رینو ٹھاکر کافی لگن سے کام کرتی ہیں، اپنے گاہک کے ابرو سنوارنے کے لیے باریک دھاگے کا استعمال بہت ہی صفائی سے کرتی ہیں۔ کملیہر گاؤں سے تعلق رکھنے والی بیوٹیشئن رینو کہتی ہیں، ’’یہاں کالج میں پڑھنے والی تقریباً تمام لڑکیاں اپنے ابرو مجھ سے ہی بنواتی ہیں۔‘‘
’’میک اپ کا یہ سب سے مشکل کام ہے۔‘‘ وہ اپنی گاہک جیوتی کے چہرے پر فاؤنڈیشن کی ایک پتلی پرت لگاتے ہوئے اور اس کی آنکھوں کے گرد برش پھیرتے ہوئے کہتی ہیں۔ ۳۲ سالہ بیوٹیشیئن کہتی ہیں، ’’یہ کریم جِلد کو تروتازہ رکھے گی جس سے میک اپ میں اور زیادہ نکھار آئے گا۔‘‘
رینو گزشتہ ۱۱ سالوں سے بیوٹی انڈسٹری میں ہیں، انہوں نے ۲۱ سال کی عمر میں ہی یہ کام شروع کر دیا تھا۔ ’’میں نے بچپن سے ہی بیوٹی پارلر کا کام سیکھنے کے بارے میں سوچا تھا۔ مجھے یہ پیشہ واقعی میں بہت پسند ہے اور میں اس وقت سے ہی یہ سب سیکھنا چاہتی تھی، جب میں بہت چھوٹی تھی۔‘‘ جب وہ ۱۶ سال کی تھیں، تو چھٹیاں گزارنے دہلی گئیں، جہاں ان کے والد اس وقت کام کرتے تھے۔ وہاں، انہوں نے ۳۰۰۰ روپے فیس دے کر تقریباً چھ مہینے کا میک اپ کورس کیا۔ رینو کہتی ہیں، ’’میں نے یہ کورس کرنے کا فیصلہ کیا، کیوںکہ میرے گاؤں میں کسی نے یہ کورس نہیں کیا تھا۔‘‘










