سال ۲۰۲۳ پاری کے فلم ڈویژن کے لیے سب سے اچھا سال رہا۔ اس سال دیہی ہندوستان پر مبنی بہت سے ویڈیو، ڈاکیومنٹری، چھوٹی کلپ اور فیچر فلمیں تیار کی گئیں۔
آن لائن جریدہ کے طور پر ہم اُن فلموں کی تشہیر کرتے ہیں جو ہمارے آس پاس کی خبروں اور واقعات پر گہری نظر رکھتی ہوں۔ بہار کے مدرسہ عزیزیہ پر ہماری فلم نے بہار شریف شہر میں ۱۱۳ سال پرانی لائبریری کو فرقہ وارانہ فساد کے دوران نذر آتش کیے جانے کے اسباب کی پڑتال کی۔ قابل تجدید توانائی پر بنی ہماری فلم نے جیسلمیر ضلع کے مقدس اورنوں کی زمین کو ’بنجر زمین‘ کی شکل میں دکھا کر اسے شمسی اور ہوائی توانائی کے پلانٹوں کو سونپنے کا معاملہ اٹھایا۔
ہمارے سال کی شروعات آسام میں دریائے برہم پتر کے جزائر سے ایک آدیواسی چرواہے کے پیار بھرے میٹھے گیت کے ساتھ ہوئی۔ سال بھر ہم ملک کے مختلف حصوں جیسے مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، کرناٹک، راجستھان اور دیگر جگہوں سے گیتوں اور رقص کے ویڈیو شائع کرتے رہے۔
سال کا اختتام ہم پاری کے گرائنڈ مل سانگس پروجیکٹ پر بنی ایک فلم سے کر رہے ہیں، جو کئی دہائیوں سے جاری اس غیر معمولی سفر کو دستاویزی شکل عطا کرتا ہے۔
اس سال ہم نے ایک اہم فلم مول (قیمت) شائع کی، جو پونے میں کچرا اٹھانے والی خواتین کی مشکلوں کو اجاگر کرتی ہے۔ یہ عورتیں سوال پوچھتی ہیں، ’’اگر کچرا آپ پیدا کر رہے ہیں، تو ہم ’کچرے والی‘ کیسے ہو گئے؟‘‘ اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ہم نے الفانسو آم پر فلم تیار کی، جسے پیدا کرنے والے کسان موسم کی بے رخی سے پریشان تھے۔
پورے سال ہم نے اپنے آرکائیو میں الگ الگ برادریوں پر بنی فلمیں شامل کیں۔ مڈیگا برادری کے لوگوں کے ذریعہ میڈا پورم میں اُگادی تہوار پر بنی اس فلم نے اس نئی دلت روایت کو زندہ کر دیا۔ مالابار خطہ میں کئی ذاتوں و برادریوں کے فن تول پاوکوت کی جدوجہد پر بنی یہ لمبی فلم کٹھ پتلی کے ہنر کے ذریعہ کثیر ثقافتی کہانیاں پیش کرتی ہے۔ پڑوسی ریاست کرناٹک کے ایک ناد سورم بجانے والے کی زندگی کو اس فلم نے خوبصورتی سے پیش کیا، جو تلوناڈو میں بھوت پوجا کا ایک اہم حصہ ہیں۔ دھات کی شکلیں بنانے کی تقریباً غائب ہو چکی موم کاسٹنگ کی تکنیک ڈوکرا کو مغربی بنگال کی اس فلم میں دکھایا گیا ہے۔
ہماری گزارش ہے کہ ان فلموں کو ضرور دیکھیں!











