اوڈھو جام اور ہوتھل پدمنی کے عشق کی کہانی کچھّ کی سب سے مشہور لوک کہانیوں میں سے ایک ہے۔ اس کے علاوہ، یہ سوراشٹر کے کچھ حصوں میں بھی کافی مقبول ہے، اور ضرور لوک کہانیوں کی طرح ہی سفر کرکے پہنچی ہوگی۔ الگ الگ خطوں اور زمانے میں مشہور اس کہانی کے کئی ورژن میں ہمیں ان کی الگ الگ تفصیلات ملتی ہیں۔ ان میں اوڈھو یا تو کسی آدیواسی برادری کا بہادر لیڈر ہے یا کیور کا شتریہ جانباز، اور ہوتھل ایک آدیواسی برادری کی قیادت کرنے والی بہادر خاتون ہے؛ کئی کہانیوں میں وہ اکثر ایک بد دعا کے نتیجہ میں زمین پر رہنے والی ایک غیبی کردار کی شکل میں نمودار ہوتی ہے۔

اپنی بھابھی میناوتی کی دعوتِ وصل کو ٹھکرانے کے سبب، اوڈھو جام کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ وہ پیرانا پاٹن میں اپنے ایک نانہالی رشتہ دار وسل دیو کے ساتھ رہتا ہے، جن کے اونٹوں کو سندھ کے نگر- سموئی کے سربراہ بمبنیا نے لوٹ لیا ہے۔ اوڈھو انہیں واپس لانے کا فیصلہ کرتا ہے۔

ہوتھل پدمنی، چرواہا برادری سے تعلق رکھتی ہے، اور سندھ کے بمبنیا کے ساتھ اس کی بھی دشمنی ہے۔ اس نے ہوتھل کے والد کی ریاست کو تباہ کر دیا تھا اور ان کے مویشیوں کو بھی چُرا لیا تھا۔ ہوتھل نے اپنے مرتے والد سے ان کی بے عزتی کا بدلہ لینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب وہ اوڈھو جام سے ملتی ہے، تب اپنے وعدے کو پورا کرنے کی مہم پر نکلی ہوئی ہے، اور ایک مرد جانباز کی پوشاک میں ہے، جسے کچھ کہانیوں میں ’’ہوتھو‘‘ اور کچھ میں ’’ایکّل مل‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اسے ایک بہادر نوجوان فوجی مان کر اوڈھو جام اس کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے۔ چونکہ دونوں کا مقصد ایک ہی تھا، اس لیے اوڈھو جام اور ہوتھل کے درمیان فوراً دوستی ہو جاتی ہے، اور دونوں مل کر بمبنیا کے آدمیوں سے لڑتے ہیں اور انہیں شکست دیتے ہیں، اور اونٹوں کے ساتھ لوٹ آتے ہیں۔

نگر- سموئی سے لوٹتے وقت دونوں کے راستے الگ ہو جاتے ہیں؛ اوڈھو پیرانا پاٹن کے لیے اور ہوتھو کنارا پہاڑ کے لیے روانہ ہو جاتی ہے۔ اوڈھو جام، ہوتھو کو بھول نہیں پاتا ہے، اور کچھ دنوں بعد اپنے دوست کو ڈھونڈنے کا فیصلہ کرتا ہے۔ راستے میں ایک جھیل کے پاس وہ ایک بہادر فوجی کے مردانہ لباس اور اس کے گھوڑے کو دیکھتا ہے۔ جب اسے ہوتھل پانی میں نہاتے ہوئے نظر آتی ہے، تو اسے ہوتھل کی اصلی پہچان کا علم ہوتا ہے۔

ہوتھل کے عشق میں گرفتار اوڈھو اس سے شادی کرنا چاہتا ہے۔ ہوتھل بھی اس سے محبت کا اظہار کرتی ہے، لیکن شادی کے لیے ایک شرط رکھتی ہے: وہ صرف اوڈھو جام کے ساتھ رہے گی، اور تب تک ہی رہے گی جب تک اوڈھو اس کی شناخت پوشیدہ رکھے گا۔ ان کی شادی ہو جاتی ہے اور انہیں دو بہادر لڑکے پیدا ہوتے ہیں۔ برسوں بعد نشہ میں دھت ہو کر دوستوں کے درمیان، یا ایک دیگر ورژن کے مطابق، کسی عوامی مجلس میں اپنے چھوٹے بچوں کی غیر معمولی شجاعت کے بارے میں بتاتے ہوئے اوڈھو، ہوتھل کی پوشیدہ شناخت کو ظاہر کر دیتا ہے۔ اس کے بعد ہوتھل، اوڈھو کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔

یہاں پیش کیے جا رہے گیت کو بھدریسر کے جُما واگھیر نے گایا ہے، جو اوڈھو جام کی زندگی میں فراق کی اس کہانی کو بیان کرتا ہے۔ اوڈھو جام غم زدہ ہے اور آنسوؤں میں ڈوبا ہوا ہے۔ اس کا غم اتنا بڑا ہے، اس کے آنسو اتنے گہرے ہیں کہ ہجاسر جھیل میں سیلاب امنڈنے لگتا ہے۔ گیت میں ہوتھل، پدمنی کو شاہی عیش و آرام اور مہمان نوازی کا وعدہ کرکے واپس لوٹ آنے کی درخواست کیے جا رہا ہے۔

بھدریسر کے جُما واگھیر کی آواز میں یہ لوک گیت سنیں

કચ્છી

ચકાસર જી પાર મથે ઢોલીડા ધ્રૂસકે (2)
એ ફુલડેં ફોરૂં છડેયોં ઓઢાજામ હાજાસર હૂબકે (2)
ઉતારા ડેસૂ ઓરડા પદમણી (2)
એ ડેસૂ તને મેડીએના મોલ......ઓઢાજામ.
ચકાસર જી પાર મથે ઢોલીડા ધ્રૂસકે
ફુલડેં ફોરૂં છડેયોં ઓઢાજામ હાજાસર હૂબકે
ભોજન ડેસૂ લાડવા પદમણી (2)
એ ડેસૂ તને સીરો,સકર,સેવ.....ઓઢાજામ.
હાજાસર જી પાર મથે ઢોલીડા ધ્રૂસકે
ફુલડેં ફોરૂં છડેયોં ઓઢાજામ હાજાસર હૂબકે
નાવણ ડેસૂ કુંઢીયું પદમણી (2)
એ ડેસૂ તને નદીએના નીર..... ઓઢાજામ
હાજાસર જી પાર મથે ઢોલીડા ધ્રૂસકે
ફુલડેં ફોરૂં છડયોં ઓઢાજામ હાજાસર હૂબકે
ડાતણ ડેસૂ ડાડમી પદમણી (2)
ડેસૂ તને કણીયેલ કામ..... ઓઢાજામ
હાજાસર જી પાર મથે ઢોલીડા ધ્રૂસકે (2)
ફુલડેં ફોરૂં છડ્યોં ઓઢાજામ હાજાસર હૂબકે.

اردو

چکاسر جھیل کے کنارے ڈھولکیے روتے ہیں،
روتے ہیں (۲)
پھولوں نے مہکنا چھوڑ دیا، میٹھی خوشبو چلی گئی ہے،
اور اوڈھو جام کے غم کی طرح جھیل امنڈ رہی ہے۔ (۲)
تیرے رہنے کو بڑے کمرے دیں گے، پدمنی (۲)
اونچے محل ہم دیں گے،
اوڈھو جام کے غم کی طرح ہجاسر جھیل امنڈ رہی ہے
ہجاسر جھیل کے کنارے ڈھولکیے روتے ہیں،
روتے ہیں۔
پھولوں نے مہکنا چھوڑ دیا، ان کی میٹھی خوشبو چلی گئی ہے،
اور اوڈھو جام کے غم کی طرح ہجاسر جھیل امنڈ رہی ہے
کھانے میں لڈو دیں گے، پدمنی (۲)
دیں گے شیرو، ساکر اور سیو…
ہجاسر جھیل کے کنارے ڈھولکیے روتے ہیں،
روتے ہیں۔
پھولوں نے مہکنا چھوڑ دیا، ان کی میٹھی خوشبو چلی گئی ہے،
اور اوڈھو جام کے غم کی طرح ہجاسر جھیل امنڈ رہی ہے
نہانے کو چھوٹا سا تالاب، پدمنی (۲)
ندیوں کا پانی دیں گے…
ہجاسر جھیل کے کنارے ڈھولکیے روتے ہیں،
روتے ہیں۔
پھولوں نے مہکنا چھوڑ دیا، ان کی میٹھی خوشبو چلی گئی ہے،
اور اوڈھو جام کے غم کی طرح ہجاسر جھیل امنڈ رہی ہے
دانت صاف کرنے کی خاطر انار کا مسواک دیں گے (۲)
کنیر جیسا ملائم مسواک دیں گے۔
ہجاسر جھیل کے کنارے ڈھولکیے روتے ہیں،
روتے ہیں (۲)
پھولوں نے مہکنا چھوڑ دیا، ان کی میٹھی خوشبو چلی گئی ہے،
اور اوڈھو جام کے غم کی طرح جھیل امنڈ رہی ہے۔

PHOTO • Priyanka Borar

گیت کی قسم: لوک گیت

موضوع: عشق و محبت کے گیت

گیت: ۱۰

گیت کا عنوان: چکاسر جے پار متی ڈھولیڈا دھروسکے

دُھن: دیول مہتہ

گلوکار: جُما واگھیر، بھدریسر گاؤں، مندرا تعلقہ

استعمال ہونے والے ساز: ڈرم، ہارمونیم، بینجو

ریکارڈنگ کا سال: ۲۰۱۲، کے ایم وی ایس اسٹوڈیو

کمیونٹی ریڈیو اسٹیشن ’سُر وانی‘ نے ایسے ۳۴۱ لوک گیتوں کو ریکارڈ کیا ہے، جو کچھّ مہیلا وکاس سنگٹھن (کے ایم وی ایس) کے توسط سے پاری کے پاس آیا ہے۔ ایسے مزید گیت سننے کے لیے اس پیج پر جائیں: رن کے گیت: کچھی لوک گیتوں کا مجموعہ

پریتی سونی، کے ایم وی ایس کی سکریٹری ارونا ڈھولکیا اور کے ایم وی ایس کے پروجیکٹ کوآرڈینیٹر امد سمیجا کا ان کے تعاون کے لیے خاص شکریہ، اور بھارتی بین گور کا ان کے قیمتی تعاون کے لیے تہ دل سے شکریہ۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Text : Pratishtha Pandya

پرتشٹھا پانڈیہ، پاری میں بطور سینئر ایڈیٹر کام کرتی ہیں، اور پاری کے تخلیقی تحریر والے شعبہ کی سربراہ ہیں۔ وہ پاری بھاشا ٹیم کی رکن ہیں اور گجراتی میں اسٹوریز کا ترجمہ اور ایڈیٹنگ کرتی ہیں۔ پرتشٹھا گجراتی اور انگریزی زبان کی شاعرہ بھی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Pratishtha Pandya
Illustration : Priyanka Borar

پرینکا بورار نئے میڈیا کی ایک آرٹسٹ ہیں جو معنی اور اظہار کی نئی شکلوں کو تلاش کرنے کے لیے تکنیک کا تجربہ کر رہی ہیں۔ وہ سیکھنے اور کھیلنے کے لیے تجربات کو ڈیزائن کرتی ہیں، باہم مربوط میڈیا کے ساتھ ہاتھ آزماتی ہیں، اور روایتی قلم اور کاغذ کے ساتھ بھی آسانی محسوس کرتی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Priyanka Borar
Translator : Qamar Siddique

قمر صدیقی، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے ٹرانسلیشنز ایڈیٹر، اردو، ہیں۔ وہ دہلی میں مقیم ایک صحافی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Qamar Siddique