مکیش رام دیوالی سے ۱۰ دن پہلے اپنے گاؤں محمد پور لوٹ آئے تھے۔ وہ ہماچل پردیش کے شملہ ضلع میں تعمیراتی مقامات پر مزدوری کا کام کرتے تھے۔
چالیس سال کے مکیش ہر سال چھٹھ پوجا منانے کے لیے بہار کے گوپال گنج ضلع میں واقع اپنے گھر لوٹ آتے تھے۔ غور طلب ہے کہ چھٹھ کے تہوار میں دیوالی کے بعد ۶ویں دن اگتے سورج کی پوجا کی جاتی ہے۔
گاؤں لوٹنے کے بعد، وہ گھر سے تقریباً چھ کلومیٹر دور واقع منگل پور پرانا بازار میں ایک تعمیراتی مقام پر مزدوری کرنے لگے تھے۔ وہ صبح ۸ بجے گھر سے نکلتے تھے اور شام ۶ بجے تک گھر لوٹ آتے تھے۔
مگر ۲ نومبر، ۲۰۲۱ کو وہ دیر سے لوٹے اور کچھ دیر بعد ہی سر میں بے تحاشہ درد کی شکایت کرنے لگے۔
وہ صبح تک درد میں مبتلا رہے، اور ان کی آنکھیں بھی بند ہو رہی تھیں۔ حالانکہ، صبح کے وقت مکیش ایک بار کام پر جانے کے لیے تیار بھی ہوئے، مگر درد کی وجہ سے جا نہیں پائے۔
ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے، پربھاوتی نے کرایے پر ایک پرائیویٹ گاڑی بُک کی اور انہیں ۳۵ کلومیٹر دور گوپال گنج شہر کے پرائیویٹ اسپتال لے گئیں۔ ’’سویرے [اسپتال] لے جات، لے جات، ۱۱ بجے مئوگت ہو گئیل [صبح اسپتال لے جاتے، لے جاتے، ۱۱ بجے موت ہو گئی]۔‘‘
شوہر کے گزر جانے کے غم میں ڈوبی ہوئی پربھاوتی (۳۵) شام کو جب لاش کے ساتھ گھر لوٹیں، تب تک ان کے پکّے مکان کو سیل کیا جا چکا تھا۔ محمد پور تھانے کی پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ ماری کی تھی۔










