وٹھوبا یادو، ستارا ضلع کے مان تعلقہ میں واقع مہسوَڈ شہر میں بکریوں کے بازار میں بیٹھے ہیں اور اپنی بکری اور اس کے ایک مہینہ کے بچے کو بیچنے کے لیے کسی خریدار کا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ اپنے جانوروں کے ساتھ ایک شیئرنگ جیپ میں بیٹھ کر صبح ۷ بجے ہی یہاں پہنچ گئے تھے اور اب صبح کے ساڑھے ۱۰ بج چکے ہیں۔
دودھ پلانے والی بکری کی قیمت یہاں پر تقریباً ۷۰۰۰ روپے سے ۸۰۰۰ روپے تک ہے، لیکن ۱۶ کلومیٹر دور واقع ولئی گاؤں سے آئے ۸۰ سالہ یادو اپنی بکری کو ۳۰۰۰ روپے تک میں بیچنے کو تیار ہیں۔ پھر بھی، اس بکری کو خریدنے والا ابھی تک کوئی نہیں ملا ہے۔ وٹھوبا یادو بڑی مایوسی سے کہتے ہیں، ’’مجھے کوئی خریدار نہیں ملا۔ کسی نے میرے پاس آ کر اس کی قیمت تک نہیں پوچھی۔‘‘ اب وہ تیزی سے اپنے گاؤں کی طرف جا رہی جیپ کو پکڑنے جا رہے ہیں۔




