سال ۲۰۲۴ پاری لائبریری کے لیے سنگ میل ثابت ہوا ہے – ہم نے اس سال ریکارڈ تعداد میں رپورٹوں کو جمع اور شائع کیا ہے۔ ان میں قانون، کتابیں، عہد نامے، مضامین، مجموعے، لغات، سرکاری رپورٹ، پمفلیٹ، سروے اور تمام تحریریں شامل ہیں۔
اس دوران کئی اور ریکارڈ بھی ٹوٹے – سال ۲۰۲۴ سب سے گرم سال ثابت ہوا اور ۲۰۲۳ سے آگے نکل گیا، جو اعداد و شمار کے مطابق پچھلا سب سے گرم سال تھا۔ بدلتی ماحولیات نے جانداروں کی مہاجر انواع کو کافی متاثر کیا ہے، اور ان میں ہر پانچ میں سے ایک پر ختم ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ اور خود ہندوستان کی مرطوب زمینیں، جھیلں، سروور، تالاب، تال، کولا، بل اور چیروو خطرے میں ہیں۔
آلودگی اور گرمی کے رشتہ کو اچھی طرح سے درج کیا گیا ہے، اور خاص طور پر جنوبی ایشیا میں پارٹیکولیٹ میٹر (ذراتی مادّوں) کے سبب ہوائی آلودگی کی حالت بیحد خراب تھی۔ ہندوستان میں ارتکاز ۴ء۵۴ مائیکروگرام فی مکعب میٹر تھا، جو عالمی ادارہ صحت کے ذریعہ متعینہ حد سے ۱۱ گنا زیادہ ہے۔ نئی دہلی، جہاں ارتکاز ۱ء۱۰۲ مائیکروگرام فی مکعب میٹر کے ارد گرد تھا، وہاں حالات اور بھی خراب تھے، اور ڈیلیوری سروس جیسے کاموں میں لگے ایک ملازم (گگ ورکر) کے تجربات پر مبنی اس کامکس نے حالات کی صحیح تصویر پیش کی۔







