بھوری کلّو، جنوب مشرقی اترپردیش کے چترکوٹ ضلع کے بھرکُرّا گاؤں میں اکیلی رہتی ہیں۔ ان کا گھر، آنگن اور چولہا، سبھی خالص مٹی کے بنے ہوئے ہیں۔ یہاں صرف ایک استثنیٰ ہے، ایک تین دیواری اینٹ کا ڈھانچہ جس کے اوپر کوئی چھت نہیں ہے، جس کے بارے میں مجھے بعد میں پتہ چلا کہ یہ ایک نامکمل ٹوائلیٹ ہے۔

وہ مٹی کے ایک چولہے کو کھولتی ہیں – بنیادی طور پر یہ ایک گڑھا ہے جس میں کئی سوراخ ہیں۔ یہی ان کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ ہے، جسے پورے احتیاط کے ساتھ بورے سے کاٹ کر تیار کی گئی پلاسٹک کی کئی تہوں سے ڈھانپا گیا ہے۔ ’’میں یہاں پر مٹر اور گیہوں بھونتی ہوں، لیکن وہ بھی زیادہ تر شادیوں کے موسم میں۔

باقی دنوں میں، مجھے حکومت کی طرف سے پنشن کے طور پر سالانہ ۱۸۰۰ روپے ملتے ہیں۔ مجھے اسی سے کام چلانا پڑتا ہے۔‘‘

شادیوں کے موسم میں، بھوری اس چولہے کا استعمال گیہوں اور مٹر بھوننے کے لیے کرتی ہیں۔ ان کی آمدنی کا واحد دوسرا ذریعہ حکومت کی طرف سے انھیں ماہانہ ملنے والی ۱۵۰ روپے کی پنشن ہے

میں نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کے پاس کھیتی کرنے یا بٹائی پر دینے کے لیے کوئی زمین ہے۔ وہ اپنا سر ہلاتی ہیں، ’’میرے پاس دو بیگھہ کھیت تھے، لیکن یہ بہت پہلے کی بات ہے۔ اپنے بچے کی دوا خریدنے کے لیے میں نے اسے بیچ دیا۔‘‘ اب ان کا بالغ بیٹا سونی پت، ہریانہ میں کام کرتا ہے۔ ان کے شوہر کی موت تقریباً دس سال پہلے ہو گئی تھی۔

PHOTO • Radha Sarkar
PHOTO • Radha Sarkar

بھوری اس نامکمل ڈھانچہ کا استعمال لکڑیاں جمع کرکے رکھنے کے لیے کرتی ہیں، اور کہتی ہیں، ’کم از کم یہ کسی کام کا تو ہے‘

یہ تین دیواروں والا اینٹ کا ڈھانچہ کیا ہے؟ ’’اسے حکومت نے چند سال قبل بنوایا تھا۔ یہ کسی پروگرام کے تحت بنایا گیا تھا۔‘‘ وہ شاید نرمل بھارت ابھیان کی بات کر رہی ہیں، جو دیہی ہندوستان میں بیت الخلا یا ٹوائلیٹ بنانے کی مرکزی حکومت کی ایک اسکیم ہے۔ ’’انھوں نے اسے بنانا شروع کیا، لیکن کبھی مکمل نہیں کیا۔‘‘ کیا مکمل نہیں کیا؟ ’’انھوں نے صرف دیواریوں بنائیں۔ نیچے کچھ بھی نہیں ہے۔ کوئی گڑھا نہیں ہے، انھوں نے کھودا ہی نہیں۔‘‘ اس کا مطلب ہے کہ انسانی فضلے جمع ہونے کی کوئی جگہ ہی نہیں ہے۔ میں نے محسوس کیا کہ بھوری کے پاس ٹوائلیٹ کا صرف تین چوتھائی حصہ ہے اور اس کے بنیادی اجزاء غائب ہیں۔ ’’اب میں وہاں پر لکڑیاں جمع کرکے رکھتی ہوں۔ کم از کم یہ کسی کام کا تو ہے۔‘‘

آپ بیت الخلا کے لیے کہاں جاتی ہیں، میں نے پوچھا۔ وہ اشارہ کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ گاؤں سے دور۔ ’’باہر، کھیتوں میں۔‘‘ کیا یہ آپ جیسی بوڑھی عورت کے لیے مشکل نہیں ہے؟ ’’ہاں، بالکل ہے۔ بڑی پریشانی ہوتی ہے اور مجھے چوٹ بھی لگ جاتی ہے، خاص کر اندھیرے میں۔ تب میری مدد کون کرے گا؟‘‘

بھوری اپنے گھر کے ایک کونے کی طرف اشارہ کرتی ہیں، جہاں لوہے کے فریم کا ایک سنگل کھاٹ ہے، یہی ان کا بیڈ روم ہے۔ ’’برسات کے موسم میں، میرا گھر اکثر پانی سے بھر جاتا ہے۔ بارش کا پانی اور گندا پانی، جو گاؤں کے کھلے نالوں سے بہتا ہے، وہ میرے گھر کے اندر جمع ہو جاتا ہے۔‘‘ جب میں نے ان سے پوچھا کہ بارش کے اس موسم میں وہ کہاں سوتی ہیں، تو وہ مسکراتے ہوئے کہتی ہیں، ’’اور کہاں؟ یہیں پر، جہاں میرے چاروں طرف پانی لگا ہوتا ہے۔‘‘

مترجم: محمد قمر تبریز

Radha Sarkar

Radha Sarkar is pursuing an MSc in Comparative Politics at the London School of Economics. She is interested in issues of social justice, dispossession and poverty in India.

Other stories by Radha Sarkar
Translator : Qamar Siddique

ಕಮರ್ ಸಿದ್ದಿಕಿ ಅವರು ಪೀಪಲ್ಸ್ ಆರ್ಕೈವ್ ಆಫ್ ರೂರಲ್ ಇಂಡಿಯಾದ ಉರ್ದು ಅನುವಾದ ಸಂಪಾದಕರು. ಮತ್ತು ದೆಹಲಿ ಮೂಲದ ಪತ್ರಕರ್ತರು.

Other stories by Qamar Siddique