دوپہر کا وقت ہونے والا ہے اور ڈانسر گولاپی گویاری تیار ہو کر گھر پر انتظار کر رہی ہیں۔ وہ اپنے جسم پر بندھے پیلے دھاری دار دوکھونا کو درست کرتی ہیں، تبھی وہاں آٹھ اسکولی لڑکیاں آتی ہیں۔ سبھی نے آسام کی بوڈو برادری کا روایتی دوکھونا اور لال ارنائی (اسٹول) پہنا ہوا ہے۔
باکسا ضلع کے گوال گاؤں کی رہائشی گولاپی بھی بوڈو برادری سے ہیں اور کہتی ہیں، ’’میں ان نوجوان لڑکیوں کو بوڈو رقص سکھاتی ہوں۔‘‘
کوکراجھار، اودل گیری، چیرانگ اور باکسا ضلع مل کر بوڈو لینڈ بناتے ہیں – آفیشل طور پر جسے بوڈو لینڈ ٹیریٹوریل ریجن (بی ٹی آر) کہا جاتا ہے۔ اس خود مختار علاقہ میں عام طور پر بوڈو لوگ رہتے ہیں، جو آسام میں دیگر قدیم برادریوں کے ساتھ درج فہرست قبائل کے طور پر درج ہیں۔ بی ٹی آر، بھوٹان اور اروناچل پردیش کے پہاڑی دامن کے نیچے برہم پتر ندی کے کنارے واقع ہے۔
’’وہ مقامی تہواروں اور پروگراموں میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرتی ہیں،‘‘ گولاپی بتاتی ہیں، جو تقریباً ۳۰ سال کی ہیں۔ انہوں نے پاری کے بانی ایڈیٹر اور صحافی پی سائی ناتھ کے اعزاز میں اپنے گھر پر فنی پیشکش کی ایک تقریب منعقد کی ہے، جنہیں نومبر ۲۰۲۲ میں اوپیندر ناتھ برہم ٹرسٹ (یو این بی ٹی) کے ذریعہ ۱۹واں ’یو این برہم سولجر آف ہیومینٹی ایوارڈ‘ دیا گیا تھا۔


