کے این مہیشا ایک تربیت یافتہ نیچری ہیں، جنہوں نے پہلے کامرس کا مطالعہ کیا تھا۔ وہ اور ان کے والد کُناگ ہلّی گاؤں میں کھیتی کرتے ہیں۔ اس مضمون کے لیے انھوں نے جب یہ تصویریں لیں، تب وہ باندی پور نیشنل پارک میں تیزی سے پھیلنے والے خس و خاشاک کو ہٹانے کے لیے ایک مقامی این جی او کے ساتھ کام کر رہے تھے۔
ان کا تصویری مضمون جنگلی جانوروں کے ساتھ زندگی بسر کرنے کے بارے میں ایک بڑے شراکتی فوٹوگرافی پروجیکٹ کا حصہ اور ’پاری‘ پر شائع چھ تصویری مضامین کے سلسلہ کا چوتھا مضمون ہے۔ ’’جب مجھے کیمرہ دیا گیا تھا، تو پہلے میں یہ نہیں جانتا تھا کہ مجھے کیا کلک کرنا ہے اور میں تصویریں کھینچنے میں بہت شرماتا تھا،‘‘ ۲۷ سالہ مہیشا کہتے ہیں۔ ’’پھر میں نے ہر اُس چیز کو کلک کرنا شروع کر دیا جو مجھے نئی اور دلچسپ لگی۔ مجھے یہ پروجیکٹ بہت پسند آیا؛ اس کے توسط سے، گاؤوں میں جو کچھ ہو رہا ہے ہم اسے دیکھ پا رہے ہیں۔‘‘














