لاد ہائیکو دیکھنے سننے میں کافی آسان پکوان محسوس ہوتا ہے، کیوں کہ اسے بناتے وقت صرف دو مرکبات کی ضرورت ہوتی ہے – بولوم (نمک) اور سسنگ (ہلدی)۔ لیکن باورچی کہتے ہیں کہ اصل چیلنج اسے پکاتے وقت پیش آتا ہے۔

یہ باورچی جھارکھنڈ کی ہو آدیواسی برادری کے برسا ہیمبرم ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ مانسون کا موسم لاد ہائیکو کے بغیر ادھورا ہوتا ہے، جو مچھلی سے تیار کیا گیا ایک روایتی پکوان ہے۔ اسے پکانے کا طریقہ انہوں نے اپنے مودئی (والدین) سے سیکھا تھا۔

تقریباً ۷۱ سال کے ہو چکے برسا پیشہ سے ماہی گیر اور کسان ہیں، اور کھونٹ پانی بلاک کے جنکوساسن گاؤں میں رہتے ہیں۔ وہ صرف ہو زبان جانتے ہیں، جو ایک آسٹرو ایشیاٹک قبائلی زبان ہے اور ان کی برادری کے لوگوں کے ذریعہ بولی جاتی ہے۔ جھارکھنڈ میں سال ۲۰۱۳ میں ہوئی آخری مردم شماری میں اس برادری کی آبادی نو لاکھ سے کچھ زیادہ تھی؛ ہو برادری کی چھوٹی آبادی اوڈیشہ اور مغربی بنگال میں بھی رہتی ہے ( ہندوستان میں درج فہرست قبائل کا شماریاتی پروفائل ، ۲۰۱۳)۔

برسا، مانسون کے دوران آس پاس کے پانی سے بھرے کھیتوں سے ہاد ہائیکو (پونٹی یا پول بارب مچھلی)، ایچے ہائیکو (جھینگا)، بوم بوئی، ڈانڈیکے اور دوڑی جیسی تازہ مچھلیاں پکڑتے ہیں اور انہیں احتیاط سے صاف کرتے ہیں۔ پھر وہ انہیں تازہ توڑے گئے کاکارو پتّہ (کدو کے پتے) پر رکھتے ہیں۔ ہیمبرم کے مطابق، نمک اور ہلدی کی مناسب مقدار کا استعمال اس پروسیس کا بیحد ضروری پہلو ہوتا ہے۔ ’’اس کی زیادہ مقدار اسے زیادہ نمکین بنا دیتی ہے، اور کم ڈالنے پر اس کا ذائقہ چلا جاتا ہے۔ اچھا ذائقہ حاصل کرنے کے لیے ان کی مناسب مقدار کا علم ہونا بیحد ضروری ہے!‘‘

مچھلی کو جلنے سے بچانے کے لیے، وہ کدو کے پتلے پتوں کے اوپر سال کے موٹے پتوں کی ایک اضافی پرت لپیٹ دیتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ اس سے پتیاں اور مچھلی محفوظ رہتی ہے۔ جب مچھلی تیار ہو جاتی ہے، تو وہ اسے کدو کے پتوں کے ساتھ ہی کھانا پسند کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’عام طور پر میں مچھلی کو لپیٹنے کے لیے استعمال کی گئی پتیوں کو پھینک دیتا ہوں، لیکن یہ کدو کے پتے ہیں، اس لیے میں انہیں کھاؤں گا۔ اگر آپ صحیح طریقے سے پکاتے ہیں، تو پتے بھی کافی لذیذ ہوتے ہیں۔‘‘

دیکھیں: برسا ہیمبرم اور لاد ہائیکو

پاری اس ویڈیو کا متن ’ہو‘ زبان سے ہندی میں ترجمہ کرنے کے لیے ارمان جامودا کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

پاری کا ’خطرے سے دوچار زبانوں کے پروجیکٹ‘ کا مقصد ہندوستان کی معدوم ہونے والی زبانوں کی انہیں بولنے والے عام لوگوں اور ان کی زندگی کے تجربات کے ذریعہ دستاویز بندی کرنا ہے۔

’ہو‘ وسط اور مشرقی ہندوستان میں آدیواسیوں کے ذریعہ بولی جانے والی آسٹرو ایشیاٹک لسانی خاندان کی مُنڈا شاخ کے تحت آنے والی زبان ہے۔ یونیسکو کے ذریعہ شائع زبانوں کے ایٹلس میں ’ہو‘ کو ہندوستان کی ممکنہ طور پر معدوم ہونے والی زبان کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

اس اسٹوری میں جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں بولی جانے والی ’ہو‘ زبان کی دستاویز بندی کی گئی ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Video : Rahul Kumar

راہل کمار، جھارکھنڈ کے ایک دستاویزی فلم ساز اور میموری میکرز اسٹوڈیو کے بانی ہیں۔ وہ ’گرین ہب انڈیا‘ اور ’لیٹس ڈاک‘ سے فیلوشپ حاصل کر چکے ہیں اور ’بھارت رورل لیولی ہوڈ فاؤنڈیشن‘ کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Rahul Kumar
Text : Ritu Sharma

ریتو شرما، پاری میں معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں کی کانٹینٹ ایڈیٹر ہیں۔ انہوں نے لسانیات سے ایم اے کیا ہے اور ہندوستان میں بولی جانے والی زبانوں کی حفاظت اور ان کے احیاء کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Ritu Sharma
Translator : Qamar Siddique

قمر صدیقی، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے ٹرانسلیشنز ایڈیٹر، اردو، ہیں۔ وہ دہلی میں مقیم ایک صحافی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Qamar Siddique