے کورسز میں نمبر اور گریڈ دلا سکیں گے، بلکہ ایک لچکدار اور کھلی ہوئی نصابی کتاب کا حصہ بھی بن سکیں گے۔ اسی طرح، مان لیجئے، زرعی مزدوروں پر مبنی ایک ویڈیو جس میں وہ خود ہی اپنی کہانی بیان کرتے ہیں، جہاں پر وہ سامعین سے خود ہی خطاب کر رہے ہوں گے، اس قسم کے تدریسی وسائل کچھ زیادہ ہی اثردار ہوں گے۔ چند سالوں سے چھاپی جا رہی نصابی کتابوں کے مقابلے ان مواد پر طلبہ، اساتذہ، محققیں اور عام ناظرین کی توجہ یقینی طور پر زیادہ جانی چاہیے۔ خاص کر اس لیے کہ پاری کی اس کوشش کے تحت تحریری مضامین، تحقیقی مقالے، ویڈیو، آڈیو اور جامد تصاویر کی طاقت ایک ساتھ جمع کی جائے گی۔

  3. آموزش کے ایک طاقتور ذریعہ کو جاری کرنا

    پاری کے پاس ہمارے لیے اور ہمارے ذریعہ تیار کیے گئے ویڈیوز کے لیے خصوصی رہنما ہدایات ہیں، جو کہانی بیان کرنے والوں کی بنیادی تصنیف کی شناحت کو یقینی بناتے ہیں۔ دریں اثنا، ان لوگوں کے ساتھ صرف طلبہ کا تعامل، جن کی زندگیوں کے بارے میں وہ مطالعہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور فیلڈ سے مستند مواد تیار کرنے کے لیے برادریوں کے ساتھ ان کی مشترکہ کوشش بھی آموزش کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ یہ سب پاری پر پہلے سے ہو رہا ہے۔

    ایک اور چیز بھی ہے: ہر سال، بے شمار طلبہ ہندوستان پر قیمتی مواد تیار کرتے ہیں۔ تحقیقی مقالے، مضامین، ویڈیوز، دستاویزی فلمیں، رسالے، تصاویر وغیرہ کی شکل میں۔ اگرچہ ان میں سے کچھ مواد عمدہ ہوتا ہے، لیکن یہ زیادہ تر شعبے کی لائبریریوں، امتحانات کے سوالناموں کی الماریوں یا سائبر اسپیس کے گمنام قبرستانوں میں غائب ہو جاتے ہیں۔ لیکن ہمارے ساتھ منسلک ہونے والے اداروں کے لیے، پاری ایک ایسا پلیٹ فارم پیش کرتا ہے جو ان مواد کو محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں سے بہترین کی نمائش کرے گا، اور دنیا کے کسی بھی علاقے سے رسائی حاصل کرنے اور آسانی سے دیکھنے کے قابل بنائے گا۔ اس کے نتیجہ میں، یہ جانتے ہوئے کہ ان کے کام کو پوری دنیا میں دیکھا جا سکتا ہے، طلبہ کے لیے یہ بہتر موقع ہے کہ وہ اپنے کاموں کی سطح اور معیار کو اوپر اٹھائیں۔

  4. محققین کے لیے ایک وَن اسٹاپ لائبریری

    اس کے علاوہ یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہائی اسکولوں کے طلبہ ہیں، جو اپنے نصابی کام سے آزاد ہوکر پاری کے لیے تحریری مضامین، آڈیو اور ویڈیو پر کام کر رہے ہیں۔ کچھ بہت کی کم عمر کے طلبہ نے ہمارے لیے اخبارات بھی تیار کیے ہیں۔

    اور ہمارے وسائل سیکشن میں، ہم دیہی ہندوستان سے متعلق تمام سرکاری (اور غیر سرکاری لیکن معتبر) رپورٹیں ڈالنا چاہتے ہیں (پورا متن اور صرف ان کے لنک نہیں)۔ مثال کے طور پر غیر منظم شعبہ میں کاروبار کے لیے قومی کمیشن کی ہر ایک رپورٹ، پلاننگ کمیشن (اب نیتی آیوگ) اور وزارتوں کی رپورٹس، اقوامِ متحدہ وغیرہ کی رپورٹ۔ محققین کو مختلف ذرائع سے اہم دستاویزات اور مطالعات تک رسائی حاصل کرنے کے لیے متعدد سائٹوں پر نہیں جانا پڑے گا۔

    پاری طلبہ، اساتذہ اور دیگر سبھی سیکھنے والوں کے لیے وَن اسٹاپ لائبریری ہے۔