ایک ماہر حیاتیات ہے، ایک فوج کا جوان ہے، ایک گھریلو خاتون ہے تو ایک جغرافیہ گریجویٹ۔

موسم گرما کے ایک دن رانچی کی مصروف سڑکوں سے دور چار افراد کا یہ غیرمتوقع گروپ اکٹھا ہوا ہے۔ ان کا تعلق خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروپوں (پی وی ٹی جی) سے ہے اور یہ سبھی جھارکھنڈ کے دارالحکومت میں ریاست کے قبائلی تحقیقی ادارے (ٹی آر آئی) کے ایک تالیفی ورکشاپ میں حصہ لے رہے ہیں۔

’’میری خواہش ہے کہ ہمارے بچے اپنی مادری زبان پڑھ سکیں،‘‘ مال پہاڑیہ برادری سے تعلق رکھنے والے اور ماونو زبان بولنے والے جگن ناتھ گِرہی کہتے ہیں۔ ۲۴ سالہ جگن ناتھ معدومیت کے خطرے سے دوچار اپنی مادری زبان ماونو کی قواعد تحریر کرنے رانچی کے ٹی آر آئی میں حاضر ہوئے ہیں۔ وہ دمکا ضلع میں واقع اپنے گاؤں سے ۲۰۰ کلومیٹر سے زیادہ دوری کا سفر طے کر کے یہاں آئے ہیں۔

ان کے چند دوسرے منصوبے بھی ہیں: ’’ہماری یہ بھی خواہش ہے کہ ہم ماونو زبان میں ایک کتاب شائع کریں۔‘‘ وہ اپنے گاؤں بلیاکھوڑہ کے واحد شخص ہیں جہنوں نے ہندی ذریعہ تعلیم کے ساتھ حیاتیات میں ایم ایس سی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ’’زیادہ آبادی والی برادری کی زبان یونیورسٹی میں پڑھائی جاتی ہے،‘‘ وہ نشاندہی کرتے ہیں، ’’یہاں تک کہ جھارکھنڈ اسٹاف سلیکشن کمیشن (جے ایس ایس سی) کا نصاب کھورٹھا اور سنتھالی جیسی آدیواسی زبانوں میں آسانی سے دستیاب ہے، لیکن ہماری زبان [ماونو] میں دستیاب نہیں ہے۔‘‘

’’اگر یہ [حاشیہ کاری] جاری رہی، تو میری زبان آہستہ آہستہ ختم ہو جائے گی۔‘‘ مل پہاڑیہ بولنے والوں میں سے تقریباً ۱۵ فیصد کا تعلق جھارکھنڈ سے ہے۔ باقی پڑوسی ریاستوں میں رہتے ہیں۔

ان کی زبان ماونو ایک ہند آریائی زبان ہے جس میں دراوڑی اثرات نمایاں ہیں۔ معدومیت کے خطرے سے دوچار اس زبان کے بولنے والوں کی تعداد ۴۰۰۰ سے بھی کم ہے، اور اسے سرکاری زبان کا درجہ حاصل نہیں ہے۔ لسانی جائزہ ہند (ایل ایس آئی) جھارکھنڈ کے مطابق اسکولوں میں ماونو کا استعمال ذریعہ تعلیم کے طور پر نہیں کیا جاتا ہے اور نہ ہی اس کا کوئی علاحدہ رسم الخط ہے۔

Members of the Mal Paharia community in Jharkhand rely on agriculture and forest produce for their survival. The community is one of the 32 scheduled tribes in the state, many of whom belong to Particularly Vulnerable Tribal Groups (PVTGs)
PHOTO • Ritu Sharma
Members of the Mal Paharia community in Jharkhand rely on agriculture and forest produce for their survival. The community is one of the 32 scheduled tribes in the state, many of whom belong to Particularly Vulnerable Tribal Groups (PVTGs)
PHOTO • Ritu Sharma

جھارکھنڈ سے تعلق رکھنے والے مال پہاڑیہ برادری کے اراکین اپنی بقا کے لیے زراعت اور جنگلات کی پیداوار پر انحصار کرتے ہیں۔ یہ برادری ریاست کے ۳۲ درج فہرست قبائل میں سے ایک ہے، جن میں سے اکثر کا تعلق خصوصی طور پر کمزور قبائلی گروپوں (پی وی ٹی جی) سے ہے

مال پہاڑیہ برادری اپنی بقا کے لیے زراعت اور جنگلاتی پیداوار پر انحصار کرتی ہے۔ جھارکھنڈ میں انہیں پی وی ٹی جی کے طور پر درجہ بند کیا گیا ہے اور ان میں سے زیادہ تر دمکا، گوڈا، صاحب گنج اور پاکور اضلاع میں مقیم ہیں۔ برادری کے لوگ صرف گھر میں ہی ماونو بولتے ہیں۔ چونکہ تمام سرکاری مواصلات ہندی اور بنگالی جیسی غالب زبانوں میں ہوتے ہیں، اس لیے انہیں ڈر ہے کہ ان کی زبان ختم ہو سکتی ہے۔

ماونو زبان بولنے والے منوج کمار دِہری بھی جگن ناتھ سے متفق ہیں۔ پاکوڑ ضلع کے سہرپور گاؤں سے تعلق رکھنے والے ۲۳ سالہ منوج کمار ایک جغرافیہ گریجویٹ ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’’ریاست کی جانب سے ہندی اور بنگلہ کو بطور ذریعہ تعلیم ترجیح دینے سے ماونو کو فائدے سے زیادہ نقصان پہنچ رہا ہے۔‘‘ جھارکھنڈ کے زیادہ تر اسکولوں اور کالجوں میں ذریعہ تعلیم ہندی ہے اور اساتذہ بھی ہندی بولنے والے ہیں۔

یہاں غالب زبانوں کے علاوہ، ’رابطے کی زبانوں‘ کا بھی مسئلہ ہے۔ رابطے کی زبانیں وہ ہیں جنہیں آدیواسی برادریاں ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کے لیے استعمال کرتی ہیں، اور جو اکثر علاقے کی مقامی اور غالب زبان کے درمیان پل کا کام کرتی ہیں۔

’’کسی بچے سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ واحد رابطے کی زبان میں بات کرے، جسے عام طور پر سبھی لوگ سمجھتے ہوں۔ اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ بچہ اپنی مادری زبان سے مزید دور ہو جاتا ہے،‘‘ پرمود کمار شرما، جو ایک ریٹائرڈ استاد ہیں، کہتے ہیں۔ وہ  ٹی آر آئی کی طرف سے پی وی ٹی جی کی معاونت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں۔

ماونو کے معاملے میں رابطے کی زبانوں کی حیثیت سے کھورٹھا اور کھیتڑی کم استعمال شدہ ماونو بولنے والوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ ’’غالب برادریوں کی زبانوں کے زیر اثر ہم اپنی مادری زبان کو فراموش کر رہے ہیں،‘‘ منوج مزید کہتے ہیں۔

PVTGs such as the Parahiya, Mal-Paharia and Sabar communities of Jharkhand are drawing on their oral traditions to create grammar books and primers to preserve their endangered mother tongues with the help of a writing workshop organized by the Tribal Research Institute (TRI) in Ranchi
PHOTO • Devesh

جھارکھنڈ کی پرہیہ، مال پہاڑیہ اور سبر جیسی پی وی ٹی جی برادریاں رانچی میں ٹرائبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (ٹی آر آئی) کے زیر اہتمام تالیفی ورکشاپ کے ذریعہ معدومیت کے خطرے سے دوچار اپنی مادری زبانوں کی تحفظ کے لیے اپنی زبانی روایات پر عمل کرتے ہوئے قواعد اور اور درسی کتابیں تخلیق کر رہی ہیں

دو ماہ کے عرصے پر محیط اس ورکشاپ کے اختتام کے بعد معدومیت کے خطرے سے دوچار ان زبانوں کے بولنے والے شرکا میں سے ہر ایک کے پاس ایک درسی قاعدہ ہوگا۔ یہ کتاب ان کی متعلقہ مادری زبان کے قواعد کا بنیادی خاکہ پیش کرے گی۔ یہ اپنی نوعیت کی انوکھی کتابیں ہوں گی جنہیں ماہرین لسانیات نے نہیں بلکہ برادری کے لوگوں نے لکھی ہیں۔ انہیں امید ہے کہ ان کی کوششوں سے حالات میں بہتری آئے گی۔

’’دیگر [غیر پی وی ٹی جی] برادریوں کو اپنی زبان میں تحریر کردہ کتابوں تک رسائی حاصل ہے۔ جب وہ اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرتے ہیں، تو انہیں روزگار کے بہتر مواقع دستیاب ہوتے ہیں،‘‘ جگن ناتھ نشاندہی کرتے ہیں۔ لیکن ان کی برادری کے لیے یہ تب ممکن ہے جب وہ بھی اپنی زبان بولتے رہیں۔ ’’آج صرف میرے دادا دادی اور والدین ہی روانی سے ماونو بول سکتے ہیں۔ ہمارے بچے گھر پر سیکھنے کے بعد ہی یہ زبان بول سکیں گے۔‘‘

*****

سال ۲۰۱۱ کی مردم شماری میں ہندوستان میں ۱۹۰۰۰ سے زیادہ مادری زبانوں کا اندراج کیا گیا ہے۔ ان میں سے صرف ۲۲ زبانیں آئین کی آٹھویں جدول میں سرکاری طور پر تسلیم شدہ ہیں۔ کئی مادری زبانوں کو ’زبان‘ کا درجہ رسم الخط کے فقدان یا اسے بولنے والوں کی کم ہوتی تعداد کی وجہ سے نہیں ملتا۔

جھارکھنڈ میں ۳۱ سے زیادہ مادری زبانوں کو سرکاری زبان کا درجہ حاصل نہیں ہے، جس کی وجہ سے ۸ویں شیڈول میں شامل دو زبانوں ہندی اور بنگالی جھارکھنڈ کی غالب زبانیں ہیں۔ انہیں اسکولوں میں پڑھایا جاتا ہے اور ریاست کی طرف سے رسمی مواصلت میں استعمال کیا جاتا ہے۔ سنتھالی جھارکھنڈ کی واحد آدیواسی زبان ہے جو ۸ویں شیڈول کی زبان کے طور پر درج ہے۔

ریاست کی ۳۱ دیگر زبانوں، خاص طور پر پی وی ٹی جی کی زبانوں، پر معدومیت کا حقیقی خطرہ منڈلا رہا ہے۔

’’ہماری بھاشا مکس ہوتی جا رہی ہے [ہماری مادری زبان مخلوط ہوتی جا رہی ہے]،‘‘ سبر برادری کی نمائندگی کرنے والے ایک فوجی جوان مہادیو (اصل نام نہیں) کہتے ہیں۔

PHOTO • Devesh

جھارکھنڈ میں ۳۲ مادری زبانیں ہیں، جن میں سے صرف سنتھالی کو سرکاری حیثیت حاصل ہے۔ اسے آئین کی ۸ویں شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ اس کے باوجود، ہندی اور بنگالی ریاست کی غالب زبانیں ہیں

مہادیو کا کہنا ہے کہ ان کی زبان کا پسماندگی گرام پنچایتوں میں برادری کی کم نمائندگی سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔ ’’سبر برادری کے لوگ بکھرے ہوئے ہیں۔ اس گاؤں میں جہاں ہم رہتے ہیں [جمشید پور کے قریب] وہاں ہمارے صرف ۸ سے ۱۰ کنبے آباد ہیں۔ باقی دیگر آدیواسی برادریوں کے لوگ ہیں اور کچھ غیر آدیواسی بھی ہیں۔ اپنی زبان کو معدوم ہوتے دیکھ کر دکھ ہوتا ہے،‘‘ وہ پاری سے کہتے ہیں۔

مہادیو کا نکتہ یہ ہے کہ ان کی مادری زبان، سَبر کو بمشکل تمام ایک زبان کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے، ’’جو زبان تحریری شکل میں ہوتی ہے، اس کی آواز ہمیشہ پہلے سنی جاتی ہے۔‘‘

*****

ٹی آر آئی کا قیام ۱۹۵۳ میں عمل میں آیا تھا۔ اس ادارے کا مقصد قبائلی برادریوں کے سماجی، اقتصادی، ثقافتی اور تاریخی پہلوؤں پر تحقیق کرکے ان کا رابطہ دوسری برادریوں سے استوار کرنا تھا۔

سال ۲۰۱۸ کے بعد سے، ٹی آر آئی نے کئی کمزور آدیواسی گروپوں کے زبانوں کے قاعدے شائع کیے ہیں جن میں آسور اور بِرجیا شامل ہیں۔ علاوہ از این کتابوں کے اس سلسلے میں کہاوتوں، محاوروں، لوک کہانیوں اور ان زبانوں کی نظموں کو بھی شائع کیا جاتا ہے۔

اگرچہ اس اقدام کے تحت ایسے قاعدے شائع کیے گئے ہیں جن کی تالیف خود برادریوں نے کی ہیں، لیکن اس میں زیادہ کامیابی نہیں ملی ہے۔ جگن ناتھ کہتے ہیں، ’’ہمارے بچے اپنی مادری زبان اسی صورت میں پڑھ سکتے ہیں جب یہ کتابیں ٹی آر آئی کی الماریوں سے نکل کر اسکولوں تک پہنچ جائیں۔‘‘

ٹی آر آئی کے سابق ڈائریکٹر رَنِندر کمار اپنے دور میں ان کتابوں کی اشاعت شروع کرنے میں پیش پیش تھے، لیکن وہ بھی کہتے ہیں، ’’کتابیں ان اسکولوں تک پہنچنی چاہئیں، جہاں پی وی ٹی جی کے بچے پڑھتے ہیں، اسی صورت میں اس کام کا اصل مقصد پورا ہوگا۔‘‘

The TRI had launched the initiative of publishing the language primers of several endangered and vulnerable Adivasi languages of Jharkhand since 2018 including Asur, Malto, Birhor and Birjia. The series of books further includes proverbs, idioms, folk stories and poems in the respective languages
PHOTO • Devesh

ٹی آر آئی نے ۲۰۱۸ سے جھارکھنڈ کی معدومیت کے خطرے سے دوچار کئی کمزور آدیواسی زبانوں کے قاعدے شائع کرنے کی پہل کی تھی، جس میں آسور، مالٹو، برہور اور برجیا شامل ہیں۔ ان کے علاوہ اس سلسلے کے تحت کہاوتوں، محاوروں، لوک کہانیوں اور متعلقہ زبانوں کی نظموں کی اشاعت بھی شامل ہے

سب سے بڑا چیلنج ایسے لوگوں کی شناخت کرنا ہے جو زبان کو روانی سے بول سکتے ہوں۔ پرمود کہتے ہیں، ’’جو لوگ اپنی مادری زبان کو روانی سے بول سکتے ہیں، وہ اکثر لکھنا نہیں جانتے ہیں۔‘‘ لیکن کسی متبادل کی غیرموجودگی میں ان زبانوں کی قواعد تیار کرنے کے لیے ایسے لوگوں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں جن کی زبان شاید اتنی رواں نہیں ہوتی یا جو مخلوط زبان بولتے ہیں اور لکھنا جانتے ہیں۔

’’ہم نے اس کام کے لیے زبان کے اسکالر ہونے کی شرط نہیں رکھی۔‘‘ صرف زبان جاننا کافی ہے۔ جھارکھنڈ ایجوکیشنل ریسرچ کونسل (جے ای آر سی) کے ایک سابق فیکلٹی ممبر پرمود کہتے ہیں، ’’ہمیں یقین ہے کہ اگر بولی جانے والی زبان میں ہی قواعد تیار کیا جائے تو یہ زیادہ عملی ہو گا۔‘‘

ستم ظریفی یہ ہے کہ زبان کے قاعدے، قواعد کی کتابیں اور پی وی ٹی جی کی زبانوں کے وسائل کے لیے دیوناگری رسم الخط کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اگر کسی زبان میں کوئی حرف یا آواز ہے جو ہندی میں موجود ہے اور ان کی زبان میں نہیں ہے تو وہ اس مخصوص زبان کے حروف تہجی کے نظام سے اس آواز کو ہٹا دیتے ہیں۔ ’’ماونو زبان میں حرف ’نڑ‘ موجود ہے، لیکن سبر میں نہیں ہے۔ لہذا، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہم سبر حروف تہجی میں ’نڑ‘ نہ لکھیں، اور صرف ’نہ‘ لکھیں،‘‘ پرمود وضاحت کرتے ہیں۔ اسی طرح جب کوئی آواز یا حرف ہندی میں موجود نہیں ہوتا اور دستاویز سازی کی جانے والی آدیواسی زبان میں موجود ہوتا ہے، تو وہ اس حرف کو متعارف کراتے ہیں اور اس کی توضیح کرتے ہیں۔

’’لیکن ہم صرف رسم الخط ادھار لیتے ہیں، حروف اور الفاظ بہرحال ان کی مادری زبان کی تلفظ کے مطابق لکھے جاتے ہیں،‘‘ ۶۰ سالہ پرمود کہتے ہیں۔

*****

Left: At the end of the workshop spanning over two months, each of the speakers attending the workshop at the TRI will come up with a primer — a basic grammar sketch for their respective mother tongues. This will be the first of its kind book written by people from the community and not linguists.
PHOTO • Devesh
Right: Rimpu Kumari (right, in saree) and Sonu Parahiya (in blue shirt) from Parahiya community want to end the ‘shame’ their community face when they speak in their mother tongue
PHOTO • Devesh

بائیں: دو مہینوں پر محیط ورکشاپ کے اختتام کے بعد ٹی آر آئی کے ورکشاپ میں شرکت کرنے والا ہر زبان دان ایک قاعدہ تیار کرے گا۔ یہ ان کی متعلقہ مادری زبان کے قواعد کا بنیادی خاکہ ہوگا۔ قواعد کی یہ کتاب اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہوگی جسے ماہرین لسانیات نے نہیں بلکہ برادری کے افراد لکھیں گے۔ دائیں: رِمپو کماری (دائیں، ساڑی میں) اور سونو پَرہیہ (نیلے رنگ کی قمیض میں)۔ ان کا تعلق پرہیہ برادری  سے ہے۔ یہ اپنی برادری سے اس شرم کو دور کرنا چاہتے ہیں، جو ان کو اپنی مادری زبان میں بات کرتے وقت محسوس ہوتی ہے

اب شام ڈھل چکی ہے اور جگن ناتھ، منوج اور مہادیو دوسرے شرکاء کے ساتھ مورآبادی چوک پر چائے کے وقفے کے لیے باہر نکلے ہیں۔ زبان کی بحث اب دوسرے پہلوؤں کا احاطہ کرنے لگی ہے، جس میں مادری زبان میں بات کرنے کی ہچکچاہٹ بھی شامل ہے۔

اگر وہ اپنی زبان میں بات بھی کرتے ہیں، تو ہمیشہ ان کی بات نہیں سمجھی جاتی۔ پرہیہ برادری سے تعلق رکھنے والی اور آٹھویں جماعت میں پڑھائی ترک کر دینے والی رمپو کماری کا تجربہ کچھ ایسا ہی رہا ہے۔ سارا دن خاموش رہنے کے بعد آخر کار وہ جھجکتے ہوئے اپنی خاموشی توڑتی ہیں، ’’جب میں پرہیہ میں بات کرتی ہوں تو لوگ ہنستے ہیں،‘‘ اپنی برادری سے باہر شادی کرنے والی ۲۶ سالہ خاتون کہتی ہیں، ’’اگر خود میرے اپنے سسرال والے ہی میرا مذاق اڑائیں، تو میں دنیا کو کیا بتاؤں؟‘‘

وہ اس ’شرم‘ کا خاتمہ چاہتی ہیں جسے وہ اور ان کی برادری کے دوسرے لوگ اپنی مادری زبان میں بات کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ وہ یہ کہہ کر اٹھ جاتی ہیں کہ ’’میں یہاں اس کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی۔ اگر آپ مزید جاننا چاہتے ہو تو میرے گاؤں تشریف لائیں۔‘‘

یہ رپورٹر اس اسٹوری میں تعاون کے لیے رنندر کمار کا شکرگزار ہے۔

پاری کے معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں کے پروجیکٹ (ای ایل پی) کا مقصد ہندوستان کی کمزور زبانوں کی ان کے بولنے والے لوگوں کی آوازوں اور ان کے تجربات کے ذریعے دستاویز سازی کرنا ہے۔

مترجم: شفیق عالم

Devesh

ଦେବେଶ ଜଣେ କବି, ସାମ୍ବାଦିକ, ଚଳଚ୍ଚିତ୍ର ନିର୍ମାତା ଓ ଅନୁବାଦକ। ସେ ପିପୁଲ୍ସ ଆର୍କାଇଭ୍‌ ଅଫ୍‌ ରୁରାଲ ଇଣ୍ଡିଆରେ ହିନ୍ଦୀ ଭାଷା ସମ୍ପାଦକ ଓ ହିନ୍ଦୀ ଅନୁବାଦ ସମ୍ପାଦକ।

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Devesh
Editor : Ritu Sharma

ଋତୁ ଶର୍ମା ପରୀରେ ବିଲୁପ୍ତପ୍ରାୟ ଭାଷା ସମ୍ପାଦକ ଅଟନ୍ତି। ସେ ଭାଷା ବିଜ୍ଞାନରେ ସ୍ନାତକୋତ୍ତର ଶିକ୍ଷା ଲାଭ କରିଛନ୍ତି ଏବଂ ଭାରତରେ କଥିତ ଭାଷାଗୁଡ଼ିକୁ ସଂରକ୍ଷିତ ଓ ପୁନର୍ଜୀବିତ କରିବା ଦିଗରେ କାର୍ଯ୍ୟରତ ଅଛନ୍ତି।

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Ritu Sharma
Translator : Shafique Alam

Shafique Alam is a Patna based freelance journalist, translator and editor of books and journals. Before becoming a full-time freelancer, he has worked as a copy-editor of books and journals for top-notched international publishers, and also worked as a journalist for various Delhi-based news magazines and media platforms. He translates stuff interchangeably in English, Hindi and Urdu.

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Shafique Alam