01-Chilli pix 6-PST-Children of the Chilli Fields.jpg

مرچ کے بڑے بڑے ڈھیر آندھرا پردیش اور تلنگانہ کی سڑک پر جمع کرکے رکھے ہوئے ہیں


آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے کھیتوں پر مرچوں کی کاشت کاری چھتیس گڑھ اور اڈیشہ جیسی پڑوسی ریاستوں کے بہت سے نوجوان مزدوروں کو یہاں کھینچ کر لاتی ہے۔ وہ یہاں پر مزدوری کے لیے نہیں آتے ہیں، بلکہ گھر کے لیے سال بھر کی مرچ لینے کے لیے آتے ہیں۔ اس گرم مسالہ کو جمع کرنے کی خواہش اتنی شدید ہوتی ہے کہ بعض لڑکے اور لڑکیاں تو مرچ کی اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کھیتی کا مزدور بننے کے لیے شاید اپنا اسکول بھی چھوڑ دیتے ہیں۔ ان کے لیے سال کا یہی وہ موقع ہوتا ہے، جب وہ روزانہ کے کھانے میں استعمال ہونے والی اس شے کو جمع کرکے گھر لا سکیں۔

یہ بچے اپنی اپنی فیملی کے اُن بالغوں کی بہ نسبت نہایت کم مقدار میں مرچ کھاتے ہیں، جن کے لیے یہ روزانہ کے کھانے کی شے ہے۔ لیکن وہ یہاں پر سال بھر کی سپلائی کو جمع کرنے میں سب سے آگے ہوتے ہیں، کیوں کہ یہاں کے کم از کم آدھے مزدور بچے ہی ہوتے ہیں۔ وہ اگلی فصل تک کے لیے قیمتی مرچوں کو ’’کمانے‘‘ کا انتظام کر لیتے ہیں۔ روزانہ کی ۱۲۰ روپے کی مزدوری کے بجائے، وہ اتنی ہی قیمت کی مرچ لینا پسند کرتے ہیں، جس سے کچھ کنبوں کے پاس، ان کے کام کرنے کے مطابق، آدھا یا ایک کوئنٹل تک مرچ جمع ہو جاتی ہے۔ مرچ کی قیمت تقریباً ۱۰۰ روپے فی کلو ہے، اس کے حساب سے ایک کوئنٹل کے ۱۰ ہزار روپے ہو گئے۔

یہ ایک اچھی آمدنی ہے، اور ان کنبوں کے لیے زیادہ اقتصادی بھی ہے۔ ایک فیملی سال بھر میں ۱۲ سے ۲۰ کلو تک مرچ کھا سکتی ہے۔ اس کے بعد جو کچھ بچ جاتا ہے، وہ اسے بازار میں بیچ کر اضافی آمدنی حاصل کر لیتے ہیں۔ اور یہ اس بات کو بھی یقینی بناتا ہے کہ ان کے گھر پر کھیت کی بہترین اور سب سے تازہ چنی ہوئی مرچ سال بھر موجود ہے۔

’’ہمارے گاؤں کے کل ۲۰ لوگ ہیں اور ہم یہاں پر تین ہفتوں تک رکیں گے،‘‘ اوما شنکر پوڈیامی بتاتے ہیں، جو اڈیشہ کے ملکان گیری ضلع کے گٹوموڈا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ’’اس گروپ کا ہر آدمی پیسے کے بجائے مرچوں کے لیے کام کرنا چاہتا ہے۔‘‘


02-DSC_0024-PST-Children of the Chilli Fields.jpg

اوما شنکر اپنی فیملی کے لیے مرچ کمانے ملکان گیری ضلع سے آئے ہیں


تیز چمکتے ہوئے اس سرخ مسالہ کا اونچا اونچا ڈھیر تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے ہری مرچ کے کھیتوں کے ساتھ بنی ہوئی سڑکوں پر جمع رہتا ہے۔ فروری سے اپریل تک مرچوں کی بہتات ہوتی ہے۔ پڑوس کے اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے زیادہ تر آدیواسی مزدور یہاں آکر ان مرچوں کو توڑتے ہیں، صاف کرتے اور سکھاتے ہیں اور پھر ان مرچوں کو بوروں میں بھرتے ہیں، تاکہ رٹیل یا ایکسپورٹ کے لیے انھیں بازار تک پہنچایا جا سکے۔

جوشیلے بچے، یہاں کے تقریباً آدھے مزدور وہی ہیں، مرچوں کے ان ڈھیروں کے چاروں طرف دوڑتے رہتے ہیں، اور انھیں صاف ستھرا کرکے جوٹ کے بوروں میں بھرتے ہیں۔ جوش کے باوجود، یہ غریبی ہی ہے جو اِن بچوں کو ان کھیتوں تک لاتی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر کی فیملیز خطِ افلاس سے زندگی گزار رہی ہیں۔ خود ان کے علاقے میں روزگار کی کمی ان بچوں کو سرحد پار کرکے ہندوستان کی سب سے زیادہ مرچ پیدا کرنے والی ان ریاستوں تک جانے کے لیے مجبور کرتی ہے۔


03-DSC_0064-PST-Children of the Chilli Fields.jpg

چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے آدیواسی مرچ جمع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں


اس کے علاوہ، مرچ ان کے تمام کھانوں میں ہر وقت شامل ہونے والی شے ہے، یہاں تک کہ ناشتہ میں بھی۔ اس میں وہ تغذیاتی عناصر ہیں، جو انھیں دیگر غذائی اشیاء کی کمی کو پورا کر دیتے ہیں۔ یہ کھانے کی دیگر قسموں میں بھی مسالہ کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں۔ مرچ کا استعمال ان کی رسموں میں بھی ہوتا ہے، اسی لیے اس کی ڈیمانڈ کچھ زیادہ ہی ہے۔

چودہ سالہ ویٹی مویے، ان بچوں میں سے ایک ہے، جو آندھرا پردیش کے مرچ کے کھیتوں پر کام کرنے کے لیے چھتیس گڑھ کی سرحد کو پار کرکے آیا ہے۔ سُکما ضلع کے بڈیسٹی گاؤں کے رہنے والے مویے کے والد کی موت ملیریا کی وجہ سے دو سال قبل ہو گئی تھی، جس کے بعد اسے اپنا اسکول چھوڑنا پڑا، تاکہ وہ اپنی فیملی کے کھیت کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر کام کرکے گزر بسر کر سکے۔ بعض دفعہ، وہ مکانوں کی تعمیر کی جگہ پر بھی مزدوری کرتا ہے۔ اپنے کھیت پر بُوائی کرنے کے بعد، وہ مرچ جمع کرنے یہاں آیا تھا۔

مویے اپنے گاؤں کے ۳۵ دیگر مزدوروں کے ساتھ یہاں آیا تھا۔ ان سب نے کہا کہ وہ اپنے گھر پیسہ لے جانے کے بجائے مرچ لے جانا پسند کرتے ہیں۔ ’’مرچ توڑنے کے لیے ایک دن کی مزدوری ۱۲۰ روپے ملتی ہے،‘‘ مویے نے بتایا۔ ’’اگر مرچ کی شکل میں مزدوری ملے، تو ہمیں ۱۲ مرچ توڑنے کے بدلے ایک مرچ ملتی ہے۔ ہم مزدوری کے طور پر اسی کو ترجیح دیتے ہیں۔‘‘

موسم کے خاتمہ پر، سرحد پار سے آنے والے یہ چھوٹے مزدور اپنا گھر چلانے کے لیے مرچ لے کر جاتے ہیں اور اپنی زندگیوں میں مرچ سے تھوڑا مسالہ بھرتے ہیں۔ جب مرچ کو گھر لانے کا وقت آتا ہے، تو اسکول جانا اور دیگر سرگرمیاں پیچھے چھوٹ جاتی ہیں۔


04-DSC_0108-PST-Children of the Chilli Fields.jpg

مرچوں سے بھری بوریاں گھر لے جائی جا رہی ہیں، تاکہ سال بھر کام آ سکیں


Purusottam Thakur
purusottam25@gmail.com

पुरुषोत्तम ठाकुर, साल 2015 के पारी फ़ेलो रह चुके हैं. वह एक पत्रकार व डॉक्यूमेंट्री फ़िल्ममेकर हैं और फ़िलहाल अज़ीम प्रेमजी फ़ाउंडेशन के लिए काम करते हैं और सामाजिक बदलावों से जुड़ी स्टोरी लिखते हैं.

की अन्य स्टोरी पुरुषोत्तम ठाकुर
Translator : Qamar Siddique

क़मर सिद्दीक़ी, पीपुल्स आर्काइव ऑफ़ रुरल इंडिया के ट्रांसलेशन्स एडिटर, उर्दू, हैं। वह दिल्ली स्थित एक पत्रकार हैं।

की अन्य स्टोरी Qamar Siddique