پانچ دن، ۲۰۰ کلومیٹر، اور ۲۷ ہزار روپے – مہاراشٹر کے بیڈ ضلع میں ریمڈیسیور انجیکشن حاصل کرنا روی بوبڈے کو اتنا مہنگا پڑا۔
یہ سب اُس وقت شروع ہوا، جب اس سال اپریل کے آخری ہفتے میں ان کے والدین میں کووڈ۔۱۹ پازیٹو کی علامت ظاہر ہونے لگی۔ ۲۵ سالہ روی، بیڈ کے ’ہرکی نمگاؤں‘ گاؤں میں اپنے سات ایکڑ کے کھیت سے گزرتے ہوئے یاد کرتے ہیں، ’’دونوں کو بری طرح کھانسی آنے لگی، سانس لینے میں تکلیف ہوئی اور سینے میں درد اٹھنے لگا۔ اس لیے، میں انہیں قریب کے ایک پرائیویٹ اسپتال لے گیا۔‘‘
ڈاکٹر نے فوراً ریمڈیسیور لکھ دی – اینٹی وائرل دوا جس کا استعمال کووڈ۔۱۹ کے علاج میں کیا گیا – جس کی سپلائی بیڈ میں کم تھی۔ روی نے بتایا، ’’میں پانچ دنوں تک ادھر ادھر بھاگتا رہا۔ وقت تھا نہیں اور مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا کرنا ہے۔ اس لیے، میں نے ایک ایمبولینس کرایے پر لی اور اپنے والدین کو سولاپور کے ایک اسپتال میں داخل کرایا۔ ’’میں ایمبولینس میں گزرے اُن چار گھنٹوں کو کبھی نہیں بھول پاؤں گا۔‘‘
والدین – ارجن (۵۵ سال) اور گیتا (۴۸ سال) – کو ماجلگاؤں تعلقہ میں واقع ان کے گاؤں سے تقریباً ۲۰۰ کلومیٹر دور، سولاپور لے جانے کے لیے ایمبولینس کے ڈرائیور نے ان سے ۲۷ ہزار روپے وصول کیے۔ روی نے بتایا، ’’میرا ایک دور کا رشتہ دار ہے، جو سولاپور میں ڈاکٹر ہے۔ انہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ انجیکشن کا انتظام کر دیں گے۔ پورے بیڈ میں لوگ دوا لینے کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔‘‘
ریمڈیسیور، جسے شروع میں ایبولا کے علاج کے لیے تیار کیا گیا تھا، وبائی مرض کے ابتدائی دنوں میں اسپتال میں داخل کووڈ۔۱۹ مریضوں کے علاج میں کارگر پایا گیا۔ حالانکہ، نومبر ۲۰۲۰ میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ریمڈیسیور کے استعمال کے خلاف ’’مشروط تجویز‘‘ جاری کی۔ ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ اس دوا سے اسپتال میں داخل کووڈ۔۱۹ مریضوں کی قوت مدافعت بڑھانے اور دیگر نتائج پر کوئی اثر پڑا۔
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن کی مہاراشٹر شاخ کے سابق چیئرمین ڈاکٹر اویناش بھونڈوے کہتے ہیں کہ حالانکہ اس اینٹی وائرل دوا کو اب علاج کے رہنما خطوط میں شامل نہیں کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ ممنوع نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں، ’’ریمڈیسیور کا استعمال پچھلے کورونا وائرس [SARS-CoV-1] سے نمٹنے کے لیے کیا گیا تھا، اور اسے مؤثر پایا گیا تھا؛ یہی وجہ ہے کہ ہم نے اس کا استعمال کورونا وائرس [SARS-CoV-2 یا کووڈ۔۱۹] کی پہلی لہر کے دوران ہندوستان میں شروع کیا۔‘‘









