ممتا پریڈ پاری میں ہماری رفیق کار تھیں۔ بہترین صلاحیتوں کی حامل اور نہایت ایمانداری سے اپنے کام کو انجام دینے والی اس نوجوان صحافی کا ۱۱ دسمبر ۲۰۲۲ کو انتقال ہو گیا تھا۔
ان کی پہلی برسی پر ہم آپ کے لیے ایک خاص پوڈکاسٹ لے کر آئے ہیں، جس میں آپ ممتا کی آواز میں ان کی برادری – وارلی – کے لوگوں کی کہانی سن سکتے ہیں۔ وارلی، مہاراشٹر کے پالگھر ضلع کے واڈا تعلقہ کی آدیواسی برادری ہے۔ ممتا کا یہ آڈیو ان کے انتقال سے کچھ مہینے پہلے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ممتا نے وارلی برادری کی، بنیادی سہولیات اور اپنے حقوق کی لڑائی کے بارے میں بہت لکھا۔ وہ ایک بے خوف صحافی تھیں، اور چھوٹے چھوٹے گاؤوں اور بستیوں سے رپورٹنگ کرتی تھیں، جن میں سے کئی تو اب نقشہ سے غائب ہو چکے ہیں۔ وہ بھوک، بچہ مزدوری، بندھوا مزدوری، اسکولی تعلیم تک رسائی، زمین کا مالکانہ حق، بے دخلی، ذریعہ معاش کے علاوہ اور بھی بہت سے موضوعات کا احاطہ کر رہی تھیں۔



