انہوں نے میری طرف دیکھا اور پوچھا، ’’تو، آپ کولکاتا سے ہیں؟‘‘ میرا جواب سن کر جیسے ان کی آنکھوں میں چمک آ گئی۔ انہوں نے بتانا شروع کیا، ’’میں بھی کولکاتا اور ہوڑہ جا چکا ہوں۔ کئی بار۔ ہمیشہ کام کی تلاش میں۔ کچھ بار میری قسمت ٹھیک رہی، کبھی کبھی بدقسمتی نے میرا ساتھ نہیں چھوڑا۔ آخرکار، میں کسی طرح یہاں آ گیا۔‘‘
لداخ میں یہ جگہ سمندر کی سطح سے تقریباً ۱۰ ہزار فٹ کی اونچائی پر واقع ہے۔ اور جب دور افتادہ ہمالیہ کے اس ٹھنڈے ریگستانی علاقے میں ٹینٹ لگا کر رہنے کے دوران، دن ڈھلنے کے ساتھ ساتھ باہر کے درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ آنے لگتی ہے، تو جھارکھنڈ واقع اپنے گھر سے تقریباً ۲۵۰۰ کلومیٹر دور رہ رہے راجو مرمو کو جیسے کافی چہل پہل والے جانے پہچانے شہر کی یادوں سے ہی تھوڑی گرماہٹ محسوس ہوتی ہے۔ پھر بجلی کی سہولت کے بغیر رہنے کے سبب راجو اور ان کے ساتھی مہاجر مزدوروں کے ٹینٹ میں اندھیرا دھیرے دھیرے چاروں طرف اپنے پیر جما لیتا ہے۔
۳۱ سالہ راجو جھارکھنڈ کے دُمکا ضلع میں واقع بابوپور گاؤں سے متعینہ وقفہ پر لداخ آتے رہتے ہیں۔ دوسرے بہت سے مزدور بھی یہی کرتے ہیں۔ وہ یہاں آتے ہیں اور ملک کی سب سے اونچی جگہوں میں سے ایک جگہ پر، سڑک بنانے کا کام کرتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں، ’’یہ ہمارا چوتھا سال ہے۔ ہم پچھلے سال بھی آئے تھے۔ آخر اور کیا کر سکتے ہیں؟ ہمارے گاؤں میں تو کوئی کام ملنا نہیں ہے۔‘‘ راجو اور ان کی ریاست کے تقریباً نو لوگ سڑک کی تعمیر کے مقام سے چند کلومیٹر کے فاصلہ پر چھوٹے موٹے خیموں میں رہتے ہیں۔ وہ کھاردونگ گاؤں کے پاس واقع کھاردُنگ لا درّہ (سمندر کی سطح سے ۱۷۵۸۲ فٹ کی اونچائی پر واقع) اور نُبرا وادی (سمندر کی سطح سے اونچائی ۱۰ ہزار فٹ) کے درمیان سڑک بنانے کا کام کر رہے ہیں۔
سرحد پار سے تجارتی لین دین، مذہبی اور ثقافتی آمد و رفت کے لحاظ سے تاریخی لحاظ سے انتہائی اہمیت کے حامل لداخ کے دور دراز اور مین لینڈ سے کٹے ہوئے علاقے بڑی تیزی سے جھارکھنڈ، چھتیس گڑھ، بہار، مدھیہ پردیش، اور ملک کے دیگر علاقوں سے آنے والے مہاجر مزدوروں کے کام کاج کا مرکز بنتے جا رہے ہیں۔ لداخ کی موجودہ نئی انتظامی حالت کے بعد علاقے میں پرائیویٹ بلڈروں کے دخل اور دبدبہ کا امکان بڑھ گیا ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ نے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کے ساتھ مل کر تجارتی اور دفاعی اہمیت رکھنے والے علاقوں میں بنیادی ڈھانچوں میں تبدیلی لانے والے پروجیکٹ میں تیزی بھی لائی ہے۔ اس کا سیدھا مطلب ہے کہ لداخ میں مہاجر مزدوروں کی آمد میں اضافہ ہونے والا ہے۔
وہ گاہے بگاہے سڑک کے کنارے بنے ۱۱ بائی ساڑھے آٹھ مربع فٹ کے ٹینٹ میں اپنی فیملی کے ساتھ رہتے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں۔ فوری طور پر کام چلانے کے لیے لگائے گئے یہ کیمپ سڑک کی تعمیر کے کام کی پیش رفت کے ساتھ ساتھ ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتے رہتے ہیں۔ بیگ اور تمام طرح کے ساز و سامان سے بھرا بھیڑ بھاڑ والا ہر ٹینٹ تقریباً ۱۰ لوگوں کا بسیرا ہوتا ہے، جہاں لوگ ٹھنڈی زمین پر معمولی سی قالین بچھا کر سوتے ہیں۔ وہ کڑکڑاتی ٹھنڈ میں بغیر بجلی کی سہولت کے رہتے ہیں اور عام طور پر صفر سے بھی کم درجہ حرارت پر ذاتی حفاظتی آلات کے معقول انتظام کے بغیر کام کرتے ہیں۔ بے رحم موسم، بنیادی ڈھانچہ میں تبدیلی کے پروجیکٹ میں امید سے زیادہ خرچ اور معیاری میکینکل آلات کی کمی کے سبب، سڑک توڑنے اور بنانے کے دوران ان مزدوروں کو بھاری وزن خود ہی اٹھانا اور ڈھونا پڑتا ہے۔ یہ ساری باتیں سمندر کی سطح سے کافی اونچائی پر واقع اس علاقے میں سامنے آتی ہیں، جہاں آکسیجن کا لیول بھی نسبتاً کم رہتا ہے اور اس کمر توڑ محنت کے عوض ملنے والا پیسہ فیملی کا خرچ چلانے کے لیے بالکل ناکافی ہوتا ہے۔























