روپیش موہارکر نے تقریباً ۲۰ سال کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کے گروپ کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں اپنے پاس بلا لیا ہے۔
روپیش (۳۱) چیختے ہوئے کہتے ہیں، ’’دھیان لگائیں۔‘‘ سبھی نوجوان ان کی اس بات کو غور سے سنتے ہیں۔ وہ انہیں ’کرو یا مرو‘ کی یاد دلاتے ہوئے کہتے ہیں، ’’کوتاہی کی بالکل بھی گنجائش نہیں ہے!‘‘
تائید میں سر ہلاتے ہوئے سنجیدہ چہروں والے اس گروپ میں نعرہ بلند ہونے لگتا ہے۔ سبھی پرجوش ہو کر، بھاگنا، دوڑنا اور اسٹریچنگ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ ان کی یہ جسمانی تربیت پچھلے ایک مہینہ سے چل رہی ہے۔
اپریل کی ابتدا ہے۔ صبح چھ بجے شہر کا واحد عوامی میدان، بھنڈارا کا شیواجی اسٹیڈیم جوشیلے نوجوانوں کی بھیڑ سے بھرا ہوا ہے۔ یہ نوجوان پسینہ بہا رہے ہیں، ۱۰۰ میٹر اور ۱۶۰۰ میٹر کی دوڑ لگا رہے ہیں، اور قوت برداشت کو مضبوط کرنے کے لیے شاٹ پُٹ اور دوسری ورزشیں کر رہے ہیں۔
ان کے ذہن میں عام انتخابات کی باتیں شاید ہی ہوں، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے لگاتار تیسری بار اپنی دعویداری پیش کی ہے۔ بھنڈارا-گوندیا پارلیمانی حلقہ میں ۱۹ اپریل، ۲۰۲۴ کو پہلے مرحلہ کی ووٹنگ ہوگی، جو ایک طویل، مشکل اور مشقت بھرا انتخابی موسم ہونے والا ہے۔
انتخابی گہما گہمی سے دور ان نوجوان لڑکے لڑکیوں کی توجہ پوری طرح سے ریاستی پولیس کی تقرری سے متعلق تیاریوں پر مرکوز ہے، جس کے لیے درخواستیں جمع کرنے کی کارروائی ۱۵ اپریل کو بند ہو جائے گی۔ اس کے لیے آئندہ کچھ مہینوں میں جسمانی اور تحریری امتحانات ہوں گے تاکہ پولیس کانسٹیبل، کانسٹیبل ڈرائیور، ریاستی ریزرو پولیس فورس، پولیس بینڈز مین اور جیل کانسٹیبل جیسے عہدوں پر تقرری کی جا سکے۔













