پدما بائی گاجرے کچھ ہی دنوں میں اپنی زمین کھو سکتی ہیں۔ ’’اگر یہ زمین نہیں ہوتی، تو بھگوان جانے ہم کس طرح سے زندہ رہ پاتے،‘‘ وہ کہتی ہیں۔
آٹھ سال پہلے اپنے ۳۹ سالہ شوہر، پنڈھری ناتھ کو ایک موٹر سائیکل حادثہ میں کھونے کے بعد، پدما بائی اپنی فیملی کو اس خسارے سے باہر نکالنے اور مستحکم کرنے کے لیے کڑی محنت کر رہی ہیں۔ پنڈھری ناتھ اپنے پیچھے دو بیٹے، دو بیٹیاں، اپنی ماں اور ۶ء۵ ایکڑ کھیت چھوڑ گئے تھے۔
’’میں ڈری ہوئی اور اکیلی تھی،‘‘ اورنگ آباد کے ویجا پور تعلقہ کے ہاڈس پمپل گاؤں میں اپنی فیملی کے دو کمرے والے گھر میں بیٹھی وہ کہتی ہیں۔ ’’میرے بچے چھوٹے تھے۔ مجھے وہ سبھی ذمہ داریاں نبھانی پڑیں، جن کی مجھے عادت نہیں تھی۔ باورچی خانہ کے ساتھ ساتھ میں نے کھیت کی بھی نگرانی کرنی شروع کر دی۔ آج بھی، میں کھیت پر اتنا ہی کام کرتی ہوں۔‘‘






