’کھیلا ہوبے‘ (کھیل ہوگا) اور ’اب کی بار ۴۰۰ پار‘ (اس بار ۴۰۰ سے زیادہ سیٹیں حاصل کریں گے) کے درمیان معلق ہماری آبائی ریاست ایک چھوٹا ہندوستان ہے، جو سرکاری اسکیموں، سنڈیکیٹ مافیاؤں، حکومتی امداد اور متضاد مظاہروں کا ایک دلچسپ مرکب ہے۔

یہاں ہمارے سامنے بے گھر تارکین وطن ہیں جو ملازمتوں میں گھرے ہوئے ہیں، بے روزگار نوجوان ہیں جو ایک مایوس کن ریاست میں پھنسے ہوئے ہیں، مرکز اور ریاست کی لڑائی میں عوام پس رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی نے کسانوں کی کمر توڑ دی ہے، اور بنیاد پرست بیان بازیوں سے اقلیتیں نبرد آزما ہیں۔ ہمت جواب دے رہی ہے، جسم کمزور پڑ رہے ہیں۔ ذات، طبقہ، جنس، زبان، نسل، مذہب، جن چوراہوں پر ٹکراتے ہیں وہاں ہنگامہ کھڑا ہو جاتا ہے۔

جب ہم اس پاگل پن کے درمیان سے گزرتے ہیں تو ہمیں ایسی آوازیں سنائی دیتی ہیں، جو غیر واضح، بے بس، ہذیانی کیفیت والی ہیں۔ ساتھ ہی وہ آوازیں بھی ہیں جنہیں اب اہل اقتدار کے ذریعہ بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ سندیش کھلی سے لے کر ہمالیہ کے چائے کے باغات تک، کولکاتا سے لے کر رار کے فراموش شدہ علاقوں تک، ہم بطور رپورٹر اور مغنی سفر کرتے ہیں۔ ہم سنتے ہیں، ہم جمع کرتے ہیں، ہم تصویریں اتارتے ہیں، ہم بات کرتے ہیں۔

جوشوا بودھی نیتر کی آواز میں یہ نظم سنیں

ہم نے اپنے سفر کا آغاز سندیش کھلی سے کیا، جو مغربی بنگال کے سندربن کے ڈیلٹائی علاقے کا ایک گمنام جزیرہ ہے، جو اکثر زمین اور خواتین کے جسموں کی اجارہ داری پر سیاسی ریشہ دوانیوں میں الجھ جاتا ہے۔

شطرنج

وہ آیاد، دیکھا اور جیت لیا
یہاں ای ڈی کی آمد۔
وہاں ایک گاؤں سندیش کھلی
جہاں رات نے ابھی ابھی انگڑائی لی،
عورتیں بچھائی گئیں بساط پر
ٹی وی اینکروں کے کراہنے کی صدا، ’’رام رام، علی علی!‘‘

PHOTO • Smita Khator

مرشد آباد میں ترنمول کانگریس کی ایک جداری تحریر، جس میں لکھا ہے، ’کھیلا ہوبے ‘ (کھیل ہوگا)

PHOTO • Smita Khator

مرشد آباد میں ایک سیاسی جداری تحریر: ’تم نے کوئلہ اڑا لیا، تم نے ساری گائیں چرا لیں، ہم سمجھ سکتے ہیں۔ لیکن تم نے دریا کے کناروں پر نہ ریت چھوڑے، اور نہ ہماری بیویوں اور بیٹیوں کو گزند پہنچانے سے باز آئے – کہتا ہے سندیش کھلی‘

PHOTO • Smita Khator
PHOTO • Smita Khator

بائیں: شمالی کولکاتا میں پوجا کے اس پنڈال میں خواتین کے خلاف تشدد پر آواز اٹھائی گئی ہے: پَھندی کُورے بندی کارو (تم نے مجھے دھوکہ دے کر غلام بنایا)۔ دائیں: سندربن کے جزیرہ بالی میں پرائمری اسکول کی طلبہ کا ایک نمائشی پوسٹر خواتین کے خلاف تشدد کے ایشو کو اجاگر کر رہا ہے۔ آمرا ناری، آمرا ناری – نرجاتان باندھو کورتے پاری (ہم عورتیں ہیں – ہم خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کر سکتی ہیں)

*****

جنگل محل کے نام سے مشہور علاقہ کے اضلاع بانکورہ، پرولیا، مغربی مدناپور اور جھارگرام سے گزرتے ہوئے، ہم نے خواتین کسانوں اور مہاجر زرعی مزدوروں سے ملاقات کی۔

جھومور

مہاجر مزدور
رہیں ریت میں دفن،
یہی ہے اپنی پکی رنگین مٹی کی کہانی کا فن۔
اہانت آمیز ہے لفظ ’پانی‘
کہنا ہی پڑے گا آپ کو ’جل‘!
ایسی ہے تشنگی جنگل محل۔

PHOTO • Smita Khator
PHOTO • Smita Khator

پرولیا میں خواتین کسان پانی کی شدید قلت، زراعت کے انحطاط، اور ذریعہ معاش کے مسائل کے درمیان اپنی بقا کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں

*****

دارجلنگ دنیا کے لیے ’پہاڑوں کی ملکہ‘ ہو سکتا ہے، لیکن یہاں کے بظاہر خوبصورت باغات کی محنت کش آدیواسی خواتین کے لیے نہیں۔ ان خواتین کو رفع حاجت کے لیے بیت الخلاء تک میسر نہیں ہیں۔ علاقے میں عدم مساوات اور بقا کی جدوجہد کا مطلب یہ ہے کہ یہاں خواتین کا مستقبل  نوشتہ دیوار ہے!

خونی مریم

آپ ایک کپ لیں گے؟
سفید عودُ الصّلیب یا چینی چائے؟
بھنی، سینکی، اشراف کے ظرف میں۔
کیا آپ لیں گے ایک کپ خون؟
یا کوئی آدیواسی خاتون؟
ابلتی، کھدکتی، ’’ہاں! ضرور بالضرور!‘‘

PHOTO • Smita Khator

آپ دارجلنگ میں اس جداری تصویر سے صرف نظر نہیں کر سکتے۔ یہ ضلع کی خواتین کی زندگی کے تلخ حقائق کو اجاگر کرتی ہے

*****

مرشد آباد نہ صرف بنگال کے قلب میں واقع ہے، بلکہ ایک الگ نوع کے تنازع کے طوفان میں گھرا ہوا ہے، یہ طوفان نقدی کے عوض اسکول کی نوکری کی وجہ سے آیا ہے۔ ریاست کے اسکول سروس کمیشن (ایس ایس سی) کے ذریعہ سرکاری اور سرکاری امداد یافتہ اسکولوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی بڑی تعداد میں فرضی تقرریوں کو کالعدم قرار دینے والے ہائی کورٹ کے حکم نے نوجوان ذہنوں کو شکوک و شبہات میں مبتلا کر دیا ہے۔ بیڑی بنانے والے یونٹوں میں کام کرنے والے نوجوان لڑکے، جن کی عمر ۱۸ سال بھی نہیں ہے، تعلیم اور بہتر مستقبل حاصل کرنے کی اپنی صلاحیت پر بہت کم اعتماد رکھتے ہیں۔ وہ افرادی قوت میں جلد شمولیت اختیار کریں گے اور بہتر مواقع کے لیے ہجرت کریں گے۔

اہل امیدوار

بیٹھ گئے ہیں دھرنے پر،
’نہیں چلے گی تانا شاہی!‘
پولیس کے فوجی بوٹوں کے نیچے
آ گیا سرکاری منصب،
لعنت ہے آزادی پر!
سزا اور انعام، ساتھ کھڑے ہیں چوراہے پر۔

PHOTO • Smita Khator

اسکول چھوڑنے والے میں سے بہت سے نوعمر لڑکے مرشد آباد کی ایک بیڑی یونٹ میں کام کرتے ہیں۔ ’بڑی بڑی ڈگری والے لوگ بیکار بیٹھے ہیں۔ کامیاب ہونے والے امیدواروں کی بھی تقرری نہیں ہوتی اور اب سڑکوں پر بیٹھ کر ان ملازمتوں کا مطالبہ کر رہے ہیں جو انہیں ایس ایس سی کے تحت ملنی تھیں۔ تو، ہم تعلیم حاصل کر کے کیا کریں گے؟‘

*****

اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ سال کا کون سا وقت ہے، ہمیں کولکاتا کی پرہجوم گلیوں سے دھکہ مکی کرتے ہوئے آگے بڑھنا پڑتا ہے، جہاں احتجاج کرنے والی خواتین بڑی تعداد میں نظر آتی ہیں۔ غیرمنصفانہ قوانین اور اقدار کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے کے لیے ریاست کے کونے کونے سے لوگ آ رہے ہیں۔

شہریت

کاغذ والا، کاغذ لینے آیا ہے،
بھاگ سکو تو بھاگ لو،
بنگلہ دیشی! بنگلہ دیشی! دستار سمیٹو، راہ لو!
تمہارا سی اے اے مردہ باد؛
ہار نہیں ہم مانیں ایک،
بنگلہ دیشی! بنگلہ دیشی! بریڈ کے اوپر ڈالو کیک؟

PHOTO • Smita Khator

سال ۲۰۱۹ میں کولکاتا کی مختلف خواتین تنظیموں کے ذریعہ منعقد کیے گئے مارچ کے لیے بنائے گئے کٹ آؤٹ

PHOTO • Smita Khator

خواتین کا ۲۰۱۹  کا کولکاتا مارچ: مختلف سماجی پس منظر سے تعلق رکھنے والی خواتین مذہب، ذات پات اور جنس کی بنیاد پر نفرت اور امتیاز کو شکست دینے کے نعرے کے ساتھ سڑکوں پر آئیں

PHOTO • Smita Khator

سی اے اے - این آر سی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے دوران کولکاتا کے پارک سرکس میدان میں مسلم خواتین کا دھرنا اور مظاہرہ

*****

ہم بیربھوم میں زراعت پر منحصر گاؤوں میں بے زمین آدیواسی خواتین سے ان کے کام کے دوران روبرو ہوئے۔ جن چند خواتین کے پاس خاندانی زمینیں تھی انہوں نے بھی اپنی باتیں رکھیں۔

شودرانی

اے بابو، یہ رہا میرا خاکستری پرانا پٹّہ -
لال، مڑا تڑا، پرانا جیسے سرخ دوپٹّہ۔
مجھے اک نوالہ دے دو، زندگی بخش دو،
کسان کی بیوی نہیں ہوں، مجھے کسان رہنے دو۔
خشک سالی کی بھینٹ چڑھ گیا
میرا کھیت بابو…
میں ابھی کسان ہوں یا سرکاری واہمہ بابو؟

PHOTO • Smita Khator
PHOTO • Smita Khator

’ہماری اپنی کوئی زمین نہیں۔ ہم کھیتوں میں کام کرتے ہیں، لیکن مٹھی بھر اناج کے لیے ہاتھ پھیلاتے ہیں،‘ مغربی بنگال کے بیر بھوم میں دھان کی کٹائی کرنے والی ایک سنتالی زرعی مزدور کہتی ہیں

*****

یہاں کے عام لوگ اہل اقتدار کا احتساب کرنے کے لیے الیکشن کا انتظار نہیں کرتے۔ مرشد آباد، ہگلی، ندیا سے خواتین اور کسان ملک گیر تحریکوں کی حمایت کے لیے بار بار اپنے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔

ہتھوڑے

پیارے پیارے آنسو گیس
خیال خبط وہم پہ چھوڑے جاتے ہیں -
کارخانوں پہ پڑ گئے تالے، شارک زمیں پر پھیل گئے ہیں۔
کالی سیاہ ناکہ بندی -
منریگا کی معمولی اجرت
بھگوا غصے کی بھینٹ چڑھی ہے۔

PHOTO • Smita Khator
PHOTO • Smita Khator

بائیں: ۱۸ جنوری ۲۰۲۱ کو آل انڈیا کسان سنگھرش کوآرڈینیشن کمیٹی (اے آئی کے ایس سی سی) مہیلا کسان دیوس ریلی۔ دائیں: ’وہ ہمارے پاس نہیں آتے ہیں۔ لہذا، ہم یہاں انہیں بتانے آئے ہیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں!‘ یہ کہنا ہے ۱۹ ستمبر، ۲۰۲۳ کو آل انڈیا کسان سبھا (اے آئی کے ایس) کی ریلی میں احتجاج کرنے والے کسانوں کا

مترجم: شفیق عالم

Joshua Bodhinetra

جوشوا بودھی نیتر پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا (پاری) کے ہندوستانی زبانوں کے پروگرام، پاری بھاشا کے کانٹینٹ مینیجر ہیں۔ انہوں نے کولکاتا کی جادوپور یونیورسٹی سے تقابلی ادب میں ایم فل کیا ہے۔ وہ ایک کثیر لسانی شاعر، ترجمہ نگار، فن کے ناقد اور سماجی کارکن ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Joshua Bodhinetra
Smita Khator

اسمِتا کھٹور، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا (پاری) کے ہندوستانی زبانوں کے پروگرام، پاری بھاشا کی چیف ٹرانسلیشنز ایڈیٹر ہیں۔ ترجمہ، زبان اور آرکائیوز ان کے کام کرنے کے شعبے رہے ہیں۔ وہ خواتین کے مسائل اور محنت و مزدوری سے متعلق امور پر لکھتی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز اسمیتا کھٹور
Illustration : Labani Jangi

لابنی جنگی مغربی بنگال کے ندیا ضلع سے ہیں اور سال ۲۰۲۰ سے پاری کی فیلو ہیں۔ وہ ایک ماہر پینٹر بھی ہیں، اور انہوں نے اس کی کوئی باقاعدہ تربیت نہیں حاصل کی ہے۔ وہ ’سنٹر فار اسٹڈیز اِن سوشل سائنسز‘، کولکاتا سے مزدوروں کی ہجرت کے ایشو پر پی ایچ ڈی لکھ رہی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Labani Jangi
Editor : Pratishtha Pandya

پرتشٹھا پانڈیہ، پاری میں بطور سینئر ایڈیٹر کام کرتی ہیں، اور پاری کے تخلیقی تحریر والے شعبہ کی سربراہ ہیں۔ وہ پاری بھاشا ٹیم کی رکن ہیں اور گجراتی میں اسٹوریز کا ترجمہ اور ایڈیٹنگ کرتی ہیں۔ پرتشٹھا گجراتی اور انگریزی زبان کی شاعرہ بھی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Pratishtha Pandya
Translator : Shafique Alam

شفیق عالم پٹنہ میں مقیم ایک آزاد صحافی، مترجم اور کتابوں اور جرائد کے ایڈیٹر ہیں۔ خود کو کل وقتی فری لانسنگ کے لیے وقف کرنے سے قبل، انہوں نے کئی بین الاقوامی پبلشرز کے لیے بطور کاپی ایڈیٹر کام کیا ہے۔ انہوں نے دہلی کے مختلف نیوز میگزینز اور میڈیا پلیٹ فارمز کے لیے بطور صحافی بھی کام کیا ہے۔ وہ انگریزی، ہندی اور اردو زبانوں کے مترجم ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Shafique Alam