’’یہاں نہیں ہے کوئی نوکر... ہم بچے ہیں اس زمین کے۔ اس زمین کے خوش قسمت بچے۔‘‘
یہ الفاظ ہیں ان بچوں کے جو گاؤں کے اسکول میں گا رہے ہیں۔ ایک سطح پر، صورتحال نہایت خستہ ہے۔ گاؤں دیہات کے ان اسکولوں کو وہ سہولیات، رقم اور مواقع کبھی نہیں فراہم کیے جاتے جو شہر کے اسکولوں کو میسر ہیں۔ ان اسکولوں میں نہایت کم تنخواہ پر ایڈہاک ٹیچر مقرر کیے جاتے ہیں۔ ان اسکولوں کے استاد پوری طرح سے بے صلاحیت ہوتے ہیں – کچھ ریاستوں نے ٹیچرس ایبلٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی) کی لازمیت ختم کر دی ہے، تاکہ وہ پوری طرح سے ناقابل، کم تر تنخواہ والے ٹیچروں کی بھرتی کر سکیں۔ بہت سارے اسکول ایسے بھی ہیں جن میں ٹیچر کبھی رکھے ہی نہیں گئے اور وہ بغیر کسی ٹیچر کے زمانے سے یونہی چل رہے ہیں۔
پھر بھی، پُنے ضلع کے مُلشی تعلقہ کے نند گاؤں میں واقع پرائمری اسکول کے بچے پورے دل سے اور اعتماد کے ساتھ گا رہے ہیں۔ وہ ان اصولوں میں یقین رکھتے ہیں۔ اور ہماری درخواست پر وہ اس مراٹھی نظم کو گاکر سنا رہے ہیں، جسے انھوں نے اسکول میں سیکھا ہے، اپنی چوتھی کلاس کی نصابی کتاب، بال بھارتی سے۔
یہ نظم ڈی این گانوکر (۱۹۷۱-۱۹۱۵) کی ہے، جو ایک شاعر اور فوٹوگرافر تھے، اور جو ۴۴-۱۹۴۲ میں قائم کی گئی ’لال باوتا کلا پاٹھک‘ یا ’ریڈ فیلگ کلچرل اسکواڈ‘ کے ایک رکن تھے، اس اسکواڈ کے دیگر رکن تھے عمرو شیخ اور انا بھاؤ ساٹھے۔ یہ تینوں اپنے زمانے اور بعد کے قلم کاروں کی نظر میں ’’عوام اور سنیُکت مہاراشٹر تحریک کے درمیان کی کڑی‘‘ تھے۔ (یہ تحریک مراٹھی زبان بولنے والوں کے لیے ایک علاحدہ مہاراشٹر ریاست کی تشکیل کے لیے شروع کی گئی تھی، ریاست کا قیام یکم مئی، ۱۹۶۰ کو عمل میں آیا تھا۔)
۱۹۴۰ کے عشرے میں ان ادیبوں کے گانے اور شاعری ممبئی کی کپڑا ملوں میں کام کرنے والوں اور دیگر مزدوروں کے درمیان کافی مقبول تھی۔
اس جگہ کو چھوڑے ہوئے ہمیں عرصہ ہو چکا ہے، لیکن وہ الفاظ ہمارے کانوں میں اب بھی گونج رہے ہیں: ’’ہم قائم کریں گے برابری، کبھی نہ ختم ہونے والا اتحا... کوئی بھی چھوٹا نہیں ہے، کوئی نہیں ہے غلام یہاں۔‘‘
ہم بچے ہیں اس زمین کے
اس زمین کے خوش قسمت بچے
چلو میدان میں، مل کر گائیں ایک ساتھ
پرندے جیسے گا رہے ہیں جنگلوں میں
ہم بچے ہیں اس زمین کے
اس زمین کے خوش قسمت بچے
ہم نے محنت کی کھیت پر، سال بھر
فصلیں آج لہلہا رہی ہیں جس کے سبب
ہم بچے ہیں اس زمین کے
اس زمین کے خوش قسمت بچے
باجرا، جوار، موتیوں جیسے چمک رہے ہیں
ان موتیوں سے سال بھر ہم کھائیں گے بھاکری
ہم بچے ہیں اس زمین کے
اس زمین کے خوش قسمت بچے
ہم قائم کریں گے برابری، کبھی نہ ختم ہونے والا اتحاد
کوئی بھی مالک نہیں ہے، نہ ہی کوئی غلام یہاں
ہم بچے ہیں اس زمین کے
اس زمین کے خوش قسمت بچے
(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)