دیوی اب کسی بھی وقت زمین پر اترنے والی ہیں، بشرطیکہ نتیانند سرکار کو پوشاک پہننے کا موقع ملے۔ منظوم اداکاری شروع ہونے سے پہلے ہوا میں آواز گونجتی ہے، ’’سات بج چکے ہیں۔ رجت جوبلی گاؤں کے پیارے بھائی بہنوں، اپنی چادریں، ساڑیاں، کپڑے لے کر آ جاؤ۔ ہمیں ایک سبز کمرہ تیار کرنا ہے۔ ’پالا گان‘ – منسا ایلو مورتے [دیوی کی زمین پر آمد] بس شروع ہی ہونے والا ہے۔‘‘ جنوبی ۲۴ پرگنہ ضلع کے گوسابا بلاک کے اس گاؤں میں ستمبر کی شام کو ہونے والا یہ اعلان اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ آنے والی رات خوشی اور جشن سے بھری ہوگی۔
ایک گھنٹہ کے اندر عارضی سبز رنگ کا کمرہ بن کر تیار ہو گیا، جس کے اندر چمکدار پوشاک پہنے فنکار میک اپ کر رہے ہیں، زیورات پہن رہے ہیں اور غیر تحریر کردہ اسکرپٹ سے اپنے اپنے حصے کی لائنوں کی مشق کر رہے ہیں۔ اس پوری ٹیم کی قیادت کرنے والے نتیانند سرکار کی پوشاک ہلکے رنگ کی ہے، اُن خوش مزاج ڈانسر (رقاص) سے مختلف جن سے میری ملاقات ہرنمے اور پرینکا کی شادی کے دوران ہوئی تھی۔ آج وہ منسا، یعنی سانپوں کی دیوی کا کردار ادا کریں گے۔ وہ میری ملاقات دوسرے فنکاروں سے کراتے ہیں، جو آج شام کو منعقد ہونے والے پالا گان میں شرکت کریں گے۔
’پالا گان‘ مقبول دیوی کی اساطیری داستان، ’منگل کاویہ‘ پر مبنی ایک منظوم ڈرامہ ہے۔ یہ منظوم داستانیں اکثر ہندوستان بھر میں پوجے جانے والے متعدد دیوتاؤں جیسے کہ شیو کی تعریف میں سنائی یا گائی جاتی ہیں، لیکن اکثر و بیشتر بنگال کے مقامی دیوی دیوتاؤں پر مبنی ہوتی ہیں جیسے کہ دھرما ٹھاکر، سانپوں کی دیوی ’ماں منسا‘، چیچک کی دیوی ’شیتلا‘، اور جنگل کی دیوی ’بون بی بی‘۔ سامعین کو مسحور کر دینے والے ان منظوم ڈراموں کو پیش کرنے کے لیے فنکاروں کے قافلے سال بھر سندر بن کے جزیروں میں گھومتے رہتے ہیں۔
مغربی بنگال، آسام اور بہار کے کئی حصوں میں اسٹیج پر پیش کیا جانے والا منظوم ڈرامہ، منسا پالا گان، ایک اہم اساطیری نظم ’منسا منگل کاویہ‘ پر مبنی ہے۔ ایسا کہا جاتا ہے کہ یہ نظم ۱۳ویں صدی میں لکھی گئی تھی، جو کہ خیالی پرانی لوک داستانوں پر مبنی تھی۔ بنگال میں ’منسا‘ جنوبی ۲۴ پرگنہ کے ساتھ ساتھ بانکورہ، بیر بھوم اور پرولیا ضلعوں کے دلتوں کی ایک مقبول دیوی ہیں۔ سندر بن کے ہندوستانی علاقے میں، دور دراز گاؤوں میں رہنے والے کئی لوگ ہر سال وشو کرما پوجا کے دن (اِس سال ۱۷ ستمبر کو) سانپوں کی اس دیوی کی پوجا کرتے ہیں اور ’پالا گان‘ ڈرامہ پیش کرتے ہیں۔

























