ڈل جھیل کے گھاٹ نمبر ۱۵ پر گلزار احمد بھٹ لکڑی کی ایک بینچ پر خاموش بیٹھے ہیں۔ سری نگر کے دیگر شکارہ چلانے والوں کی طرح ہی، انہوں نے ۲ اگست سے بمشکل کسی بھی گاہک کو دیکھا ہے، جب حکومت جموں و کشمیر نے سیاحوں کو کشمیر چھوڑنے کے لیے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی ’’اس نے ہمارے مستقبل کو غیر یقینی بنا دیا۔ یہاں پر رہتے ہوئے میرے ۱۸ برسوں کے دوران، میں نے کبھی بھی اتنی بڑی تعداد میں بُکنگ [ردِ ہوتے ہوئے] نہیں دیکھی،‘‘ ۳۲ سالہ گلزار کہتے ہیں۔

حکومت کے ذریعے ۱۰ اکتوبر کو ایڈوائزری واپس لیے جانے کے بعد کچھ سیا شکارہ کی سواری کے لیے پہنچے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے لائے گئے تھے، جنہوں نے ان سے کافی پیسے اینٹھے۔ ’’اگر گاہک سیدھے ہمارے پاس آتا ہے، تو ڈل جھیل کے پانی پر شکارہ سے ایک گھنٹہ کی سیر کے بدلے ہم اس سے ۶۰۰ روپے [سرکاری طور پر منظور شدہ قیمت] مانگتے ہیں۔ اسی سواری کے لیے ایجنٹ ہمیں صرف ۲۵۰ روپے دیتا ہے۔ موجودہ حالات میں، ہم منع بھی نہیں کر سکتے،‘‘ ۴۲ سالہ مہراج الدین پکتو کہتے ہیں، جو نومبر کے وسط میں بھی سیاحوں کا انتظار کر رہے تھے، ابھی بھی کڑاکے کی سردی کے دوران اپنی فیملی کی دیکھ بھال میں کامیاب ہونے کی امید کر رہے ہیں۔

شکارہ یا تو ڈونگی مالکوں کے ذریعے چلایا جاتا ہے یا اسے کھینے والوں کو فی موسم تقریباً ۳۰ ہزار روپے میں کرایے پر دے دیا جاتا ہے۔ شکارہ چلانے والا چھ مہینے کے سیاحتی موسم میں ۲ لاکھ روپے سے ڈھائی لاکھ روپے تک کمانے کی امید کر سکتا ہے۔ کرایہ اور دیگر اخراجات کے بعد، اس کے پاس تقریباً ۱۸۰۰۰۰ روپے بچ جاتے ہیں۔ اس آمدنی کو ۱۲ مہینے تک چلانا پڑتا ہے – اور یہ ۱۵ ہزار روپے ماہانہ ہو جاتا ہے۔ آف سیزن میں، شکارہ والوں کے پاس کوئی کام نہیں ہوتا، یا وہ چھوٹے موٹے کام کرتے ہیں، اور ان میں سے کچھ فروخت کے لیے یا اپنے اہل خانہ کے لیے جھیلوں سے مچھلیاں پکڑنے کا کام کرتے ہیں۔

وادی میں سیاحت کا موسم موٹے طور پر مئی سے اکتوبر تک ہوتا ہے۔ اس سال کشمیر میں نومبر کے پہلے ہفتہ تک اور شروعاتی برف باری کے بعد، شکارہ کی سیر کی خواہش رکھنے والے سیاحوں کے آنے کا امکان اور بھی کم ہے۔ پچھلا سال (۲۰۱۸) بھی سیاحتی اعتبار سے کمزور تھا، جب صرف ۸ء۵ لاکھ سیاحوں – ہندوستانی اور بین الاقوامی – نے وادیٔ کشمیر کا دورہ کیا۔ اس سال یہ تعداد کتنی کم ہوئی ہے، یہ ابھی تک صاف نہیں ہے۔

لیکن، اگست سے لے کر اب تک ڈل جھیل سمیت کشمیر کے مختلف آبی ذخائر میں چلائے جانے والے سبھی ۴۸۰۰ شکارے کو بھاری نقصان ہوا ہے، یہ کہنا ہے آل جے اینڈ کے ٹیکسی شکارہ مالکان ایسوسی ایشن اور آل جے اینڈ کے شکارہ ورکرس ایسوسی ایشن کے صدر، ۶۰ سالہ ولی محمد بھٹ کا۔ یہی حال ڈل جھیل، نگین جھیل، مانس بل جھیل اور جہلم ندی پر موجود ۹۶۰ ہاؤس بوٹ مالکوں کا ہے، کشمیر ہاؤس بوٹ مالکان ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری، عبدالرشید کلّو کہتے ہیں۔

’’صرف ڈل جھیل [جس پر ۳۷ گھاٹ یا شکارہ کھڑی کرنے کی جگہ ہے] کے شکارہ والوں کو ۸ کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے،‘‘ بھٹ کا اندازہ ہے۔ کچھ لوگوں نے شکارہ خریدنے کے لیے مختلف ذرائع سے قرض لیا ہے – ایک نئے شکارہ کی قیمت تقریباً ۱ء۵ لاکھ روپے ہے – اور اب وہ اس کی قسط چکانے کے لائق نہیں ہیں، وہ بتاتے ہیں۔ بھٹ آگے کہتے ہیں کہ کچھ لوگ ساہوکاروں کے دباؤ کو برداشت نہیں کر سکے اور قرض چکانے کے لیے انہوں نے اپنے شکارے بیچ دیے۔ ایسے کنبوں کے لیے اب تک سرکاری معاوضہ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، جن کی گزر بسر کا واحد ذریعہ شکارہ ہیں۔

PHOTO • Muzamil Bhat

سری نگر میں ڈل جھیل کے پرسکون پانی پر گاہکوں کا انتظار کرتے ہوئے شکارے ابھی بھی کھڑے ہیں

PHOTO • Muzamil Bhat

کچھ لوگ کبھی کبھی پیسے ادا کرنے والے تھوڑے گاہکوں کو دیکھ کر، نومبر کی شروعات میں ہوئی برف باری کے درمیان بھی شکارہ چلانے پر مجبور ہوئے

PHOTO • Muzamil Bhat

’’میں نے ۲۰۱۷ میں اپنی بیٹی کی شادی کے لیے اپنے دوستوں اور کام کے ساتھیوں سے ۳ لاکھ روپے قرض لیے تھے، جس میں سے ۱ لاکھ روپے میں نے چکا دیے ہیں۔ اس سیزن میں مجھے بقیہ پیسے چکانے کی امید تھی۔ لیکن اگست کے بعد سے میں صدمہ میں ہوں۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں اپنا قرض کیسے چکاؤں گا،‘‘ ۶۰ سالہ غلام احمد مٹّو کہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے ظہور کو کیرالہ بھیجا تھا، تاکہ وہ ریاست کی ڈونگی دوڑ میں حصہ لے سکے اور فیملی کے لیے کچھ پیسے کما سکے

PHOTO • Muzamil Bhat

مہراج الدین پکتو ڈل جھیل میں ۲۰ سال سے اپنا شکارہ چلا رہے ہیں۔ ’’مجھے اگست کے بعد، جب حکومت نے سیاحوں کے لیے وادی چھوڑنے کی ایڈوائزری جاری کی تھی، ایک بھی سواری نہیں ملی ہے۔ میرے پاس شکارہ کا یہی واحد کاروبار ہے،‘‘ وہ کہتے ہیں۔ ’’اور میرے پاس [دیکھ بھال کرنے کے لیے] تین بچے اور ان کی تعلیم ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ میں یہ سردی کیسے گزاروں گا، کیوں کہ ہم اس سیزن میں جو کماتے ہیں وہی ہم سردیوں میں استعمال کرتے ہیں‘‘

PHOTO • Muzamil Bhat

’’یہ ہمارے لیے ایک عام دن تھا [جس دن ایڈوائزری جاری کی گئی تھی]؛ ہم سیاحوں کو ڈل جھیل کے مختلف مقامات پر گھُما رہے تھے۔ ہم نے سوچا کہ حکومت کے ذریعے سیاحوں کو ریاست چھوڑنے کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری افواہ ہے۔ ہم نہیں جانتے تھے کہ حقیقت میں کیا ہونے جا رہا ہے،‘‘ ۵۰ سالہ عبدالرشید شاہ کہتے ہیں۔ ’’میں نے پچھلے سیزن میں کچھ بچت کی تھی، وہ بھی اب جا چکی ہے۔ مجھے ڈر ہے کہ میری فیملی کو بھوکا رہنا پڑ سکتا ہے...‘‘

PHOTO • Muzamil Bhat

آل جے اینڈ کے ٹیکسی شکارہ مالکان ایسوسی ایشن اور شکارہ ورکرس ایسوسی ایشن کے صدر ولی محمد بھٹ، سیاحوں کا انتظار کرتے ہوئے

PHOTO • Muzamil Bhat

نومبر کی شروعات میں برف باری کے درمیان سری نگر میں ڈل جھیل کے ایک ہاؤس بوٹ سے گھاٹ نمبر ۱۳ تک سیاحوں کو سیر کراتے ہوئے ایک شکارہ چلانے والے (جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتے)۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی طرف سے اگست میں سیاحوں کو وادی چھوڑ دینے کے لیے جاری کی گئی ایڈوائزری کے بعد یہ اس سیزن میں ان کی صرف تیسری سواری ہے

PHOTO • Muzamil Bhat

شکارہ چلانے والے ۳۲ سال کے گلزار احمد بھٹ (جو ’ویلی آف سینٹس‘ نام کی ایک مشہور فلم میں نظر آئے) ۱۸ سالوں سے اس پیشہ میں ہیں۔ ’’مجھے ڈر ہے کہ ہم نے سیاحوں کے درمیان جو شناخت بنائی تھی وہ کھو دی ہے – ہم اپنی مہمان نوازی کے لیے مشہور تھے،‘‘ وہ کہتے ہیں۔ ’’لیکن اگست سے، سب کچھ بدل گیا ہے۔ ہم نے ملک کے باقی حصوں میں اپنی شبیہ کھو دی ہے۔ سیاح کشمیر آنے سے ڈرتے ہیں۔‘‘ اس سیزن میں وہ گزر بسر کیسے کریں گے؟ ’’جدوجہد نے ہمیں کئی سبق سکھائے ہیں،‘‘ وہ جواب دیتے ہیں، ’’اور ان میں سے ایک ہے بچت کرتے رہنا کیوں کہ کشمیر میں چیزیں غیر یقینی ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ ہر ۲-۳ سال میں ہمیں کچھ نہ کچھ برے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے‘‘

PHOTO • Muzamil Bhat

۴۰ سال کے امتیاز جالا نے یہ شکارہ جولائی ۲۰۱۹ سے پہلے قرض لیکر خریدا تھا۔ اس سال کی پیشگی تھوک بُکنگ سے انہیں اچھے منافع کی امید تھی۔ لیکن اب، سیاحتی موسم ختم ہو جانے کے بعد، وہ اپنے شکارہ کو بیچنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں کیوں کہ وہ قرض نہیں چکا سکتے۔ ان کی تین بیٹیاں پرائمری اسکول میں پڑھتی ہیں۔ ’’میں ان کے رِزلٹ نہیں دیکھ سکا [اسکول نے روک رکھا ہے] کیوں کہ اسکول انتظامیہ مجھ سے تین مہینے کی فیس جمع کرنے کے لیے کہہ رہی ہے،‘‘ وہ بتاتے ہیں۔

PHOTO • Muzamil Bhat

سیاح ملٹری سے بھرے مقام پر کیسے جائیں گے، شمالی سری نگر کے رینا واڑی علاقے کے شکارہ چلانے والے، ۵۰ سالہ محمد عبداللہ سوال کرتے ہیں۔ ’’اگر حکومت اس سال کشمیر میں بھیجے گئے اضافی فوجیوں کو واپس بلا لیتی ہے، تو مجھے امید ہے کہ کچھ سیاح ابھی بھی ہمارے پاس آئیں گے،‘‘ وہ کہتے ہیں۔ ’’کاش، میں کشمیر کو پھر سے ویسا ہی دیکھ پاتا جیسا کہ ۹۰ کی دہائی سے پہلے تھا، جب ہمارے یہاں کوئی ملی ٹینسی نہیں تھی‘‘

PHOTO • Muzamil Bhat

غلام محمد، ایک بڑھئی، ۴۰ سالوں سے شکارہ بنا رہے ہیں؛ انہیں یہ دست کاری اور پیشہ اپنے والد سے وراثت میں ملا ہے۔ ’’اگست ۲۰۱۹ سے پہلے مجھے آٹھ شکارہ بنانے کا آرڈر ملا تھا، لیکن حکومت کی ایڈوائزری جاری ہونے کے بعد میرے سبھی آرڈر ردّ ہو گئے،‘‘ وہ کہتے ہیں

PHOTO • Muzamil Bhat

سبھی آرڈر چونکہ ردّ ہو چکے ہیں، اس لیے شکارہ بنانے کے لیے غلام محمد نے ۳ لاکھ روپے میں دیودار کی جو لکڑی خریدی تھی، وہ ان کے ورکشاپ میں بیکار پڑی ہوئی ہے۔ وہ کہتے ہیں: ’’میرے جیسے لوگوں کے لیے اس موسم میں گزارہ کر پانا بہت مشکل ہے‘‘

PHOTO • Muzamil Bhat

شکارہ والے نومبر کی شروعات میں ڈل جھیل کے قریب اپنے ایسوسی ایشن کے دفتر کے ارد گرد وقت گزارتے ہوئے

PHOTO • Muzamil Bhat

سیاحت سے جڑے سبھی کاروباروں پر اثر پڑا ہے – ڈل جھیل کے کنارے مقامی دست کاری کی دکان کے مالک گاہکوں کا انتظار کرتے ہوئے، جنہیں عام طور پر شکارہ والے ان کے پاس لیکر آتے ہیں

PHOTO • Muzamil Bhat

سیاحت کا موسم ایک طرح سے ختم ہو چکا ہے، اور کئی مہینوں تک سیاحوں کا انتظار کرنے کے بعد، شکارہ والوں کو اب ایک طویل، مشکل اور غیریقینی سردیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے

(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)

Muzamil Bhat

Muzamil Bhat is a Srinagar-based freelance photojournalist and filmmaker, and was a PARI Fellow in 2022.

Other stories by Muzamil Bhat
Translator : Qamar Siddique

Qamar Siddique is the Translations Editor, Urdu, at the People’s Archive of Rural India. He is a Delhi-based journalist.

Other stories by Qamar Siddique