تین انگلیاں، ایک گیلا کپڑے کا ٹکڑا اور ہلکا سا لمس۔ ’’مجھے بہت احتیاط برتنی پڑتی ہے۔‘‘
وجیئہ اُس پوترے کُلو مٹھائی کو بنانے کے بارے میں بتا رہی ہیں، جو ساحلی آندھرا پردیش کی مقامی مٹھائی ہے۔ چاول کے اسٹارچ کی مہین کاغذی فلموں سے اور گُڑ اور خشک میوے بھر کر بنائی جانے والی یہ مٹھائی تہوار کے سیزن میں کافی فروخت ہوتی ہے۔ وجیئہ مٹھائی بنانے کے ہنر میں ماہر ہیں اور روزانہ تقریباً ۲۰۰ ریکو بنا لیتی ہیں۔ انہیں مٹھائی بیچنے والے مقامی دکاندار خریدتے ہیں۔ انہوں نے پاری کو بتایا، ’’جب میں پوترے کُلو بناتی ہوں، تو مجھے اپنی پوری توجہ اسی پر مرکوز کرنی پڑتی ہے۔ اس درمیان میں کسی سے بات بھی نہیں کر سکتی۔‘‘
اتریا پورم کے رہائشی جی رام کرشن کہتے ہیں، ’’میرے گھر میں کوئی بھی تہوار، پوجا پاٹھ یا کوئی خاص پروگرام پوترے کُلو کے بغیر ادھورا رہتا ہے۔‘‘ رام کرشن، اتریا پورم میں کچھ دکانوں کو پیکنگ کے سامان اور ڈبے دلانے میں مدد کرتے ہیں۔ وہ فخر سے بتاتے ہیں، ’’مجھے یہ واقعی بہت پسند ہے، کیوں کہ یہ مٹھائی حیرت میں ڈال دیتی ہے! پہلی بات تو یہ کاغذ کی طرح دکھائی دیتی ہے، اور آپ سوچتے ہیں کہ آپ کاغذ کھا رہے ہیں۔ مگر جب آپ اسے کھاتے ہیں، تو یہ آپ کے منہ میں گھل جاتی ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ دنیا میں اس جیسی کوئی دوسری مٹھائی ہوگی۔‘‘
آندھرا پردیش کے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کونسیما ضلع میں ہونے والے چاول سے یہ نازک مٹھائی بنتی ہے۔ مٹھائی بنانے والی کایلا وجیئہ کوٹا ستیہ وتی بتاتی ہیں کہ یہ ’’چاول چپچپا ہوتا ہے، اس لیے کوئی بھی اسے ریکو [مٹھائی کے لیے شیٹ] بنانے کے علاوہ کسی اور چیز میں استعمال نہیں کرتا۔‘‘ ستیہ وتی کا تعلق رام چندر پورم بلاک کے اتریا پورم گاؤں سے ہے۔ اتریا پورم کے پوترے کُلو کو ۲۰۲۳ میں جغرافیائی نشان یعنی جی آئی ٹیگ ملا۔ یہ جی آئی ٹیگ ۱۴ جون، ۲۰۲۳ کو وشاکھاپٹنم میں سر آرتھر کاٹن آتریا پورم پوترے کُلا مینوفیکچررز ویلفیئر ایسوسی ایشن کو دیا گیا تھا۔
پوترے کُلو کے لیے ملا جی آئی ریاست میں کسی غذائی اشیاء کو ملا تیسرا ایوارڈ ہے (اس سے پہلے، یہ تروپتی لڈو اور بندر لڈو کو ملا تھا)۔ آندھرا پردیش میں دستکاری، غذائی اشیاء، زرعی اشیاء اور دیگر متعدد زمروں میں جی آئی والی ۲۱ مصنوعات ہیں۔ پچھلے سال پوترے کُلو کے ساتھ، گوا کی بیبِنکا مٹھائی کو بھی جی آئی ٹیگ ملا تھا اور اس سے پہلے مُرینا کی گزک اور مظفر نگر کے گُڑ کو بھی جی آئی ٹیگ دیا گیا تھا۔




















