ستمبر کے اوائل میں گھوڑا مارا جزیرہ پر مسافر بردار کشتیوں کی سرگرمی میں اچانک اضافہ ہونے لگا ہے۔ مرد، عورت، بچے، اور یہاں تک کہ مویشی بھی، اپنے اپنے دن کی شروعات کرنے کے لیے تیزی سے کشتی سے اتر رہے ہیں۔ سمندر کی اونچی لہروں کی وجہ سے کہیں اور (اکثر اپنے رشتہ داروں کے یہاں) پناہ لینے کے بعد، اب وہ جزیرے پر موجود اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں، کیوں کہ پانی کی سطح کم ہو گئی ہے۔ کشتی کو کاک دویپ کے میدانی علاقوں سے سندر بن کے ڈیلٹا میں موجود اس جزیرہ تک پہنچنے میں ۴۰ منٹ لگتے ہیں، اور وہ ان مسافروں کو مہینہ میں کم از کم دو بار یہاں سے وہاں تک لاتی لے جاتی ہے۔ تاہم، یہ معمول مغربی بنگال کے جنوبی ۲۴ پرگنہ ضلع میں واقع گھوڑا مارا کے اس چھوٹے جزیرہ پر رہنے والے لوگوں کی لمبی جدوجہد کی صحیح ترجمانی نہیں کرتا۔
ماحولیاتی تبدیلی کے سبب بار بار آنے والے طوفان، سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح اور موسلا دھار بارش نے گھوڑا مارا کے لوگوں کی زندگی کو کافی مشکل بنا دیا ہے۔ کئی دہائیوں سے سیلاب اور مٹی کے کٹاؤ نے ہوگلی کے ساحل پر الگ تھلگ موجود ان کے آبائی وطن کو تیرتی ہوئی زمین کے ایک ٹکڑے میں تبدیل کر دیا ہے۔
سمندری طوفان ’یاس‘ جب مئی میں ساحلی علاقوں سے ٹکرایا تھا، تب ساگر بلاک میں واقع گھوڑا مارا، سندربن کے سب سے زیادہ متاثر علاقوں میں سے ایک تھا۔ ۲۶ مئی کو، طوفان کے ساتھ آنے والی سمندر کی تیز لہروں نے جزیرہ کے پشتوں کو توڑ دیا تھا اور ۱۵-۲۰ منٹ کے اندر وہاں کی ہر ایک چیز پانی میں ڈوب گئی تھی۔ اس سے پہلے سمندری طوفان امفن (۲۰۲۰) اور بلبل (۲۰۱۹) کا سامنا کر چکے اس جزیرہ کے لوگوں کو ایک بار پھر تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے گھر کی چھتیں اڑ گئیں، دھان، پان اور سورج مکھی کے کھیت پانی میں بہہ گئے۔
کھاسی مارا گھاٹ کے پاس موجود عبدالرؤف کا گھر، سمندری طوفان کی وجہ سے پوری طرح تباہ ہوگیا تھا۔ یہاں سے تقریباً ۹۰ کلومیٹر دور، کولکاتا میں درزی کا کام کرنے والے رؤف نے بتایا، ’’تین دنوں تک ہمارے پاس کھانے کے لیے کچھ بھی نہیں تھا۔ ہم لوگ بارش کے پانی پر ہی زندہ رہے، اور پلاسٹک کی شیٹ سے اپنی حفاظت کی۔‘‘ وہ اور ان کی بیوی جب بیمار پڑے، تو بقول ان کے، ’’ہر کسی کو شک ہونے لگا کہ ہمیں کووڈ ہے۔‘‘ رؤف آگے کہتے ہیں، ’’کئی لوگ گاؤں چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ ہم وہیں رک گئے، کسی محفوظ جگہ جانے میں ناکام رہے۔‘‘ بعد میں لوگوں نے جب بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) کو رؤف اور ان کی بیوی کے بارے میں بتایا، تب جا کر انہیں طبی مدد مل پائی۔ ’’بی ڈی او نے ہم سے کسی بھی طرح کاک دویپ پہنچنے کے لیے کہا۔ وہاں سے انہوں نے ایک ایمبولینس کا انتظام کروایا۔ ہمیں [طبی نگہداشت پر] تقریباً ۲۲ ہزار روپے خرچ کرنے پڑے۔‘‘ رؤف اور ان کی فیملی تبھی سے جزیرہ پر ایک پناہ گاہ میں رہ رہے ہیں۔
جن لوگوں کے گھر تباہ ہو گئے، ان میں سے کئی لوگوں کو عارضی پناہ گاہوں تک پہنچایا گیا تھا۔ مندرتلہ گاؤں کے لوگوں کو جزیرہ کے سب سے اونچے مقام، مندرتلہ بازار کے ٹینک گراؤنڈ میں ٹھہرایا گیا تھا۔ ان میں سے کچھ لوگوں نے قریب میں ہی ایک تنگ سڑک پر اپنے کیمپ لگا لیے تھے۔ جزیرہ کے ہاٹ کھولا، چُن پوری اور کھاسی مارا علاقے کے ۳۰ خاندانوں کو عارضی طور پر گھوڑا مارا کے جنوب میں واقع ساگر جزیرہ پر پناہ دی گئی تھی۔ تب سے انہیں وہیں پر رہنے کے لیے زمین دے دی گئی ہے۔



























