آج ہم ۱۷۰ سے زیادہ افراد پر مشتمل پاری کے ترجمہ نگاروں کی انوکھی ٹیم کی شاندار حصولیابیوں کا جشن منا رہے ہیں۔ ان میں سے کم از کم ۴۵ افراد ہر مہینے سرگرم رہتے ہیں۔ اور ایسا کرتے ہوئے، ہم ایک اچھے کام کی طرف اپنا قدم بڑھا رہے ہیں۔ اقوام متحدہ ۳۰ ستمبر عالمی یوم ترجمہ کے طور پر مناتی ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، یہ دن ’’زبان کے لیے کام کرنے والے پیشہ وروں کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع ہے، کیوں کہ یہ لوگ اقوام عالم کو متحد کرنے، مذاکرات، تفہیم و تعاون کی سہولت فراہم کرنے، ترقی میں مدد کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں...‘‘ اور اسی لیے آج، ہم ترجمہ نگاروں کی اس ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں، جن کے بارے میں ہمارا دعویٰ ہے کہ صحافت کی کسی بھی دوسری ویب سائٹ پر ایسی ٹیم موجود نہیں ہے۔
ہمارے ترجمہ نگاروں میں ڈاکٹر، دوا ساز، ماہر لسانیات، شاعر، خواتین خانہ، اساتذہ، فنکار، صحافی، مصنف، انجینئر، طلبہ اور پروفیسر حضرات شامل ہیں۔ ان میں سب سے بزرگ کی عمر ۸۴ سال اور سب سے نوجوان کی عمر ۲۲ سال ہے۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں، جو ہندوستان کے باہر مقیم ہیں۔ بقیہ افراد ملک کے اندر ہی دور افتادہ علاقوں میں رہتے ہیں، جہاں کی کنیکٹیوٹی بہت خراب ہے۔
پاری پر ترجمہ کے اس وسیع پروگرام کا بنیادی مقصد، اپنی حدود میں رہتے ہوئے، اس پورے ملک کو، یہاں بولی جانے والی تمام زبانوں کے معاملے میں باہم متحد کرنا اور ہر ایک زبان کا احترام کرنا اور اس کے ساتھ برابری کا سلوک کرنا ہے۔ پاری کی ویب سائٹ پر ہر ایک مضمون ۱۳ زبانوں میں دستیاب ہے – یا بہت جلد دستیاب ہونے والا ہے۔ مثال کے طور پر پاری کا یہ مضمون: ہماری آزادی کے لیے بھگت سنگھ جھگیاں کی قربانیاں ۱۳ زبانوں میں دستیاب ہے۔ اور ہماری ٹیم نے ایسے تقریباً ۶ ہزار مضامین کو ان زبانوں میں ترجمہ کرنے کا عظیم کارنامہ انجام دیا ہے، جن میں سے کئی ملٹی میڈیا کی شکل میں بھی موجود ہیں۔



