جب کارچُنگ، مونپا شادیوں میں گاتے ہیں، تو وہ اپنی خدمات کے لیے میمنے کا پکا ہوا گوشت بطور اجرت لیتے ہیں۔ ایسا کہا جاتا ہے کہ ان کی مترنم پیشکش شادی کی تقریب میں چار چاند لگا دیتی ہے، اور دلہن کی فیملی انہیں مدعو کرتی ہے۔

جب مونپا برادری کے دو رکن شادی کے لیے راضی ہوتے ہیں، تو دو دن کی تقریب منعقد کی جاتی ہے، جو دولہے کے لڑکی کے گھر جانے سے شروع ہوتی ہے۔ وہاں پر مقامی شراب ’آرا‘ پلائی جاتی ہے، اور بڑی دعوت رکھی جاتی ہے جس میں خاندان کے ممبران شامل ہوتے ہیں اور رقص کرتے ہیں۔ اسی موقع پر کارچُنگ بغیر کسی آلہ موسیقی کے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اگلے دن دولہا اپنی دلہن کے ساتھ گھر لوٹتا ہے۔

کارچُنگ کا اصلی نام رِنچِن تاشی ہوا کرتا تھا، لیکن جلد ہی ’کارچُنگ‘ ان کے عرفی نام کے طور پر مشہور ہو گیا۔ وہ اروناچل پردیش کے ویسٹ کمینگ ضلع میں چانگپا روڈ پر پنساری کی ایک چھوٹی سی دکان چلاتے ہیں۔ موسیقی کے تئیں ان کی محبت ریڈیو پر بجتے نغموں میں نظر آ جاتی ہے، جو ان کے کام کرنے کے وقت بیک گراؤنڈ میں بجتا رہتا ہے اور مشہور گانے چلاتا ہے۔ کارچُنگ آرا کے بارے میں بھی ایک گیت گاتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں، ’’میں کھیتی کے وقت یا دوستوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اسے گاتا ہوں۔‘‘

تقریباً ۵۳ سال کے کارچُنگ اپنی بیوی پیم جومبا کے ساتھ رہتے ہیں، جنہیں وہ فیملی کی ’باس‘ بلاتے ہیں۔ اس زرخیز وادی میں ان کے پاس تقریباً ایک ایکڑ زمین ہے، جس پر کھیتی کا کام پیم ہی سنبھالتی ہیں۔ ’’ہم دھان [چاول]، مکئی، بیگن، تیکھا بیگن، لائی ساگ (سرسوں کا ساگ)، پیاز اور پھول گوبھی اُگاتے ہیں،‘‘ وہ کہتے ہیں۔ ان کی فیملی کھیت میں اُگنے والے زیادہ تر چاول، موٹے اناج اور سبزیوں کا استعمال خود ہی کرتی ہے، اور بقیہ پیداوار کو کبھی کبھی دیرانگ بلاک کے راما کیمپ کے ہفتہ وار بازار میں فروخت کر دیتی ہے۔

PHOTO • Sinchita Parbat

اروناچل پردیش کے ویسٹ کمینگ ضلع میں چانگپا روڈ پر اپنی دکان کے سامنے لیئیکی کھانڈو اور ان کے والد کارچُنگ

PHOTO • Sinchita Parbat
PHOTO • Leiki Khandu

کارچُنگ تہواروں میں بجائے جانے والے ڈرم کو بنانے میں مصروف ہیں۔ دائیں: ان کے بیٹے لیئیکی کھانڈو تقریبات میں استعمال کیا جانے والا تیر – ددر دکھاتے ہیں، جو زندگی بسر کرنے کی طاقت، لمبی عمر، خوش قسمتی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ اس میں بندھے مختلف رنگ کے ربن پانچ عناصر کی ترجمانی کرتے ہیں۔ تقریبات اور بودھ مندروں میں دَدَر کو گھڑی کی سوئی کی سمت میں گھمایا جاتا ہے

اس جوڑی کے پانچ بچے ہیں – دو بیٹیاں اور تین بیٹے۔ دونوں بیٹیوں – رِنچِن وانگمو اور سانگ دروما – کی شادی ہو چکی ہے اور وہ بیچ بیچ میں آتی جاتی رہتی ہیں۔ بڑا بیٹا پیم دونڈپو ممبئی میں رہتا ہے اور ایک ہوٹل میں باورچی کے طور پر کام کرتا ہے۔ وہ دو سال میں صرف ایک بار ہی گھر آ پاتا ہے۔ منجھلا بیٹا لیئیکی کھانڈو موسیقار ہے اور وادی میں ماحولیات کے موافق سیاحت سے متعلق پہل کا حصہ ہے۔ ان کا چھوٹا بیٹا نِم تاشی دیرانگ شہر میں کام کرتا ہے۔

مونپا برادری کے مطابق، ان کی ابتدا تبت میں ہوئی تھی اور ان میں سے تمام لوگ بودھ ہیں، اور لکڑیوں کے کام، بنائی اور پینٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔ سال ۲۰۱۳ کی اس سرکاری رپورٹ کے مطابق، ان کی تعداد ۴۳ ہزار ۷۰۹ ہے۔

کارچُنگ نہ صرف موسیقار ہیں، بلکہ اپنے خالی وقت میں بجانے والے ساز بھی بناتے ہیں۔ ’’بازار میں ایک ڈرم [جسے مقامی لوگ چیلنگ کہتے ہیں] کی قیمت تقریباً ۱۰ ہزار روپے ہے۔ خالی وقت میں، میں اپنے لیے ڈرم بنا لیتا ہوں،‘‘ وہ پاری کو بتاتے ہیں۔

وہ اپنی دکان کے پچھلے حصہ میں اُگنے والی سبزیوں اور مکئی کے درمیان بیٹھے ہیں۔ جب ہم ان سے کچھ سنانے کی درخواست کرتے ہیں، تو وہ گانا شروع کر دیتے ہیں۔ زبانی روایت کے یہ گیت ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتے رہے ہیں اور کچھ میں تبتی الفاظ بھی ملتے ہیں، جن کا مطلب سمجھانے میں انہیں بڑی مشقت کرنی پڑتی ہے۔

Monpa wedding song:

Mazange Bomo Rogzang mo
Rizange bomo janzangmu

Lonpo ngala yowe dadar de
Duizang naka nange dadar

Zukso chake ne
Gepa umze chenge dungve

Nungma chisumo dene ne
Tsari langkor nungma
Gola karve grone ne
Thangkar kepoi kro yin

Gola karve bumpa ne
Yeshi Khando me gru yin
Sun danga sugi jamo yin
Diring lonpo ngalang jamo yin

مونپا شادی گیت

خوبصورت ماں کی خوبصورت بیٹی
لڑکی کی آنکھیں ہیں سونے جیسی

لڑکی نے پہنی خوب پوشاک
لوگوں کی نظروں میں ہے دھاک

لڑکی نے پہنا ہے دَدَر*
لگتی ہے خوبصورت اس قدر

ددر ہے دھات سے بنا
پہنا ہے لوہے کے دیوتا نے گہنا

ددر کا بانس کہاں سے آیا
لہاسا، تبت سے ہے آیا

ددر پر لگا ہوا پتھر
دوت ییشی کھنڈروما سے آ کر

لگا ہے پر تیر کے سر
تُھنگ تُھنگ کرمو** کا ہے فر

* دَدَر تقریبات میں استعمال ہونے والا تیر ہے، جو زندگی بسر کرنے کی طاقت، لمبی عمر، خوش قسمتی اور خوشحالی کی علامت ہے۔ اس میں بندھے مختلف رنگ کے ربن پانچ عناصر کی ترجمانی کرتے ہیں۔ تقریبات اور بودھ مندروں میں ددر کو گھڑی کی سوئی کی سمت میں گھمایا جاتا ہے۔

** تُھنگ تُھنگ کرمو یا کالی گردن والا سارس، ہمالیہ میں پایا جانے والا پرندہ ہے جو کافی اونچائی پر لمبی اڑان بھرنے کے لیے مشہور ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Sinchita Parbat

सिंचिता माजी पारीची व्हिडिओ समन्वयक आहे, ती एक मुक्त छायाचित्रकार आणि बोधपटनिर्माती आहे. सुमन पर्बत कोलकात्याचा ऑनशोअर पाइपलाइन अभियंता आहे, सध्या तो मुंबईत आहे. त्याने दुर्गापूर, पश्चिम बंगालच्या राष्ट्रीय प्रौद्योगिकी संस्थेतून बी टेक पदवी प्राप्त केली आहे. तोदेखील मुक्त छायाचित्रकार आहे.

यांचे इतर लिखाण Sinchita Parbat
Editor : Priti David

प्रीती डेव्हिड पारीची वार्ताहर व शिक्षण विभागाची संपादक आहे. ग्रामीण भागांचे प्रश्न शाळा आणि महाविद्यालयांच्या वर्गांमध्ये आणि अभ्यासक्रमांमध्ये यावेत यासाठी ती काम करते.

यांचे इतर लिखाण Priti David
Translator : Qamar Siddique

क़मर सिद्दीक़ी, पारीचे ऊर्दू अनुवादक आहेत. ते दिल्ली स्थित पत्रकार आहेत.

यांचे इतर लिखाण Qamar Siddique