جب ہم ملے، تو ان کی عمر تقریباً ۱۰۴ سال رہی ہوگی۔ وہ اپنے کمرے سے باہر آ رہی تھیں، اور سہارا دینے والے بڑھتے ہاتھوں کو فوراً جھڑک دے رہی تھیں۔ اپنی چھڑی کے علاوہ بھوانی مہتو نے زندگی میں کسی کا سہارا نہیں لینا چاہا، اور نہ کبھی لیا۔ اس عمر میں بھی وہ پوری طرح متحرک تھیں، اور چلتی پھرتی اور اٹھتی بیٹھتی تھیں۔ بلکہ مغربی بنگال کے پرولیا ضلع کے چیپوا گاؤں میں رہنے والے ان کے وسیع مشترکہ خاندان کی نسلیں اکثر اپنے گزارہ کے لیے اس کسان اور تنہا گھر کی تمام ذمہ داریاں سنبھالنے والی عورت پر منحصر تھیں، جو ان کی زندگیوں اور ان کے مستقبل کا محور تھیں۔

مجاہدہ آزادی بھوانی مہتو ۳۰-۲۹ اگست، ۲۰۲۴ کی نصف شب کو نیند کی آغوش میں تھیں، اور اسی حالت میں ہم سے جدا ہو گئیں۔ وہ ۱۰۶ سال کی ہو چکی تھیں۔ ان کی وفات کے ساتھ، میری کتاب ’دی لاسٹ ہیروز: ہندوستانی جدوجہد آزادی کے پیدل سپاہی‘ (پنگوئن سے نومبر ۲۰۲۲ میں شائع) میں شامل ۱۶ مجاہدین آزادی میں سے اب صرف چار انقلابی ہی زندہ رہ گئے ہیں۔ ایک معنی میں، بھوانی اُن تمام غیر معمولی مجاہدین آزادی سے الگ تھیں جن کے انٹرویو پاری کی مجاہدین آزادی کی گیلری میں درج ہیں۔ وہ اکیلی تھیں، جنہوں نے گھنٹوں چلی ہماری گفتگومیں آزادی کی عظیم جدوجہد میں اپنے کسی رول سے انکار کیا اور اپنی بات پر بضد رہیں۔ مارچ ۲۰۲۲ میں جب ہم ان سے پہلی بار ملے تھے، تو انہوں نے کہا تھا، ’’اس سے یا کسی بھی دیگر تحریک سے میرا کیا لینا دینا۔‘‘ پڑھیں: مجاہدین آزادی کو کھانا کھلانے والی بھوانی مہتو

ویڈیو دیکھیں: اپنی پہچان کو قبول نہ کرنے والی پرولیا کی مجاہدہ آزادی بھوانی مہتو

سال ۱۹۴۰ کی دہائی میں، بنگال میں زبردست قحط پڑا تھا۔ اُس دوران بھوانی مہتو پر ذمہ داریوں کا بوجھ سب سے زیادہ تھا۔ اُس دوران انہوں نے جو مشکلیں برداشت کیں، ان کا تصور کر پانا بھی ناممکن سی بات لگتی ہے

درحقیقت، ان کی قربانی بہت بڑی تھی، یہاں تک کہ اپنے انقلابی شوہر ویدیہ ناتھ مہتو سے بھی زیادہ، جنہیں مجاہد آزادی کا درجہ ملا ہوا تھا اور ان کی عزت و شہرت بھی تھی۔ مان بازار بلاک میں واقع ان کے گھر جب ہم پہنچے، اس سے ۲۰ سال قبل ہی ویدیہ ناتھ مہتو کا انتقال ہو چکا تھا۔ میری رفیق کار اسمیتا کھٹور اور میں تب بہت مایوس ہوئے، جب انہوں نے پوری مضبوطی کے ساتھ خود کے مجاہدہ آزادی ہونے کو خارج کردیا تھا۔ اور اس کی وجہ کو سمجھنے میں ہمیں گھنٹوں لگے تھے۔

وہ ۱۹۸۰ کی ’سوسنترتا سینک سمّان یوجنا‘ کے مطابق ’سوتنترتا سینانی‘ (مجاہد آزادی) کی تعریف کے حساب سے سوچتی تھیں اور اس کے تئیں ایماندار تھیں۔ خواتین اور برطانوی سلطنت کے خلاف ان کی جدوجہد کو بڑے پیمانے پر اس تعریف سے باہر رکھا گیا؛ اور تحریک میں جیل جانے کو کافی اہمیت دی گئی – جس کی وجہ سے زیر زمین انقلابیوں کا بڑا حصہ بھی اس سے باہر ہو گیا۔ اس سے بھی بدتر بات یہ تھی کہ زیر زمین انقلابیوں سے ان کے کاموں/جرائم کے ’ثبوت‘ مانگے گئے – یعنی کہ برطانوی حکومت کے کاغذوں کی بنیاد پر ہندوستانی جدوجہد آزادی کے ہیروز کی تصدیق کی جا رہی تھی!

جب ہم نے الگ نظریہ سے چیزوں پر نظر ڈالی، الگ طریقے سے ان پر گفتگو کی اور سمجھ پائے، تو بھوانی مہتو کی عظیم قربانی کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔ پرولیا کے جنگلوں میں چھپے زیر زمین انقلابیوں کا پیٹ پالنے کے چکر میں انہوں نے بہت خطرہ اٹھایا تھا۔ وہ اکثر ۲۰ یا اس سے زیادہ انقلابیوں کے لیے کھانا بناتی تھیں اور کھلاتی تھیں – اسی زمانے میں وہ ۲۵ سے زیادہ افراد پر مشتمل خاندان کا پیٹ بھی پال رہی تھیں۔ اس کے علاوہ، ۴۳-۱۹۴۲ میں، جب بنگال کا زبردست قحط اپنے عروج پر تھا، اس وقت اناج پیدا کرنا اور کھیتی کرنا بھی ان کے ہی ذمہ تھا۔ ہندوستان کی جدوجہد آزادی میں ان کا تعاون کتنا ناقابل یقین ہے اور کتنے خطرات سے بھرا رہا ہے!

آپ کی بہت یاد آئے گی بھوانی دیدی۔

PHOTO • P. Sainath
PHOTO • P. Sainath
PHOTO • P. Sainath

پی سائی ناتھ جب سال ۲۰۲۲ میں بھوانی مہتو سے ملے، تو ان کی عمر ۱۰۱ سے ۱۰۴ سال کے درمیان تھی۔ بائیں تصویر میں وہ اپنے بیٹے شیام سندر مہتو (۷۰) کے ساتھ نظر آ رہی ہیں

PHOTO • Courtesy: the Mahato family

سال ۱۹۸۰ کی دہائی کی ایک تصویر، جس میں اپنے شوہر ویدیہ ناتھ اور بہن اُرملا کے ساتھ بھوانی مہتو (درمیان میں)۔ اس سے پہلے کی کوئی فیملی کی تصویر موجود نہیں ہے

PHOTO • Pranab Kumar Mahato

سال ۲۰۲۴ کے لوک سبھا انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے بعد مجاہدہ آزادی بھوانی مہتو

PHOTO • P. Sainath

بھوانی مہتو اپنے گھر کے ۱۳ دیگر ممبران کے ساتھ، جس میں (سب سے نیچے دائیں) ان کے پوتے پارتھ سارتھی مہتو بھی شامل ہیں۔ تصویر لیتے وقت فیملی کے کچھ ممبران موجود نہیں تھے

مترجم: قمر صدیقی

P. Sainath

ପି. ସାଇନାଥ, ପିପୁଲ୍ସ ଆର୍କାଇଭ୍ ଅଫ୍ ରୁରାଲ ଇଣ୍ଡିଆର ପ୍ରତିଷ୍ଠାତା ସମ୍ପାଦକ । ସେ ବହୁ ଦଶନ୍ଧି ଧରି ଗ୍ରାମୀଣ ରିପୋର୍ଟର ଭାବେ କାର୍ଯ୍ୟ କରିଛନ୍ତି ଏବଂ ସେ ‘ଏଭ୍ରିବଡି ଲଭସ୍ ଏ ଗୁଡ୍ ଡ୍ରଟ୍’ ଏବଂ ‘ଦ ଲାଷ୍ଟ ହିରୋଜ୍: ଫୁଟ୍ ସୋଲଜର୍ସ ଅଫ୍ ଇଣ୍ଡିଆନ୍ ଫ୍ରିଡମ୍’ ପୁସ୍ତକର ଲେଖକ।

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ ପି.ସାଇନାଥ
Translator : Qamar Siddique

କମର ସିଦ୍ଦିକି ପିପୁଲ୍ସ ଆରକାଇଭ ଅଫ୍ ରୁରାଲ ଇଣ୍ଡିଆର ଅନୁବାଦ ସମ୍ପାଦକ l ସେ ଦିଲ୍ଲୀ ରେ ରହୁଥିବା ଜଣେ ସାମ୍ବାଦିକ l

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Qamar Siddique