بابا صاحب امبیڈکر کی برسی کے موقع پر، ۶ دسمبر کو ’گرائنڈ مل سانگس پروجیکٹ‘اپنے قارئین کے لیے لوہارڈے گاؤں کی لیلا بائی شندے کی اووی پیش کرنے جا رہا ہے، جس میں انہوں نے ڈاکٹر امبیڈکر کے بارے میں محبت، عقیدت اور تشکر کے ساتھ نغمے گائے ہیں
جب ہماری ٹیم سال ۲۰۱۷ کے اپریل مہینہ میں، پونے ضلع کے مُلشی تعلقہ کے لوہارڈے گاؤں میں لیلا بائی شندے سے ملنے گئی، تب لیلا بائی نے بتایا کہ ’’میرا گھر پھر سے بنایا جا رہا ہے، اس لیے ہم فی الحال اپنی والدہ کے گھر رہنے آ گئے ہیں۔‘‘ وہ اوویوں کے مجموعہ میں فنکار جائی ساکھلے کی اکلوتی بیٹی ہیں، جو ’گرائنڈمل سانگس‘ کے ڈیٹابیس میں درج گلوکارہ ہیں۔ ان کا گھر ان کی والدہ کے گھر کے بالکل قریب ہے۔ انہوں نے ہمیں اپنی والدہ کی فریم کی ہوئی تصویر دکھائی اور پھر احتیاط سے اسے اخبار میں لپیٹ کر اناج رکھنے کے لیے استعمال کیے جانے والے ایک لمبے ٹین کے ڈبے میں رکھ دیا۔ اس کے بعد ہمارے حیران چہروں کو دیکھ کر وہ مسکرائیں اور بولیں، ’’اس گھر کی دیواروں پر کیل تو نہیں ہے نا؟‘‘





