’’میں کچھ سبزیاں فروخت کر رہا ہوں، لیکن اس میں زیادہ منافع نہیں ہے۔ ہم سبھی لوگ، زیادہ تر وقت، گھر پر بیکار بیٹھے ہوئے ہیں۔ یہاں کی سیمنٹ فیکٹری کھلی ہوئی ہے، لیکن ہم کام پر نہیں جا رہے ہیں،‘‘ کریم جاٹ نے مجھے کچھّ ضلع کے لکھپت تعلقہ میں اپنے گاؤں، موری سے فون پر بتایا۔ کریم جاٹ فقیرانی جاٹ برادری کے ایک مالدھاری ہیں۔ کچھّی زبان میں ’مال‘ جانوروں کو کہتے ہیں، جب کہ ’دھاری‘ کا مطلب ہے سرپرست یا مالک۔ پورے کچھّ میں مالدھاری گائے، بھینس، اونٹ، گھوڑے، بھیڑ اور بکریاں پالتے ہیں۔

کریم جاٹ جن سبزیوں کی بات کر رہے ہیں، اسے وہ آس پاس کے بازاروں اور گاؤوں سے لیکر آئے ہیں – لیکن انہیں شکایت ہے کہ اس کی انہیں معقول قیمت نہیں مل رہی ہے۔ سیمنٹ فیکٹری کچھ ہی کلومیٹر دور ایک چھوٹے سے شہر میں ہے – لیکن لاک ڈاؤن نے کریم اور ان کے ساتھی فقیرانی جاٹوں کے لیے گھر سے نکلنا بہت مشکل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ، فیکٹری میں پہلے سے ہی بہت سارے مزدور ہیں – زیادہ تر مغربی بنگال اور دیگر جگہوں کے مہاجرین، جو یہیں پھنسے ہوئے ہےیں اور اپنے گھر نہیں جا پا رہے ہیں۔ مہاجرین اور مقامی لوگوں کے درمیان تعلقات کبھی بھی دوستانہ نہیں رہے ہیں۔

کریم جاٹ نے مجھے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے سبب وہ ہند-پاک سرحد کے قریب واقع ساولا پیر کی درگاہ اور وہاں منعقد ہونے والے میلہ میں نہیں جا سکے۔ ’’مقدس ماہِ رمضان شروع ہو چکا ہے۔ اور عید میں ایک مہینہ سے بھی کم وقت بچا ہے،‘‘ وہ فکرمند ہوتے ہوئے کہتے ہیں۔ ’’اس بار کی عید الگ ہوگی۔‘‘

کچھّ میں کووڈ- ۱۹ کا پہلا معاملہ لکھپت تعلقہ کی ایک عورت کا تھا، جو غیر ملکی دورے سے لوٹی تھی۔ اسے مارچ میں بھُج لے جایا گیا، جہاں جانچ کے بعد اسے پازیٹو پایا گیا تھا۔ لکھپت وہ علاقہ ہے، جہاں زیادہ تر اونٹ کے چرواہے رہتے ہیں۔

۲۴ مارچ کو لاک ڈاؤن کے اعلان کے فوراً بعد، کچھّ میں اکثر سرگرمیوں پر روک لگ گئی۔ خاص طور سے اونٹ کے چرواہوں کو تبھی سے سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا ہے کیوں کہ وہ اپنے گھروں سے کافی دور کے مقامات پر رہتے اور اپنے جانوروں کو چراتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ جس علاقے میں رہتے ہیں، وہ بین الاقوامی سرحد کے بے حد قریب یا سرحد پر ہی ہے – اس لیے انہیں انتہائی حساس نشان زد کیا گیا ہے، اور وہاں کا نظم سیکورٹی کے سخت پروٹوکول کے تحت کیا جاتا ہے۔ لاک ڈاؤن کے اچانک اعلان نے متعدد مالدھاریوں کو اتنا وقت ہی نہیں دیا کہ وہ اپنے گاؤں لوٹ سکیں یا وہاں رہ رہی اپنی فیملی کے لیے مناسب مقدار میں کھانے کا انتظام کر سکیں۔

وہ بتاتے ہیں کہ ان کے جانور ابھی ٹھیک ہیں – کیوں کہ وہ چراگاہوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ لیکن اگر لاک ڈاؤن کو اور آگے بڑھایا جاتا ہے، تو ریوڑ کو کھلانا مشکل ہو سکتا ہے۔ اور موسم گرما کے تیزی سے آنے کی وجہ سے گرمی بھی بڑھ سکتی ہے۔

مقامی لوگوں نے مجھے فون پر بتایا کہ نکھت رانا بلاک میں پولس نے ایسے کچھ چراگاہوں کا دورہ کیا ہے جہاں چرواہے اپنے جانوروں کو چرا رہے ہیں اور انہیں ادھر ادھر گھومنے سے منع کیا ہے۔ اس لیے یہ مویشی پرور اگر کہیں جانے کی کوشش کرتے بھی ہیں، تو وہ ان کے اپنے گاؤں ہیں جہاں سے وہ لوگ راشن لاتے ہیں یا کسی دوسرے کام کے لیے جاتے ہیں۔ اور انہیں اس میں بھی مشکل پیش آ رہی ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

کچھّ کی مختلف مویشی پرور (مالدھاری) برادریوں – جیسے رباری، جاٹ اور ساما – کی زندگی اور ثقافتی رسم و رواج ان کے جانوروں کے ارد گرد گھومتے ہیں۔ یہاں تک کہ ان کے گیتوں میں بھی ان کے چرواہا پیشہ کا ذکر ملتا ہے۔ کچھ موسم کے مطابق (مئی جون سے ستمبر کے آخر تک) اور کچھ سال بھر میں اپنے خود کے تعلقہ میں چلے جاتے ہیں۔ لاک ڈاؤن نے ان کے موسمی پیٹرن میں رخنہ ڈال دیا ہے۔

لکھپت تعلقہ کے گل محمد جاٹ جیسے کئی دیگر مالدھاریوں کو غذائی اجناس اور دیگر اشیائے ضروریہ لانے کے لیے پی ڈی ایس کی دکانوں تک پہنچنے میں کافی مشکل ہو رہی ہے ’’ہم اپنے راشن کارڈ شناختی ثبوت کے طور پر اپنے ساتھ رکھتے ہیں،‘‘ وہ بتاتے ہیں، ’’لیکن اس سے ہمیں راشن کی دکانوں سے اپنے کوٹے کا اناج لینے میں کبھی مدد نہیں ملتی ہے، اور ایسا کئی خاندانوں کے ساتھ ہوتا ہے۔‘‘

یہ تو ہوگا ہی، بھُج میں مویشی پروروں کے جانوروں کے لیے افزائشی مرکز چلانے والے رمیش بھٹی کہتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کئی اونٹ والے ۱۰-۱۲ کلومیٹر دور، جنگل یا مشترکہ زمین کے پاس کام کرتے ہیں۔ ’’ان کا گاؤوں یا حکومت کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوتا۔ ان میں سے کئی اپنا راشن کارڈ گاؤں میں رکھتے ہیں، جب کہ خود کہیں اور گھوم رہے ہوتے ہیں... اب اونٹنی کا دودھ اور مالدھاریوں کی دیگر پیداوار کو خریدنے والا کوئی نہیں ہے، اس لیے ان کی آمدنی رک گئی ہے جس کی وجہ سے وہ اشیائے ضروریہ خرید نہیں سکتے۔ وہ اپنے گھر لوٹنے سے بھی گھبرا رہے ہیں کیوں کہ کچھ گاؤوں میں، انہیں اندر آنے نہیں دیا جائے گا۔‘‘

بھٹی آگے کہتے ہیں کہ ان کنبوں کے جو مرد اپنے جانوروں کو باہر چرا رہے ہیں انہیں تو کھانے کے لیے دودھ اور روٹیاں مل جاتی ہیں، لیکن جو عورتیں اور بچے گھروں پر ہیں، انہیں کھانا چاہیے۔ غنیمت ہے کہ، وہ کہتے ہیں، ’’گزشتہ دنوں کچھ گاڑیاں چلنی شروع ہوئی ہیں۔ لیکن انہیں پہلے ہی کافی نقصان ہو چکا ہے۔‘‘

ایسے میں بھوک ایک بہت ہی حقیقی مسئلہ ہے۔ حکومت نے جو کچھ دیا ہے، وہ کافی نہیں ہے۔ ’’اگر آٹھ رکنی فیملی ۱۰ کلو گیہوں پاتی ہے، تو اس پر وہ کتنے وقت تک زندہ رہیں گے،‘‘ وہ سوال کرتے ہیں۔

بھُج کی سہہ جیون نامی تنظیم، جو مویشی پروروں کے لیے ایک مرکز چلا رہی ہے، اور جو مالدھاریوں کے حقوق کے لیے لڑ رہی ہے، اس نے پچھلے دو ہفتے میں کچھ متاثر کنبوں کے لیے بھُج میں تقریباً ۷۰ راشن کٹ تیار کیے۔ اس کٹ میں گیہوں، کپاس کا تیل، مونگ کی دال، چینی، پیاز، آلو، چاول، نمک، مسالے، دھنیا پاؤڈر، ہلدی اور سرسوں شامل ہیں – جن کی مقدار کچھ ہفتوں کے لیے کافی ہے۔ ’’ان کی بدولت ہمیں اپنے دروازے پر راشن ملا،‘‘ کریم جاٹ کہتے ہیں۔ ’’اسی کے سہارے، ہم اب تک زندہ ہیں، لیکن اگر لاک ڈاؤن زیادہ سخت ہوا، تو ہمیں اور بھی چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔‘‘

دھیرے دھیرے چھوٹ دینے کے حکومت کے اعلان سے، جس سے کچھ زرعی سرگرمی بھی دوبارہ شروع ہوگی، کریم جاٹ کہتے ہیں، ’’مجھے اس کی امید ہے – انہیں ایسا کرنا ہی ہوگا۔ ورنہ دنیا کیا کھائے گی؟ ہر کوئی فکرمند ہے۔‘‘

کچھ راشن تو پہنچنے لگے ہیں، لیکن کچھ لوگ دوسرے سامانوں کی کمی کے سبب فکرمند ہیں – ان میں سے ایک جاٹ ایوٹ امین ہیں، جنہیں میں اور میرے دوست پیار سے ’ایوب کاکا‘ (چاچا) کہتے ہیں۔ وہ فقیرانی جاٹ برادری کی عظیم شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ’’ہاں، میرے پاس زندہ رہنے کے لیے راشن موجود ہے،‘‘ وہ فون پر بتاتے ہیں، ’’آپ سبھی اچھے لوگوں کا شکریہ۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کی سب سے افسوسناک بات کیا ہے؟ مجھے میری بیڑی نہیں مل رہی ہے۔‘‘

PHOTO • Ritayan Mukherjee

فقیرانی جاٹ برادری کے بزرگوں میں سے ایک، جاٹ ایوب امین بھچاؤ تعلقہ کے اندر سال بھر کھرائی اونٹوں کو چرانے کا کام کرتے ہیں۔ لیکن حالیہ برسوں میں، رہائشی علاقے ختم ہونے کی وجہ سے چراگاہوں کا ختم ہونا، جانوروں کی تعداد میں کمی اور دیگر اسباب سے ان کی آمدنی میں گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ کووڈ- ۱۹ لاک ڈاؤن کے سبب اونٹنی کا دودھ بیچ کر ہونے والی ان کی آمدنی میں ۳۰ فیصد کی مزید کمی آئے گی۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

گزشتہ چند برسوں سے ساحلی کچھّ میں سیمنٹ صنعت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ موری، طاہرہ اور دیگر سرحدی گاؤوں کے فقیرانی جاٹ کنبوں کے کچھ نوجوانوں کو ایک بڑی سیمنٹ فیکٹری میں یومیہ مزدوروں کے طور پر کام ملا ہے۔ اب، لاک ڈاؤن کے دوران، یہ فیکٹریاں بند ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

فیملی کے جو مرد اپنے جانوروں کو باہر چرانے گئے ہوئے ہیں، انہیں تو کھانے کے لیے دودھ اور روٹیاں مل جاتی ہیں، لیکن گاؤوں میں ان کنبوں کی عورتوں اور بچوں کو کھانے کے لیے روٹی، چاول اور دال کی ضرورت ہے۔ اچانک لاک ڈاؤن نے ان سرحدی گاؤوں میں رہنے والوں کو پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ اور جن چرواہوں نے اپنے راشن کارڈ گاؤوں میں ہی چھوڑ دیے ہیں، اور خود جانوروں کے ساتھ چراگاہوں کے راستے پر ہیں، وہ پی ڈی ایس کی دکانوں سے غذائی اجناس نہیں لے پا رہے ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

کریم جاٹ لکھپت تعلقہ کے موری گاؤوں میں رہتے ہیں۔ پچھلے سال، انہوں نے مویشی پروری سے اپنی گھٹتی کمائی کو پورا کرنے کے لیے ایک آٹورکشہ خریدا تھا۔ وہ کہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے سبب، ’میں اپنا رکشہ باہر نہیں نکال سکتا۔ میں سبزیاں فروخت کرکے اپنی روزی روٹی کمانے کی کوشش کر رہا ہوں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

کئی فقیرانی جاٹوں کو بیڑی اور سگریٹ پینے کی عادت ہے، لیکن لاک ڈاؤن کے سبب تمباکو بھی کم ہی مل پا رہا ہے۔ جاٹ ایوب امین کی شکایت ہے کہ یہ ’بہت افسوس ناک‘ ہے۔

Left: Pastoralist families receiving ration bags from Bhikhabhai Vaghabhai Rabari, president of the Kachchh Unt Uchherak Maldhari Sangathan (Kachchh Maldhari Camel Herders Organisation). Right: Several Fakirani Jat families have received such ration kits from a Bhuj-based organisation working for the rights of the maldharis. The bags include essentials like wheat, lentils, cotton oil, turmeric, spices, salt and rice. The families say this has reduced the pressure on them greatly.
PHOTO • Sahjeevan
Left: Pastoralist families receiving ration bags from Bhikhabhai Vaghabhai Rabari, president of the Kachchh Unt Uchherak Maldhari Sangathan (Kachchh Maldhari Camel Herders Organisation). Right: Several Fakirani Jat families have received such ration kits from a Bhuj-based organisation working for the rights of the maldharis. The bags include essentials like wheat, lentils, cotton oil, turmeric, spices, salt and rice. The families say this has reduced the pressure on them greatly.
PHOTO • Sahjeevan

بائیں: مویشی پرور خانہ بدوش کنبے کچھّ اونٹ اُچھیرک مالدھاری تنظیم کے صدر، بھیکھا بھائی رباری سے راشن کے بورے حاصل کرتے ہوئے۔ دائیں: بہت سے فقیرانی جاٹ کنبوں کو، مالدھاریوں کے حقوق کے لیے لڑنے والے بھج واقع ایک تنظیم سے ایسے راشن کٹ ملے ہیں۔ ان بوریوں میں گیہوں، دال، کپاس کا تیل، ہلدی، مسالے، نمک اور چاول جیسی ضروری اشیاء شامل ہیں۔ ان کنبوں کا کہنا ہے کہ اس سے ان پر دباؤ بہت کم ہو گیا ہے۔

(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)

Ritayan Mukherjee

رِتائن مکھرجی کولکاتا میں مقیم ایک فوٹوگرافر اور پاری کے سینئر فیلو ہیں۔ وہ ایک لمبے پروجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جو ہندوستان کے گلہ بانوں اور خانہ بدوش برادریوں کی زندگی کا احاطہ کرنے پر مبنی ہے۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Ritayan Mukherjee
Translator : Qamar Siddique

قمر صدیقی، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے ٹرانسلیشنز ایڈیٹر، اردو، ہیں۔ وہ دہلی میں مقیم ایک صحافی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Qamar Siddique