یہ پینل تصاویر پر مبنی نمائش – ’کام ہی کام، عورتیں گُمنام‘ کا حصہ ہے، جس کے تحت دیہی خواتین کے ذریعے کیے جانے والے مختلف قسم کے کاموں کو دکھایا گیا ہے۔ یہ تمام تصویریں پی سائی ناتھ کے ذریعے سال ۱۹۹۳ سے ۲۰۰۲ کے درمیان ملک کی ۱۰ ریاستوں کا دورہ کرنے کے دوران کھینچی گئی ہیں۔ یہاں، پاری نے ایک انوکھے انداز سے تصویر پر مبنی اس نمائش کو ڈیجیٹل شکل میں پیش کیا ہے۔ پہلے یہ نمائش کئی سالوں تک ملک کے زیادہ تر حصوں میں طبیعی طور پر لگائی جاتی رہی ہے۔
صاف صفائی!
آندھرا پردیش کے وجیہ نگرم میں یہ بوڑھی عورت اپنے گھر اور اس کے آس پاس کی جگہوں کو چمکا کر صاف رکھتی ہے۔ یہ گھر کا کام ہے – اور ’عورتوں کا کام‘ بھی۔ لیکن گھر میں، یا عوامی جگہوں پر، ’صفائی‘ کا کام زیادہ تر عورتوں کے ذریعے ہی کیا جاتا ہے۔ اور انہیں اس کام میں پیسہ کم، لوگوں کا غصہ زیادہ جھیلنا پڑتا ہے۔ راجستھان میں لوگوں کو اس قسم کے حالات کا سامنا کچھ زیادہ ہی کرنا پڑتا ہے، جیسے کہ اس عورت کو۔ یہ دلت ہے۔ یہ عورت ہاتھ سے میلا صاف کرتی ہے اور لوگوں کے گھروں میں ٹوائلیٹ کی صفائی کرتی ہے۔ وہ یہ کام راجستھان کے سیکر میں روزانہ تقریباً ۲۵ گھروں میں کرتی ہے۔
اس کے بدلے اسے مزدوری کے طور پر ہر گھر سے روزانہ ایک روٹی ملتی ہے۔ مہینے میں ایک بار، اگر وہ ذرا مہربان ہوئے، تو اسے کچھ روپے بھی دے سکتے ہیں۔ شاید ایک گھر سے دس روپے۔ اہلکار اسے ’بھنگی‘ کہتے ہیں، لیکن وہ خود کو ’مہتر‘ بتاتی ہے۔ اِن برادریوں سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر لوگ خود کو ’بالمیکی‘ کہتے ہیں۔
وہ اپنے سر پر انسانوں کا فضلہ اٹھا کر لے جا رہی ہے۔ مہذب معاشرہ اسے ’رات کی مٹی‘ کہتا ہے۔ وہ ہندوستان کے سب سے غیر محفوظ اور مظلوم شہریوں میں سے ایک ہے۔ اور اکیلے راجستھان کے سیکر میں اس خاتون جیسے ہزاروں شہری ہیں۔
ہندوستان میں ہاتھ سے میلا اٹھانے والے کتنے ہیں؟ ہمیں نہیں معلوم۔ ۱۹۷۱ کی مردم شماری تک، اسے ایک الگ پیشہ کی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ کچھ ریاستوں کی حکومتیں تو یہ بھی ماننے کو تیار نہیں ہوتی ہیں کہ ’رات کی مٹی‘ صاف کرنے والے مزدوروں کا کوئی وجود بھی ہے۔ پھر بھی، خامی سے بھرا، آدھا ادھورا جو کچھ بھی ڈیٹا موجود ہے، وہ بتاتا ہے کہ تقریباً دس لاکھ دلت ہاتھ سے میلا اٹھانے کا کام کرتے ہیں۔ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ ’رات کی مٹی‘ سے جڑے کام زیادہ تر عورتیں کرتی ہیں۔




