میں نے پرولیا میں بھوانی مہتو سے پوچھا، ’’ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے دوران جب آپ کے شوہر ویدیہ ناتھ کو ۱۳ مہینے کی جیل ہو گئی تھی، تو وہ وقت آپ کے لیے بہت مشکل بھرا رہا ہوگا؟ اتنے بڑے مشترکہ خاندان کو چلانا اور…‘‘
اس سوال کے جواب میں وہ بڑے اطمینان سے، لیکن مضبوطی سے کہتی ہیں، ’’نہیں، وہ جب گھر لوٹ کر آ گئے تب زیادہ مشکلیں جھیلنی پڑیں۔ وہ اپنے دوستوں کو لے کر آتے یا مجھے ان کے لیے کھانا پکانا پڑتا، اور پھر وہ کھانا لے کر چلے جاتے۔ بعض دفعہ ۵، ۱۰، ۲۰ یا اس سے بھی زیادہ لوگوں کا کھانا پکانا پڑتا۔ مجھے ایک پل بھی آرام کرنے کا موقع نہیں ملتا تھا۔‘‘
’’لیکن ظاہر ہے، آپ کا ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے ساتھ رشتہ جو تھا…‘‘
’’مجھے اس سے، یا اس جیسی کسی اور چیز سے کیا لینا دینا تھا؟‘‘ وہ سوال کرتی ہیں۔ ’’میرا اس جدوجہد سے کوئی لینا دینا نہیں تھا، البتہ میرے شوہر ویدیہ ناتھ مہتو اس سے ضرور جڑے ہوئے تھے۔ میں تو بس ایک بڑی فیملی، اتنے سارے لوگوں کی دیکھ بھال میں مصروف تھی، مجھے اتنا سارا کھانا پکانا پڑتا تھا – ہر دن کھانا پکانے کا کام بڑھتا ہی چلا گیا!‘‘ بھوانی کہتی ہیں۔ ’’یاد رکھو، میں کھیتی بھی سنبھالتی تھی۔‘‘
ہمیں بڑی مایوسی ہوئی۔ یہ مایوسی اب ہمارے چہروں سے بھی عیاں ہونے والی تھی۔ ہم لوگ با حیات مجاہدین آزادی کی تلاش میں اتنی دوری طے کرکے مغربی بنگال کے ایک دور افتادہ علاقے میں آئے تھے۔ اور ہمیں مان بازار 1 بلاک کے چیپویا گاؤں میں جو خاتون اس رول کے لیے فٹ نظر آئیں، وہی ہم سے یہ کہہ رہی ہیں کہ ہندوستان کو آزاد کرانے والی اس تاریخی لڑائی سے ان کا کوئی رشتہ نہیں تھا۔
بھوانی مہتو کی عمر ۱۰۱ سے ۱۰۴ سال کے درمیان ہوگی، پھر بھی وہ پوری وضاحت اور فیصلہ کن انداز میں باتیں کر رہی ہیں۔ دور دراز کے دیہی علاقوں میں اکثر غریب لوگوں کی عمر کو درج کرنا مشکل کام رہا ہے۔ اور ایک صدی قبل، جب وہ پیدا ہوئی تھیں، اس وقت تو یہ کام ہوتا بھی نہیں تھا۔ لیکن ہم لوگ بھوانی کی عمر کا صحیح اندازہ لگانے میں کامیاب رہے۔ ان کے آنجہانی شوہر کے ریکارڈ کی بدولت، اور ان کی لمبی چوڑی فیملی کے ممبران سے مل کر، جن میں ان کا بیٹا بھی شامل ہے، جن کی عمر ۷۰ سے ۸۰ سال کے درمیان ہے۔ اس کے علاوہ، پرولیا کے چند گاؤوں میں ان کے ہم عصر اور عمر میں ان سے تھوڑا چھوٹے لوگوں سے مل کر بھی ان کی عمر کا صحیح اندازہ ہو جاتا ہے۔
یہ اندازہ کم از کم اُس عمر کے مقابلے تو زیادہ قابل اعتماد ہے ہی جو یہاں پر اُن کی نسل کے لوگوں کو ناقص آدھار کارڈ سسٹم کے ذریعے زبردستی پکڑا دیا گیا ہے۔ آدھار کارڈ پر بھوانی کا سال پیدائش ۱۹۲۵ لکھا ہوا ہے۔ اس لحاظ سے ان کی عمر ۹۷ سال ہوئی۔
جب کہ ان کی فیملی کا کہنا ہے کہ وہ ۱۰۴ سال کی ہیں۔









