’’یہاں کی ہلبی اور گونڈی زبانوں میں اسے گھوڑونڈی کہتے ہیں۔ اس کا مطلب ہے گھڑسواری۔ اس چھڑی کے ساتھ جب آپ چلتے یا دوڑتے ہیں، تو آپ کو گھوڑے کی سواری کرنے جیسا محسوس ہوتا ہے،‘‘ کیبائب لینگا (مردم شماری میں کیوائب لینگا کے طور پر درج) کے ساکن اور ٹیچر، گوتم سیٹھیا کہتے ہیں۔
چھتیس گڑھ کے بستر علاقے میں کونڈا گاؤں ضلع کے کونڈا گاؤں بلاک کے اس گاؤں کی جھگڑہِن پارہ بستی میں، نوعمر لڑکے – میں نے کسی بھی لڑکی کو یہاں گھوڑونڈی کے ساتھ کھیلتے ہوئے نہیں دیکھا ہے – ہریلی اماوَسیا (جولائی- اگست کے آس پاس) کے مبارک دن چھڑی کی سواری کرتے ہیں۔ یہ سواری اور کھیل اگست- ستمبر میں گنیش چترتھی کے فوراً بعد، نیاکھانی (یا چھتیس گڑھ کے دیگر حصوں میں نواکھانی) تک جاری رہتا ہے۔