ہم نے ان سے پوچھا کہ ۶۰ سال پہلے جب کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا دو حصوں میں تقسیم ہو گئی، تو وہ دونوں اپنے الگ الگ راستوں پر چل پڑے۔ کیا ان کے من میں ایک دوسرے کے تئیں کوئی تلخی یا کوئی اداسی نہیں پیدا ہوئی؟ آخر یہ تقسیم کسی خوشگوار موڑ پر نہیں ہوئی تھی۔
نلّ کنّو کہتے ہیں، ’’لیکن ہم نے اس کے بعد بھی کئی ایشوز اور تحریکوں میں ساتھ مل کر کام کیا۔ پہلے کی طرح ہی۔ ایک دوسرے کے تئیں ہمارا برتاؤ نہیں بدلا۔‘‘
شنکریہ کہتے ہیں، ’’اب بھی جب ہم ملتے ہیں، تو ہم ایک پارٹی ہی ہوتے ہیں۔‘‘
ہم نے ان سے پوچھا کہ دورِ حاضر میں ملک میں بڑھ رہا فرقہ وارانہ تشدد اور نفرت کے بارے میں ان کے کیا خیالات ہیں؟ کیا انہیں ملک کے وجود پر خطرہ منڈلاتا نظر آتا ہے؟ آخر بات اس ملک کی ہے جسے آزادی دلانے میں انہوں نے برابر کی حصہ داری کی ہے۔
نلّ کنّو کہتے ہیں، ’’جدوجہد آزادی کے دوران بھی ایسا وقت آیا تھا جب چیزیں دھندلی نظر آ رہی تھیں۔ ہم سے کہا گیا تھا کہ آپ جیت نہیں سکتے۔ آپ دنیا کی سب سے بڑی سلطنت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ہم میں سے کچھ کے خاندانوں کو ہمیں جدوجہد سے دور رکھنے کی وارننگ دی گئی تھی۔ لیکن ہم نے ان وارننگز اور دھمکیوں سے پار پا لیا۔ اور بس لڑتے رہے۔ اس لیے ہم آزاد ہیں۔‘‘
دونوں کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں بڑے پیمانے پر اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تاکہ ماضی کی طرح ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ سکیں اور دوسروں سے سیکھیں۔ آر این کے کہتے ہیں، ’’جہاں تک مجھے یاد ہے، ای ایم ایس [نمبودری پاد] کے کمرے میں بھی گاندھی کی تصویر لگی ہوتی تھی۔‘‘
ملک کی موجودہ حالت کے بارے میں جانتے ہوئے بھی وہ دونوں اتنے مطمئن اور امید سے لبریز کیسے ہیں، جب کہ ہم جیسے لاکھوں کروڑوں لوگ اس سے ڈرے ہوئے ہیں؟ نلّ کنّو کندھے اچھالتے ہوئے کہتے ہیں: ’’ہم نے اس سے بھی برا وقت دیکھا ہے۔‘‘
پس نوشت:
سال ۲۰۲۲ میں یوم آزادی کے موقع پر – جس وقت تک ’دا لاسٹ ہیروز: فوٹ سولجرز آف انڈین فریڈم‘ پریس میں چھپنے جا چکی تھی – تمل ناڈو حکومت نے آر این کے کو تگئیسل تملر ایوارڈ سے سرفراز کیا۔ یہ ریاست کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے، جس کی شروعات سال ۲۰۲۱ میں کی گئی۔ یہ انعام ان مخصوص لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے تمل ناڈو اور تمل لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے عظیم تعاون دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے فورٹ سنٹ کالج کی فصیل پر آر این کے کو اس انعام اور اس کے ساتھ ملنے والے ۱۰ لاکھ روپے سے نوازا تھا۔
مترجم: قمر صدیقی