محنت کش لوگ گھِس چکی چپلوں کو بھی بچا کر رکھتے ہیں۔ ڈھُلائی کرنے والوں کی چپلوں میں گڑھے پڑ جاتے ہیں اور اس کے تلوے پچک جاتے ہیں، جب کہ لکڑہاروں کی چپلیں کانٹوں سے بھری نظر آتی ہیں۔ اپنی خود کی چپلوں کو لمبا چلانے کے لیے، میں نے اکثر انہیں سیفٹی پن سے جوڑا ہے۔
ہندوستان کے الگ الگ علاقوں کے سفر کے دوران، میں چپل جوتوں کی تصویریں کھینچتا رہا ہوں اور اپنی تصویروں میں ان کہانیوں کو ڈھونڈنا شروع کیا ہے۔ ایسی چپلوں کی کہانیوں کے ذریعے میرا سفر بھی سامنے آتا ہے۔
حال ہی میں، کام کے سلسلے میں اوڈیشہ کے جاجپور کے سفر کے دوران، مجھے بارہ بنکی اور پورن منتیرا گاؤوں کے اسکولوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ جب ہم وہاں جاتے تھے، تو اس کمرے کے باہر، جہاں آدیواسی برادریوں کے لوگ اکٹھا ہوتے تھے، ککافی منظم طریقے سے سجا کر رکھے گئے چپل بار بار میرا دھیان کھینچ لیتے تھے۔
شروع میں، میں نے ان پر زیادہ توجہ نہیں دی، لیکن دو تین دن بعد میں نے ان گھس چکی چپلوں پر غور کرنا شروع کیا جن میں سے کچھ میں تو سوراخ بھی تھے۔
























