ایم اِندر کمار، کرناٹک کے چامراج نگر ضلع کے باندی پور نیشنل پارک کے پاس واقع منگلا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ان کی فیملی کے پاس بہت پہلے زمین تھی، لیکن اب نہیں ہے۔ ۳۸ سالہ اِندر اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کے بچے بس سے اسکول جاتے ہیں، جو ۱۹ کلومیٹر دور، گُنڈلوپیٹ میں ہے۔
اندر اپنے گاؤں میں وائلڈ لائف کی ایک یادگاری دکان میں مینیجر ہیں، جو مریمّا خیراتی ٹرسٹ کے کام میں مدد کرتی ہے۔ وہ مویشیوں پر جنگلی جانوروں کے حملوں کی دستاویز بندی کرکے بھی ٹرسٹ کی مدد کرتے ہیں۔ ٹرسٹ کے کام میں شامل ہے ٹائیگر ریزرو کے آس پاس کے گاؤوں میں رہنے والوں کو مالی معاوضہ فراہم کرنا جب وہ ٹائیگر، تیندوے اور جنگلی کُتّے جیسے شکاریوں کے حملے میں اپنے مویشیوں کو کھو دیں۔












