ابدسا تعلقہ کے موہاڈی گاؤں سے دور، سمندر کے ایک جزیرہ سے تقریباً ۴۰ اونٹ تیر کر واپس لوٹے تھے۔ وہ اسماعیل جاٹ کے تھے، جو فقیرانی جاٹ برادری کے ایک گڈریہ ہیں۔
مجھے یہ دیکھ کر یقین نہیں ہو رہا تھا کہ – اونٹ تیر سکتے ہیں؟ لیکن یہ خوبصورت کھرائی اونٹ تھے – جو مارچ-اپریل سے وسط جولائی تک کی شدید گرمیوں کے دوران، ۳-۴ دن کچھ کے ساحل سے دور کے جزیروں پر رہتے ہیں اور سمندری پیڑ پودوں پر گزارہ کرتے ہیں۔ وہ پانی پینے کے لیے تین کلومیٹر (ایک طرف کا راستہ) چل کر ساحلی گاؤوں آتے ہیں اور پھر جزیروں پر لوٹ جاتے ہیں۔
گجرات کے مال دھاری یا اونٹ چرانے والے ان اونٹوں کے ساتھ ہوتے ہیں۔ عام طور پر دو مرد مال دھاری مل کر ایک ٹیم بناتے ہیں – یا تو دونوں ساتھ تیرتے ہیں یا ان میں سے ایک روٹی اور پانی لے جانے کے لیے چھوٹی کشتی کا استعمال کرتا ہے اور گاؤں واپس آتا ہے۔ دیگر چرواہے اونٹ کے ساتھ جزیرے پر ٹھہرتے ہیں، جہاں وہ اونٹ کے دودھ کے ساتھ کھانا کھاتے ہیں، جو کہ اس برادری کی غذا کا ایک اہم حصہ ہے۔
بارش شروع ہوتے ہی، مال دھاری اپنے اونٹوں کو جزیروں پر ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ ستمبر کے وسط میں وہ انھیں وہاں سے واپس لاتے ہیں اور اس کے بعد بارش پر مبنی گھاس کے میدان اور ساحلی علاقوں میں چرانے لے جاتے ہیں۔ (دیکھیں چراگاہوں کی لامتناہی تلاش )
میں نے تیرنے والے اونٹوں کو پہلی بار ۲۰۱۵ میں دیکھا تھا؛ میں موہاڈی کے ایک مال دھاری کی کشتی میں اونٹوں کے ساتھ گیا تھا، لیکن بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کی اجازت کے بغیر جزیرہ تک نہیں جا سکا تھا۔ یہ علاقہ پاکستان سے ملحق سرحد کے قریب ہے اور سمندر میں آنے جانے والوں پر بی ایس ایف چوکیوں کی کڑی نظر رہتی ہے۔ دریں اثنا، یہ اونٹ پانی میں افق کے اوپر غائب ہونے لگے۔
بعد میں، اسماعیل نے مجھے بتایا کہ گجراتی میں ’کھرائی‘ کا مطلب ’نمکین‘ ہوتا ہے۔ یہ اونٹ خاص نسل کے ہیں جو نباتاتی علاقوں – یہاں، ساحلی پیڑ پودے اور گھاس کے میدانوں – کے ساتھ پوری طرح ڈھل چکے ہیں۔ ان کی غذا میں مختلف قسم کے پودے، جھاڑیاں اور گھاس پھوس شامل ہیں۔ لیکن اگر وہ طویل عرصے تک انھیں نہ کھائیں، تو یہ طاقتور جانور بیمار ہو جاتے ہیں اور مر بھی سکتے ہیں۔
کچھّ میں، دو چرواہا برادری کھرائی اونٹ رکھتے ہیں – رباری اور فقیرانی جاٹ۔ ساما برادری کے لوگ بھی اونٹ رکھتے ہیں، لیکن وہ کھرائی نہیں ہوتے۔ کچھ اونٹ اُچیرک مال دھاری سنگٹھن کے مطابق، گجرات میں تقریباً ۵۰۰۰ کھرائی اونٹ ہیں۔
ان میں سے تقریباً ۲۰۰۰ کھرائی اونٹ کچّھ ضلع میں رہتے ہیں، جہاں کئی جزیرے ہیں اور بڑے علاقوں میں ہریالی پھیلی ہوئی ہے۔ لیکن کسی زمانے میں سبزہ زار جنگل اب تیزی سے ختم ہوتے جا رہے ہیں، جس سے بڑے صنعت کاروں، یا صنعتوں کے لیے وہاں نمک بنانے کا راستہ صاف ہو رہا ہے۔ سرکار نے بڑے چراگاہوں کو محفوظ علاقہ کے نام پر بند کر دیا ہے، یا وہاں حملہ آور گانڈو باور (پروسوپِس جُلی فورا) نسل کے پودے اُگ آئے ہیں۔
جولائی ۲۰۱۸ میں ضلع کی راجدھانی، بھُج سے تقریباً ۸۵ کلومیٹر دور، بھچاؤ تعلقہ کے سفر کے دوران، شاہراہ سے کچھ کلومیٹر اندر، میں نے نمک والے علاقوں کی لامتناہی توسیع دیکھی، جو اس سے کہیں بڑے تھے جو میں نے اپنے گزشتہ دوروں میں دیکھے تھے۔ تب میں تعلقہ کے المیارا علاقے میں، مٹی سے گھرے ایک چھوٹے سے ٹاپو (جزیرہ) پر مبارک جاٹ اور ان کی فیملی سے ملا۔ ان کے بیش قیمتی ۳۰ کھرائی اونٹوں کے لیے سبز چراگاہ تقریباً ختم ہو چکے تھے۔ ’’ہمیں نہیں معلوم کہ ہم آگے کہاں جائیں گے،‘‘ انھوں نے کہا۔ ’’یہاں کچھ بھی ہرا نہیں بچا ہے۔ ہم زندہ رہنے کے لیے اکثر جگہ بدلتے رہتے ہیں، لیکن کب تک؟ نمک کے علاقے ہر جگہ ہیں۔‘‘
اس سال کی شروعات میں، کچھ اونٹ اچیرک مال دھاری سنگٹھن نے دین دیال پورٹ ٹرسٹ کے ذریعے پٹے پر دیے گئے نمک کے بڑے علاقوں کے خلاف نیشنل گرین ٹربیونل (این جی ٹی) سے اپیل کی۔ مارچ ۲۰۱۸ میں، این جی ٹی نے کانڈلا اور سورج باڑی کے درمیان پٹہ کی زمین پر نمک بنانے کی سرگرمی کو روکنے کے لیے ایک عبوری حکم جاری کیا۔ اور گجرات ریاست آلودگی کنٹرول بورڈ، مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ، گجرات کوسٹل ژون مینجمنٹ اتھارٹی (جی سی زیڈ ایم اے)، اور دیگر انتظامیہ کے ذریعے معائنہ کی ہدایت دی گئی۔ معائنہ رپورٹ اپریل میں پیش کی گئی تھی۔ معاملے کی کارروائی ابھی جاری ہے۔
اس کے بعد، جولائی کے سفر کے دوران میں نے کچھ دن لکھپت تعلقہ میں گزارے، جو بھچاؤ سے تقریباً ۲۱۰ کلومیٹر دور ہے اور جہاں کئی فقیرانی جاٹ کنبے رہتے ہیں۔ لیکن اس برادری کے کئی لوگ اب خانہ بدوش نہیں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا ان کے کھرائی اونٹوں کے لیے چراگاہ کی کمی کے سبب ہے۔ موری گاؤں کے کریم جاٹ کہتے ہیں، ’’میں اپنی روایتی زندگی کو چھوڑنا نہیں چاہتا۔ لیکن مجھے یہ کرنا پڑا۔ یہاں بارش کم ہوتی ہے۔ ہریالی ختم ہو رہی ہے یا محفوظ علاقے بن چکے ہیں جہاں ہم اپنے مویشیوں کو نہیں چرا سکتے۔ ہم کیا کریں؟ یہ اونٹ میرے لیے فیملی ممبران کی طرح ہیں۔ ان کی تکلیف مجھ سے دیکھی نہیں جاتی۔‘‘
رمیش بھٹی بھُج واقع پروگرام ڈائرکٹر اور دہلی کے سنٹر فار پیسٹورلزم کے ٹیم لیڈر ہیں۔ وہ نیچرل ریسورس مینجمنٹ، چراگاہوں کے فروغ، معاش اور جنسی ایشوز پر کام کر رہے ہیں۔
مترجم: محمد قمر تبریز