’’جب بھی بھٹی جلتی ہے، میں خود کو زخمی کر لیتی ہوں۔‘‘

سلمیٰ لوہار کی انگلیوں کے جوڑوں پر زخموں کے نشانات ہیں اور ان کے بائیں ہاتھ کی دو انگلیاں پھٹی ہوئی ہیں۔ وہ بھٹی سے مٹھی بھر راکھ اٹھاتی ہیں اور جلد شفا یابی کے لیے اسے زخموں پر رگڑتی ہیں۔

اس ۴۱ سالہ لوہار کا کنبہ ان چھ لوہار کنبوں میں سے ایک ہے جو سونی پت کے بہل گڑھ بازار میں موجود جھگیوں کے سلسلے کو اپنا گھر کہتے ہیں۔ ایک طرف بازار کی مصروف سڑک ہے اور دوسری طرف بلدیہ کے کچرے کا ڈھیر ہے۔ قریب ہی ایک سرکاری بیت الخلاء اور پانی کا ٹینکر ہے۔ سلمیٰ اور ان کے اہل خانہ انہیں سہولیات پر مکمل طور پر انحصار کرتے ہیں۔

جھگیوں میں بجلی کی فراہمی نہیں ہے اور اگر ۴ سے ۶  گھنٹے تک بارش ہو جائے، تو پوری آبادی زیر آب آجاتی ہے، جیسا کہ گزشتہ اکتوبر (۲۰۲۳) میں ہوا تھا۔ ایسی صورت میں پانی اترنے کے انتظار میں انہیں اپنی چارپائیوں پر ٹانگیں اوپر کر کے بیٹھنا پڑتا ہے۔ یہاں سے پانی اترنے میں دو سے تین دن لگتے ہیں۔ سلمیٰ کے بیٹے دلشاد یاد کرتے ہیں، ’’اُن دنوں میں بہت بدبو آتی ہے۔‘‘

’’لیکن ہم اور کہاں جائیں گے؟‘‘ سلمیٰ پوچھتی ہیں۔ ’’مجھے معلوم ہے کہ یہاں کوڑے دان کے قریب رہائش کی وجہ سے ہم بیمار پڑتے ہیں۔ وہاں بیٹھی مکھیاں آکر ہمارے کھانے پر بھی بیٹھ جاتی ہیں۔ لیکن ہم اور کہاں جائیں گے؟‘‘

گاڑیا، گڈیا یا گاڈولیہ لوہاروں کو راجستھان میں خانہ بدوش قبیلہ (این ٹی) کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقہ کے طور پر درج کیا گیا ہے۔ اس برادری سے تعلق رکھنے والے لوگ دہلی اور ہریانہ میں بھی رہتے ہیں، لیکن دہلی میں جہاں وہ خانہ بدوش قبیلے کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، وہیں ہریانہ میں انہیں پسماندہ طبقہ کا درجہ ملا ہوا ہے۔

جس بازار میں وہ رہتے ہیں، وہ ریاستی شاہراہ ۱۱ کے قریب واقع ہے اور یہ بازار تازہ پیداوار، مٹھائیاں، باورچی خانہ کے مصالحہ جات، برقی آلات بیچنے والوں کے ساتھ ساتھ بہت سے دیگر ریڑھی والوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ بہت سے لوگ وہاں اپنے اسٹال لگاتے ہیں اور بازار بند ہونے کے بعد گھر چلے جاتے ہیں۔

Left: The Lohars call this juggi in Bahalgarh market, Sonipat, their home.
PHOTO • Sthitee Mohanty
Right: Salma Lohar with her nine-year-old niece, Chidiya
PHOTO • Sthitee Mohanty

بائیں: سونی پت کے بہل گڑھ بازار کی اس جھگی کو لوہار اپنا گھر کہتے ہیں۔ دائیں: سلمیٰ لوہار اپنی نو سالہ بھانجی چڑیا کے ساتھ

They sell ironware like kitchen utensils and agricultural implements including sieves, hammers, hoes, axe heads, chisels, kadhais , cleavers and much more. Their home (and workplace) is right by the road in the market
PHOTO • Sthitee Mohanty
They sell ironware like kitchen utensils and agricultural implements including sieves, hammers, hoes, axe heads, chisels, kadhais , cleavers and much more. Their home (and workplace) is right by the road in the market
PHOTO • Sthitee Mohanty

وہ لوہے کے سامان جیسے باورچی خانے کے برتن اور زرعی آلات بشمول چھلنی، ہتھوڑے، کدال، کلہاڑی، چھینی، کڑھائی، چھرا اور دوسری بہت سی چیزیں بیچتے ہیں۔ ان کا گھر (اور کام کی جگہ) بازار میں سڑک کے بالکل کنارے ہے

لیکن سلمیٰ جیسوں کے لیے بازار گھر بھی ہے اور کام کرنے کی جگہ بھی۔

’’میرا دن جلد شروع ہوتا ہے، صبح ۶ بجے کے قریب۔ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو مجھے بھٹی سلگانی پڑتی ہے، اپنے گھر والوں کے لیے کھانا پکانا پڑتا ہے، اور پھر کام پر جانا پڑتا ہے،‘‘ ۴۱ سالہ خاتون بتاتی ہیں۔ اپنے شوہر وجے کے ساتھ وہ دن میں دو بار بھٹی پر لمبے وقت تک کام کرتی ہیں اور لوہے کے ٹکڑوں کو بھٹی میں گرم کر کے اوزاروں کی شکل دینے کے لیے ہتھوڑے چلاتی ہیں۔ ایک دن میں وہ چار یا پانچ چیزیں بنا لیتے ہیں۔

سلمیٰ کو دو پہر میں کام سے وقفہ لینے کا موقع ملتا ہے، جب وہ اپنے دو بچوں (اکلوتی بیٹی ۱۶ سالہ  تنو اور سب سے چھوٹے بیٹے ۱۴ سالہ دلشاد) کے ساتھ چارپائی پر بیٹھ کر ایک کپ گرم چائے پیتی ہیں۔ اس دوران ان کی بھانجیاں شیوانی، کاجل اور چڑیا بھی ان کے آس پاس ہی ہوتی ہیں۔ ان میں سے صرف نو سالہ چڑیا ہی اسکول جاتی ہے۔

’’کیا آپ اسے واٹس ایپ پر ڈالیں گی؟‘‘ سلمیٰ پوچھتی ہیں۔ ’’پہلے میرے کام کا نام لکھ کر!‘‘

ان کے اوزار اور تیار شدہ سامان – چھلنی، ہتھوڑے، کدال، کلہاڑی، چھینی، کڑھائی، چھرے اور بہت سی دوسری مصنوعات - دوپہر کی دھوپ میں چمک رہے ہیں۔

’’ہمارے اوزار اس جھگی میں سب سے قیمتی چیزیں ہیں،‘‘ وہ ایک بڑے دھاتی برتن کے سامنے بیٹھتے ہوئے کہتی ہیں۔ وقفہ کے بعد چائے کے کپ کی جگہ ہاتھ میں ہتھوڑا اور چھینی آجاتے ہیں۔ وہ بڑی آسانی سے ہر دو ضربوں کے بعد چھینی کا زاویہ تبدیل کرتے ہوئے برتن کے نچلے حصے میں سوراخ کرتی ہیں۔ یہ ہنر مشق سے آتا ہے۔ ’’یہ چھلنی بارورچی خانے کے لیے نہیں ہے۔ کسان اسے اناج چھانٹنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔‘‘

Left: Salma’s day begins around sunrise when she cooks for her family and lights the furnace for work. She enjoys a break in the afternoon with a cup of tea.
PHOTO • Sthitee Mohanty
Right: Wearing a traditional kadhai ( thick bangle), Salma's son Dilshad shows the hammers and hoes made by the family
PHOTO • Sthitee Mohanty

بائیں: سلمیٰ کا دن طلوع آفتاب کے آس پاس شروع ہوتا ہے جب وہ اپنے کنبے کے لیے کھانا پکاتی ہیں اور کام شروع کرنے کے لیے بھٹی روشن کرتی ہیں۔ وہ دوپہر میں چائے کے ایک کپ کے ساتھ وقفہ لیتی ہیں۔ دائیں: روایتی کڑا (موٹی چوڑی) پہنے ہوئے، سلمیٰ کا بیٹا دلشاد فیملی کے بنائے ہوئے ہتھوڑے اور کدال دکھا رہا ہے

Salma uses a hammer and chisel to make a sieve which will be used by farmers to sort grain. With practiced ease, she changes the angle every two strikes
PHOTO • Sthitee Mohanty
Salma uses a hammer and chisel to make a sieve which will be used by farmers to sort grain. With practiced ease, she changes the angle every two strikes
PHOTO • Sthitee Mohanty

سلمیٰ ہتھوڑے اور چھینی کی مدد سے ایک چھلنی بنا رہی ہیں، جسے کسان اناج چھانٹنے کے لیے استعمال کریں گے۔ وہ آسانی سے ہر دو ضربوں کے بعد زاویہ تبدیل کرتی ہیں، اس ہنر کو انہوں نے مشق سے حاصل کیا ہے

اندر وجے بھٹی کے سامنے بیٹھے ہیں، جسے وہ صبح اور شام دن میں دو بار روشن کرتے ہیں۔ وہ جس لوہے کی سلاخ کو شکل دے رہے ہیں وہ سرخ ہو رہا ہے، لیکن ایسا لگتا ہے کہ وہ گرمی سے پریشان نہیں ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ بھٹی کو تیار کرنے میں کتنا وقت لگتا ہے، تو وہ ہنستے ہوئے کہتے ہیں، ’’ہمیں اس وقت معلوم ہوتا ہے جب اندر کا حصہ چمکنے لگتا ہے۔ اگر ہوا نم ہو تو زیادہ وقت لگتا ہے۔ جو کوئلہ ہم استعمال کرتے ہیں اس پر منحصر ہوتا ہے۔ اسے سلگنے میں عام طور پر ایک یا دو گھنٹے لگتے ہیں۔‘‘

کوئلے کی قیمت معیار کی بنیاد پر ۱۵ سے ۷۰ روپے فی کلو ہوتی ہے۔ بڑی مقدار میں کوئلہ خریدنے کے لیے سلمیٰ اور وجے اترپردیش میں اینٹوں کے بھٹوں پر جاتے ہیں۔

وجے لوہے کی سلاخ کی چمکتی ہوئی نوک پر ہتھوڑے کا ضرب لگانا شروع کر دیتے ہیں۔ چھوٹی بھٹی اتنی کمزور ہے کہ لوہے کو ضروری حد تک گرم نہیں کر سکتی اس لیے انہیں طاقت کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔

لوہار ۱۶ویں صدی کے راجستھان میں ہتھیار بنانے والی برادری سے اپنے حسب نسب کا دعویٰ کرتے ہیں، جو چتور گڑھ پر مغلوں کے قبضے کے بعد شمالی ہندوستان کے مختلف حصوں میں پھیل گئے تھے۔ ’’وہ ہمارے آباء و اجداد تھے۔ اب ہم بہت ہی مختلف زندگی گزار رہے ہیں،‘‘ وجے مسکراتے ہوئے کہتے ہیں۔ ’’لیکن ہم اب بھی اس ہنر کو جاری رکھے ہوئے ہیں، جو انہوں نے ہمیں سکھائے تھے۔ اور ہم ان کی طرح یہ کڑے [موٹی چوڑیاں] پہنتے ہیں۔

اب وہ اپنے بچوں کو یہ ہنر سکھا رہے ہیں۔ ’’دلشاد اس کام میں سب سے اچھا ہے،‘‘ وہ کہتے ہیں۔ سلمیٰ اور وجے کے سب سے چھوٹے بیٹے دلشاد اوزاروں کی نشاندہی کرتے ہیں: ’’یہ ہتھوڑے ہیں۔ بڑے کو گھن کہتے ہیں۔ باپو [والد] گرم دھات کو چمٹے کے ساتھ پکڑتے ہیں اور اسے منحنی شکل دینے کے لیے قینچی کا استعمال کرتے ہیں۔‘‘

چڑیا ہاتھ سے چلنے والے پنکھے کے ہینڈل کو گھمانا شروع کر دیتی ہے جو بھٹی کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرتا ہے۔ جب راکھ چاروں طرف اڑتی ہے تو وہ ہنستی ہے۔

The bhatti’s (furnace) flames are unpredictable but the family has to make do
PHOTO • Sthitee Mohanty
The bhatti’s (furnace) flames are unpredictable but the family has to make do
PHOTO • Sthitee Mohanty

بھٹی کے شعلے غیر متوقع ہیں لیکن فیملی کو اسی سے کام چلانا پڑتا ہے

The sieves, rakes and scythes on display at the family shop. They also make wrenches, hooks, axe heads, tongs and cleavers
PHOTO • Sthitee Mohanty
The sieves, rakes and scythes on display at the family shop. They also make wrenches, hooks, axe heads, tongs and cleavers
PHOTO • Sthitee Mohanty

فیملی کی دکان پر نمائش کے لیے رکھی گئی چھلنی، کھڑنچا (ریک) اور قینچی۔ وہ رنچیں، کانٹے، کلہاڑیاں، چمٹے اور چھرے بھی بناتے ہیں

ایک عورت چاقو خریدنے کے لیے آتی ہے۔ سلمیٰ اسے بتاتی ہیں کہ اس کی قیمت ۱۰۰ روپے ہے۔ عورت جواب دیتی ہے، ’’میں اس کے لیے ۱۰۰ روپے نہیں دینا چاہتی۔ میں پلاسٹک کا چاقو کافی سستے میں خرید سکتی ہوں۔‘‘ مول تول کے بعد ۵۰ روپے میں سودا طے پاتا ہے۔

واپس جاتی عورت کو دیکھ کر سلمیٰ آہ بھرتی ہیں۔ اپنی کفالت کے لیے فیملی وافر مقدار میں لوہا نہیں بیچ سکتی۔ پلاسٹک ایک سخت حریف بن گیا ہے۔ وہ نہ تو تیز رفتار مینوفیکچرنگ کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور نہ ہی قیمتوں کا۔

’’ہم نے اب پلاسٹک بیچنا شروع کر دیا ہے،‘‘ وہ کہتی ہیں۔ ’’میرے بہنوئی نے اپنی جھگی کے سامنے پلاسٹک کی دکان کھول لی ہے اور میرا بھائی دہلی کے قریب ٹیکری بارڈر پر پلاسٹک کا سامان فروخت کرتا ہے۔‘‘ وہ مارکیٹ کے دوسرے دکانداروں سے پلاسٹک خرید کر کہیں اور بیچتے ہیں لیکن ابھی تک یہ کاروبار منافع بخش نہیں ثابت ہوا ہے۔

تنو کہتی ہیں کہ ان کے چچا دہلی میں زیادہ کماتے ہیں۔ ’’شہر کے لوگ اس طرح کی چھوٹی چھوٹی چیزوں پر خرچ کرنے کو تیار ہیں۔ ان کے لیے ۱۰ روپے اتنے زیادہ نہیں ہیں، لیکن کسی گاؤں والے کے لیے یہ بہت بڑی رقم ہے اور وہ اسے ہم پر خرچ نہیں کرنا چاہتے۔ اس لیے میرے سبھی چچا زیادہ امیر ہیں۔‘‘

*****

سلمیٰ کہتی ہیں، ’’میں چاہتی ہوں کہ میرے بچے تعلیم حاصل کریں۔‘‘ میں پہلی بار ان سے ۲۰۲۳ میں ملی تھی۔ اس وقت میں قریبی یونیورسٹی میں انڈر گریجویٹ طالبہ تھی۔ ’’میں چاہتی ہوں کہ یہ اپنی زندگی میں کچھ کریں۔‘‘ انہوں نے اس بات کو اس وقت شدت سے محسوس کیا جب ان کے بڑے بیٹے کو ضروری دستاویزات کی کمی کی وجہ سے سیکنڈری اسکول چھوڑنا پڑا۔ وہ اب ۲۰ سال کے ہیں۔

’’آدھار، راشن کارڈ، ذات کے کاغذات – انہوں جو کچھ طلب کیا اسے لے کر میں سرپنچ سے لے کر ضلع ہیڈ کوارٹر تک ہر جگہ گئی۔ میں نے لاتعداد کاغذات پر اپنے انگوٹھے کے نشان لگائے۔ لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔‘‘

Left: Vijay says that of all his children, Dilshad is the best at the trade.
PHOTO • Sthitee Mohanty
Right: The iron needs to be cut with scissors and flattened to achieve the right shape. When the small furnace is too weak to melt the iron, applying brute force becomes necessary
PHOTO • Sthitee Mohanty

بائیں: وجے کا کہنا ہے کہ ان کے تمام بچوں میں، دلشاد اس کام میں سب سے بہتر ہیں۔ دائیں: صحیح شکل حاصل کرنے کے لیے لوہے کو قینچی سے کاٹ کر چپٹا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ جب چھوٹی بھٹی لوہے کو پگھلانے کے لیے ناکافی ہوتی ہے، تو طاقت کا استعمال ضروری ہو جاتا ہے

دلشاد نے بھی گزشتہ سال چھٹی جماعت کے بعد پڑھائی چھوڑ دی تھی۔ وہ کہتے ہیں، ’’سرکاری اسکول میں ایسا کچھ نہیں پڑھایا جاتا جسے سیکھا جائے۔ لیکن میری بہن تنو بہت کچھ جانتی ہے۔ وہ پڑھی لکھی ہے۔‘‘ تنو نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے، لیکن انہوں نے آگے پڑھنا نہیں چاہا۔ آس پاس کے اسکول میں دسویں جماعت کی پڑھائی نہیں ہوتی تھی اور انہیں تین کلومیٹر سے زیادہ دور کھیوڑا میں اسکول جانے کے لیے تقریباً ایک گھنٹہ پیدل چلنا پڑتا تھا۔

’’لوگ مجھے گھورتے ہیں،‘‘ تنو کہتی ہیں۔ ’’وہ بہت گندی باتیں کہتے ہیں۔ میں انہیں دہرانا نہیں چاہتی۔‘‘ لہٰذا اب تنو گھر میں رہتی ہیں اور کام میں اپنے والدین کے مدد کرتی ہیں۔

اس کنبے کو عوامی ٹینکرز کے قریب کھلے میں غسل کرنا پڑتا ہے۔ تنو آہستہ سے کہتی ہیں، ’’جب ہم کھلے میں نہاتے ہیں تو کوئی بھی ہمیں دیکھ سکتا ہے۔‘‘ عوامی بیت الخلاء کا ایک بار استعمال کرنے پر ۱۰ روپے دینے پڑتے ہیں، جس کا بوجھ پوری فیملی پر پڑتا ہے۔ ان کی کمائی اتنی نہیں ہے کہ بیت الخلاء کے ساتھ ایک مناسب گھر کرایے پر لے سکیں، اور اسی لیے انہیں فٹ پاتھ پر رہنا پڑتا ہے۔

کنبے میں سے کسی کو بھی کووڈ-۱۹ کا ٹیکہ نہیں لگا ہے۔ بیمار پڑنے پر وہ بَڈھ خالصہ پرائمری ہیلتھ سنٹر (پی ایچ سی) یا سیولی کے سنٹر میں جاتے ہیں۔ پرائیویٹ کلینک کا نمبر آخرمیں آتا ہے، کیونکہ وہ مہنگے ہوتے ہیں۔

سلمیٰ اپنے پیسے خرچ کرنے کے معاملے میں محتاط رہتی ہیں۔ ’’جب پیسے کم ہوجاتے ہیں، تو ہم ردی والوں کے پاس جاتے ہیں،‘‘ وہ بتاتی ہیں۔ ’’وہاں ہمیں تقریباً ۲۰۰ روپے میں کپڑے مل جاتے ہیں۔‘‘

بعض اوقات یہ کنبہ سونی پت کے دوسرے بازاروں میں بھی جاتا ہے۔ تنو کہتی ہیں، ’’ہم رام لیلا میں جاتے ہیں جو قریب ہی نوراتری کے موقع پر منعقد ہوتا ہے۔ اگر پیسہ ہوتا ہے تو ہم اسٹریٹ فوڈ کا بھی لطف اٹھاتے ہیں۔‘‘

سلمیٰ کہتی ہیں، ’’اگرچہ میرا نام مسلمانوں جیسا ہے، لیکن میں ہندو ہوں۔  ہم ہنومان، شیو، گنیش سب کی پوجا کرتے ہیں۔‘‘

’’اور اپنے کام کے ذریعے ہم اپنے آباء و اجداد کی عبادت کرتے ہیں!‘‘ دلشاد جلدی سے اپنی بات جوڑتے ہیں اور ان کی ماں ہنسنے لگتی ہیں۔

*****

Left: The family has started selling plastic items as ironware sales are declining with each passing day.
PHOTO • Sthitee Mohanty
Right: They share their space with a calf given to them by someone from a nearby village
PHOTO • Sthitee Mohanty

بائیں: اس کنبے نے پلاسٹک کی اشیاء فروخت کرنا شروع کر دیا ہے، کیونکہ لوہے کی اشیاء کی فروخت ہر گزرتے دن کے ساتھ کم ہو رہی ہے۔ دائیں: یہاں ان کے ساتھ ایک بچھڑا بھی رہتا ہے، جسے قریبی گاؤں کے کسی شخص نے دیا تھا

جب بازار میں کاروبار سست پڑ جاتا ہے، تو سلمیٰ اور وجے قریبی گاؤوں میں اپنی مصنوعات بیچنے جاتے ہیں۔ ایسا مہینے میں ایک یا دو بار ہوتا ہے۔ گاؤوں میں شاذ و نادر ہی کچھ فروخت ہوتا ہے، لیکن جب وہ وہاں جاتے ہیں، تو ہر دورے میں زیادہ سے زیادہ ۴۰۰ سے ۵۰۰ روپے کماتے ہیں۔ سلمیٰ کہتی ہیں، ’’بعض اوقات ہم اتنا چلتے ہیں کہ ایسا لگتا ہے کہ ہماری ٹانگیں ٹوٹ گئی ہیں۔‘‘

بعض اوقات گاؤں والے دودھ دینے والی گائے سے الگ کرنے کے لیے انہیں چھوٹے بچھڑے دے دیتے ہیں۔ اس کنبے کی اتنی آمدنی نہیں ہوتی کہ وہ ایک مناسب مکان کرایہ پر لے سکے، اس لیے فٹ پاتھ پر گزارہ کرنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی چارہ نہیں رہتا۔

نوعمر تنو ان شرابیوں پر ہنستی ہیں جنہیں انہوں نے رات میں بھگایا تھا۔ دلشاد مزید کہتے ہیں، ’’ہمیں انہیں مارنا پڑتا ہے اور شور مچانا پڑتا ہے۔ ہماری مائیں اور بہنیں یہاں سوتی ہیں۔‘‘

حال ہی میں نگر نگم (سونی پت میونسپل کارپوریشن) سے تعلق کا دعویٰ کرنے والے لوگوں نے انہیں یہاں سے چلے جانے کو کہا ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ جھگیوں کے پیچھے کچرہ ڈمپنگ گراؤنڈ کا گیٹ بنایا جانا ہے، جس کے لیے انہیں اس سرکاری زمین کو خالی کرانا ہے جس پر وہ قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔

کنبے کے آدھار، راشن اور فیملی کارڈ کے ڈیٹا کا ریکاڑد لینے آنے والے افسران اپنے دورے کی کوئی دستاویز نہیں چھوڑتے۔ لہذا، یہاں کسی کو بھی اس بات کا علم نہیں ہے کہ وہ کون ہیں۔ یہ دورے ہر دو مہینے میں ایک بار ہوتے ہیں۔

تنو کہتی ہیں، ’’وہ ہم سے کہتے ہیں کہ ہمیں ایک پلاٹ ملے گا۔ کس طرح کا پلاٹ ہے؟ کہاں ہے؟ کیا یہ بازار سے دور ہے؟ وہ ہمیں اس کے بارے میں کچھ نہیں بتاتے۔‘‘

Nine-year-old Chidiya uses a hand-operated fan to blow the ashes away from the unlit bhatti . The family earn much less these days than they did just a few years ago – even though they work in the middle of a busy market, sales have been slow since the pandemic
PHOTO • Sthitee Mohanty
Nine-year-old Chidiya uses a hand-operated fan to blow the ashes away from the unlit bhatti . The family earn much less these days than they did just a few years ago – even though they work in the middle of a busy market, sales have been slow since the pandemic
PHOTO • Sthitee Mohanty

نو سالہ چڑیا بجھی ہوئی بھٹی سے راکھ اڑانے کے لیے ہاتھ سے چلنے والے پنکھے کا استعمال کرتی ہے۔ چند سال پہلے کے مقابلے آج کل یہ کبنہ کم کماتا ہے۔ اگرچہ وہ ایک مصروف بازار کے وسط میں کام کرتے ہیں، لیکن وبائی مرض کے بعد فروخت سست ہو گئی ہے

فیملی کے انکم سرٹیفکیٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ایک دفعہ مہینے میں تقریباً ۵۰ ہزار روپے کمائے تھے۔ اب ان کی آمدنی صرف ۱۰ ہزار روپے کے آس پاس رہ گئی ہے۔ جب انہیں پیسوں کی ضرورت ہوتی ہے، تو وہ رشتہ داروں سے قرض لیتے ہیں۔ رشتہ جتنا قریب کا ہوتا ہے، سود کی شرح اتنی ہی کم ہوتی ہے۔ جب وہ اپنی چیزیں ایک خاص مقدار میں فروخت کر لیتے ہیں، تو قرض کی رقم واپس کر دیتے ہیں، لیکن وبائی بیماری کے بعد سے فروخت کی رفتار سست ہے۔

تنو کہتی ہیں، ’’کووڈ ہمارے لیے اچھا وقت تھا۔ بازار میں خاموشی تھی۔ ہمیں کھانے کا راشن سرکاری ٹرکوں سے ملتا تھا۔ یہاں تک کہ لوگ آ کر ماسک تقسیم کر جاتے تھے۔‘‘

سلمیٰ زیادہ وضاحت سے کہتی ہیں، ’’وبائی مرض کے بعد لوگ ہم پر زیادہ شک کرتے ہیں۔ ان کی نظروں میں نفرت ہے۔‘‘ جب بھی وہ باہر جاتے ہیں، کچھ مقامی لوگ زبانی طور پر ذات پات کی بنیاد پر گالی گلوچ کرتے ہیں۔

’’وہ ہمیں اپنے گاؤں میں نہیں رہنے دیتے ہیں۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ ہماری ذات کو اتنی گالیاں کیوں دیتے ہیں۔‘‘ سلمیٰ چاہتی ہیں کہ دنیا انہیں برابر سمجھے۔ ’’روٹی تو روٹی ہے، چاہے ہمارے لیے ہو یا ان کے لیے – ہم تمام لوگ ایک ہی کھانا کھاتے ہیں۔ پھر ہم میں اور امیر لوگوں میں کیا فرق ہے؟‘‘

مترجم: شفیق عالم

Student Reporter : Sthitee Mohanty

स्थिती मोहंती, हरियाणा की अशोका यूनिवर्सिटी में अंग्रेज़ी साहित्य और मीडिया स्टडीज़ की एक अंडर ग्रेजुएट स्टूडेंट हैं. वह ओडिशा के कटक की निवासी हैं और शहरी व ग्रामीण विषयों के गंतव्य-बिंदुओं के अध्ययन में रुचि लेती हैं. साथ ही उनकी दिलचस्पी इस सवाल में भी है कि भारत के लोगों के लिए ‘विकास’ का क्या अर्थ है.

की अन्य स्टोरी Sthitee Mohanty
Editor : Swadesha Sharma

स्वदेशा शर्मा, पीपल्स आर्काइव ऑफ़ रूरल इंडिया में रिसर्चर और कॉन्टेंट एडिटर के रूप में कार्यरत हैं. वह स्वयंसेवकों के साथ मिलकर पारी लाइब्रेरी पर प्रकाशन के लिए संसाधनों का चयन करती हैं.

की अन्य स्टोरी Swadesha Sharma
Translator : Shafique Alam

Shafique Alam is a Patna based freelance journalist, translator and editor of books and journals. Before becoming a full-time freelancer, he has worked as a copy-editor of books and journals for top-notched international publishers, and also worked as a journalist for various Delhi-based news magazines and media platforms. He translates stuff interchangeably in English, Hindi and Urdu.

की अन्य स्टोरी Shafique Alam