آدیواسی علاقوں میں نام رکھنے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے۔ پہلے، جل (پانی)، جنگل، زمین، دن یا تاریخ یا آباء و اجداد سے جڑا کوئی نہ کوئی نام رکھا جاتا تھا۔ لیکن اپنے طریقے سے اپنا نام رکھنے کا یہ حق وقت کے ساتھ ان سے چھِن گیا۔ منظم مذاہب نے مذہب کی تبدیلی کے ساتھ ہی ان سے ان کا یہ بنیادی حق بھی چھین لیا ہے۔ ہر بار ان کا نام بدل دیا جاتا ہے۔ جب آدیواسی بچے شہر کے ماڈرن اسکول میں جاتے ہیں، تو منظم مذہب اپنے حساب سے ان کا نام رکھ دیتے ہیں۔ سرٹیفکیٹ میں ان کا نام جبراً بدل دیا جاتا ہے۔ اس طرح ان کی زبان، ان کے نام، ان کی ثقافت، ان کی پوری تاریخ کا دھیرے دھیرے قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس قتل کو ایک خوبصورت نام دیا جاتا ہے۔ اس طرح نام بدلنے کے پیچھے پوری ایک سازش ہے۔ آج ہم اس زمین کو تلاش کر رہے ہیں، جس سے ہماری تاریخ جڑی ہے۔ وہ دن، تاریخ ڈھونڈ رہے ہیں جس پر ہمارا نام لکھا ہے۔

جسِنتا کیرکیٹّا کی آواز میں، ہندی میں یہ نظم سنیں

پرتشٹھا پانڈیہ کی آواز میں، انگریزی میں ترجمہ کی گئی یہ نظم سنیں

یہ کس کا نام ہے؟

میں سوموار (پیر) کو پیدا ہوا
اس لیے سومرا کہلایا
میں منگل وار (منگل) کو پیدا ہوا
اس لیے منگل، منگر یا منگرا کہلایا
میں برہسپتی وار (جمعرات) کو پیدا ہوا
اس لیے بِرسا کہلایا

میں دن، تاریخ کی طرح
اپنے وقت کے سینے پر کھڑا تھا
پر وہ آئے اور انہوں نے میرا نام بدل دیا
وہ دن، تاریخیں سب مٹا دیں
جس سے میرا ہونا طے ہوتا تھا

اب میں رمیش، نریش اور مہیش ہوں
البرٹ، گلبرٹ یا الفریڈ ہوں
ہر اس دنیا کے نام میرے پاس ہیں
جس کی زمین سے میری کوئی وابستگی نہیں
جس کی تاریخ میری تاریخ نہیں

میں ان کی تاریخ کے اندر
اپنی تاریخ ڈھونڈ رہا ہوں
اور دیکھ رہا ہوں
دنیا کے ہر کونے میں، ہر جگہ
میرا ہی قتل عام ہے
اور ہر قتل کا کوئی نہ کوئی خوبصورت نام ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Poem and Text : Jacinta Kerketta

اوراؤں آدیواسی برادری سے تعلق رکھنے والی جیسنتا کیرکیٹا، جھارکھنڈ کے دیہی علاقوں میں سفر کرتی ہیں اور آزاد قلم کار اور نامہ نگار کے طور پر کام کرتی ہیں۔ وہ آدیواسی برادریوں کی جدوجہد کو بیان کرنے والی شاعرہ بھی ہیں اور آدیواسیوں کے خلاف ہونے والی نا انصافیوں کے احتجاج میں آواز اٹھاتی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Jacinta Kerketta
Painting : Labani Jangi

لابنی جنگی مغربی بنگال کے ندیا ضلع سے ہیں اور سال ۲۰۲۰ سے پاری کی فیلو ہیں۔ وہ ایک ماہر پینٹر بھی ہیں، اور انہوں نے اس کی کوئی باقاعدہ تربیت نہیں حاصل کی ہے۔ وہ ’سنٹر فار اسٹڈیز اِن سوشل سائنسز‘، کولکاتا سے مزدوروں کی ہجرت کے ایشو پر پی ایچ ڈی لکھ رہی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Labani Jangi
Editor : Pratishtha Pandya

پرتشٹھا پانڈیہ، پاری میں بطور سینئر ایڈیٹر کام کرتی ہیں، اور پاری کے تخلیقی تحریر والے شعبہ کی سربراہ ہیں۔ وہ پاری بھاشا ٹیم کی رکن ہیں اور گجراتی میں اسٹوریز کا ترجمہ اور ایڈیٹنگ کرتی ہیں۔ پرتشٹھا گجراتی اور انگریزی زبان کی شاعرہ بھی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Pratishtha Pandya
Translator : Qamar Siddique

قمر صدیقی، پیپلز آرکائیو آف رورل انڈیا کے ٹرانسلیشنز ایڈیٹر، اردو، ہیں۔ وہ دہلی میں مقیم ایک صحافی ہیں۔

کے ذریعہ دیگر اسٹوریز Qamar Siddique