ہر صبح، ہمانشی کُبال ایک جوڑی پتلون اور ٹی شرٹ پہنتی ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ، اپنی چھوٹی کشتی کو دھکیل کر پانی میں لے جاتی ہیں۔ شام کو وہ رنگین ساڑی میں ہوتی ہیں اور اکثر اپنے بالوں میں ابولی پھول لگائے گاہکوں کے لیے مچھلی کاٹنے اور اسے صاف کرنے کا کام کرتی ہیں۔
۳۰ سالہ ہمانشی چھوٹی عمر سے ہی مچھلی پکڑنے کا کام کر رہی ہیں – پہلے اپنی فیملی کے ساتھ مالوَن تعلقہ کی ندیوں اور خلیج میں، اور تین سال پہلے کشتی خریدنے کے بعد، اپنے شوہر کے ساتھ بحر عرب میں مچھلی پکڑ رہی ہیں۔ وہ مالوَن کے دانڈی ساحل پر کام کرنے والی ان عورتوں میں سے ایک ہیں جو تیزی سے جال پھینک سکتی ہیں۔ اس تعلقہ کی کل آبادی ۱۱۱۸۰۷ ہے، جس میں سے ۱۰۶۳۵ لوگ ماہی گیر ہیں۔
’’مچھلی چھانٹنے کے لیے میں اپنے شوہر کے ساتھ دیگر کشتیوں پر کام کرتی تھی،‘‘ وہ بتاتی ہیں، ’’لیکن تین سال پہلے ہمارے پاس اپنی چھوٹی [بغیر موٹر والی] کشتی خریدنے کے لیے پیسہ آ گیا تھا، اور تب سے ہم ایک ساتھ مچھلی پکڑ رہے ہیں۔‘‘
پاس میں، ایک نیلامی کی بولی لگانے والا پکارتا ہے ’’تین شے، تین شے دہا، تین شے ویس!‘‘ [۳۰۰، ۳۱۰، ۳۲۰ روپے] جب کہ کئی دیگر ماہی گیر اپنی کشتیوں سے پکڑی گئی مچھلیوں کی ٹوکریاں باہر نکال رہے ہیں اور انہیں سمندر کے ساحل پر نمائش کے طور پر لگا رہے ہیں۔ تاجر اور ایجنٹ مجمع کے درمیان سے اپنا راستہ بناتے ہوئے سب سے اچھے سودے کی تلاش میں مول بھاؤ کر رہے ہیں۔ آوارہ کتّے، بلیاں اور پرندے وہاں پہنچ کر مزے سے اپنے حصے کی مچھلی کھا رہے ہیں۔
’’ہم عام طور پر ہر صبح مچھلی پکڑتے ہیں،‘‘ ہمانشی کہتی ہیں۔ ’’اور اگر خراب موسم یا دیگر اسباب سے ہم نہیں جا سکے، تو مچھلی کاٹنے اور اسے صاف کرنے کے لیے ہم صبح میں بازار جاتے ہیں۔ اور ہر شام کو ہم نیلامی میں شامل ہوتے ہیں۔‘‘
ویسے تو ہندوستان بھر کے زیادہ تر حصوں میں مچھلی پکڑنے کا کام عام طور پر مردوں کے ذریعے کیا جاتا ہے، لیکن ہمانشی جیسے بہت سی عورتیں اس کاروبار کے دیگر اجزا جیسے مچھلی کی پروسیسنگ اور فروخت میں مرکزی رول ادا کرتی ہیں۔ وہ ملک بھر میں ماہی گیری میں، مچھلی پکڑنے کے بعد کی افرادی قوت کی کل تعداد کا تقریباً ۶۶ اعشاریہ ۷ فیصد ہیں، اور اس صنعت کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ گزشتہ سمندری مچھلیوں کی گنتی (۲۰۱۰) کے مطابق، مچھلی پکڑنے کے بعد کی افرادی قوت میں (مچھلی پکڑنے کے بنیادی عمل کو چھوڑ کر تمام سرگرمیوں میں) تقریباً ۴ لاکھ عورتیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، تقریباً ۴۰ ہزار عورتیں ماہی پروری کے لیے ’مچھلیوں کے بیج‘ (یا انڈے) جمع کرنے میں شامل ہیں۔
’’یہ تھکا دینے والا کام ہے – مچھلی خریدنا، ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانا، برف میں رکھنا اور ذخیرہ کرنا، اور آخر میں اسے کاٹنا اور بیچنا۔ اور ہم یہ سب اپنے دَم پر کرتے ہیں،‘‘ جوانیتا (پورا نام درج نہیں ہے) کہتی ہیں، جو ایک تاجر اور بیوہ ہیں اور دانڈی ساحل پر اینٹ اور اسبستوس سے بنے اپنے ایک کمرے کے گھر میں بیٹھی ہوئی ہیں، جہاں نیلامی میں ان کے ذریعے مچھلی کی خرید کے کئی بل لوہے کے تار میں گندھے ہوئے ایک دیوار پر لٹک رہے ہیں۔

















