نہیں، کشن جی لاری کے پچھلے دروازے (اسے جو بھی کہا جاتا ہو) کی سوراخ سے جھانکنے کی کوشش نہیں کر رہے تھے۔ لاری ویسے بھی خالی تھی، اور تھوڑی دیر پہلے ہی اس نے لاری میں بھرا ہوا سامان اتر پردیش کے مراد آباد شہر کے ٹھیک باہر، اس چھوٹی سی بستی کے کسی گودام میں اتار دیا تھا۔

کشن جی، جن کی عمر ۷۰ سال کے آس پاس ہے، اپنے چھوٹے سے ٹھیلے پر مونگ پھلی، اور گھر میں بنائے گئے کچھ کھانے کے سامان فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیں بتایا، ’’میں کچھ بھول گیا تھا، جسے لینے کے لیے گھر گیا ہوا تھا۔ اور جب واپس لوٹا، تو دیکھا کہ اتنی بڑی لاری میرے آدھے ٹھیلہ پر بیٹھی ہوئی تھے۔‘‘

ہوا یہ تھا کہ لاری کے ڈرائیور نے اپنی گاڑی یہاں پارک کر دی تھی، اور اپنی گاڑی کو پیچھے کرتے وقت اس نے کشن جی کی قیمتی جگہ پر قبضہ کر لیا۔ ایسا کرتے وقت اس نے یہ چیک کرنا بھی گوارہ نہیں کیا کہ وہ چھوٹے سے ٹھیلہ کے کافی قریب پہنچ گئی ہے۔ اور پھر وہ ڈرائیور اور اس کا معاون، دونوں وہاں سے غائب ہو گئے، اپنے دوستوں سے ملنے – یا شاید دوپہر کا کھانا کھانے۔ لاری کے پچھلے دروازہ کا اوپری حصہ اس میں پھنس گیا تھا، بلکہ ان کے ٹھیلے کے اوپر چڑھ گیا تھا اور وہ اسے کسی طرح اس میں سے نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔ کشن جی کی نظر تھوڑی کمزور تھی، لیکن وہ لاری کے اندر جھانک کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ آخر وہ ٹھیلے میں کس جگہ پھنسی ہوئی ہے۔

ہم حیران تھے کہ پتہ نہیں ڈرائیور اور اس کا معاون کہاں چلے گئے۔ کشن جی کو بھی معلوم نہیں تھا کہ وہ کہاں ہیں اور کون ہیں، لیکن انہیں لعن طعن کرنا آتا تھا، جس کا وہ کھل کر اظہار کر رہے تھے۔ اتنی عمر کا ہونے کے باوجود، وہ ان رنگین الفاظ کو بھولے نہیں تھے۔

کشن جی اُن بے شمار چھوٹے سامان فروشوں میں سے ایک تھے، جو اپنا سامان ٹھیلے پر رکھ کر فروخت کرتے ہیں۔ اس بات کا کوئی مستند تخمینہ موجود نہیں ہے کہ اس ملک میں ایسے کتنے کشن جی موجود ہیں۔ خاص کر ۱۹۹۸ تک ایسی کوئی تعداد موجود نہیں تھی، جب میں نے یہ تصویر کھینچی تھی۔ انہوں نے بتایا، ’’میں اس حالت میں نہیں ہوں کہ اس ٹھیلے کو دھکا دیتے ہوئے بہت دور تک پیدل چل سکوں، اسی لیے میں ۳-۴ بستیوں میں ہی جا کر اپنا سامان فروخت کرتا ہوں۔‘‘ انہیں لگا کہ ’’اگر آج میں ۸۰ روپے کما لیتا ہوں، تو میرے لیے یہ ایک اچھا دن ہوگا۔‘‘

ہم نے ان کے پھنسے ہوئے ٹھیلے کو نکالنے میں ان کی مدد کی۔ اور انہیں اسے دھکا دے کر دور لے جاتے ہوئے دیکھتے رہے، اس امید کے ساتھ کہ آج ان کی ۸۰ روپے کی کمائی ضرور ہوگی اور ان کا دن اچھا رہے گا۔

مترجم: محمد قمر تبریز

P. Sainath
psainath@gmail.com

పి సాయినాథ్ పీపుల్స్ ఆర్కైవ్స్ ఆఫ్ రూరల్ ఇండియా వ్యవస్థాపక సంపాదకులు. ఆయన ఎన్నో దశాబ్దాలుగా గ్రామీణ విలేకరిగా పని చేస్తున్నారు; 'Everybody Loves a Good Drought', 'The Last Heroes: Foot Soldiers of Indian Freedom' అనే పుస్తకాలను రాశారు.

Other stories by P. Sainath
Translator : Qamar Siddique

కమర్ సిద్దీకీ, పీపుల్స్ ఆర్కైవ్ ఆఫ్ రూరల్ ఇండియాలో ఉర్దూ భాష అనువాద సంపాదకులుగా పనిచేస్తున్నారు. ఆయన దిల్లీకి చెందిన పాత్రికేయులు.

Other stories by Qamar Siddique