سال ۲۰۲۳ مصروفیات سے بھرا سال تھا۔
جنوری اور ستمبر کے درمیان تقریباً ہر دن، ہندوستان میں لوگوں نے سخت موسم کا سامنا کیا۔ ستمبر میں لوک سبھا نے خواتین ریزرویشن بل پاس کیا تاکہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں زیادہ خواتین پہنچ سکیں، مگر یہ قانون ۲۰۲۹ میں ہی نافذ ہو پائے گا۔ اس درمیان نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی طرف سے جاری اعداد و شمار نے بتایا کہ ۲۰۲۲ میں خواتین کے خلاف جرائم کے ۴ لاکھ ۴۵ ہزار ۲۵۶ معاملے درج ہوئے۔ اگست میں سپریم کورٹ نے صنفی قدامت پرستی سے نمٹنے کے لیے ایک ہینڈ بک جاری کی، جس میں ’اسٹیریو ٹائپ کو فروغ دینے والے‘ کچھ الفاظ کے متبادل بتائے گئے تھے، جب کہ سپریم کورٹ کی پانچ ججوں کی بینچ نے ہم جنس افراد کی شادی کے لیے قانونی منظوری کے خلاف فیصلہ دیا۔ نو ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے اور خبروں میں فرقہ وارانہ اور ذات پات پر مبنی اسباب سے ہونے والی وارداتیں حاوی رہیں۔ مارچ ۲۰۲۲ اور جولائی ۲۰۲۳ کے درمیان ہندوستان میں کل ارب پتیوں کی تعداد ۱۶۶ سے بڑھ کر ۱۷۴ ہو گئی۔ سال کے پہلے نو مہینوں میں ۲۹-۱۵ سال کی عمر کے لوگوں کے درمیان بے روزگاری کی اوسط شرح ۳ء۱۷ فیصد کے آس پاس رہی۔








