’کیپٹن بھاؤ‘ (رام چندر شری پتی لاڈ)
مجاہد آزادی اور طوفان سینا کے سربراہ
۲۲ جون، ۱۹۲۲ – ۵ فروری، ۲۰۲۲
اور آخر میں، جس ملک کے لیے انہوں نے لڑائی لڑی تھی، اس نے ہی ان کی پرواہ نہیں کی اور انہیں اندیکھا کر دیا۔ لیکن، اُن ہزاروں لوگوں نے انہیں یاد رکھا، جو جانتے تھے کہ کس طرح انہوں نے ۱۹۴۰ کی دہائی میں اپنے کامریڈوں کے ساتھ مل کر دنیا کی سب سے طاقتور حکومت کے خلاف لڑائی چھیڑی تھی۔ رام چندر شری پتی لاڈ، عظیم انقلابی نانا پاٹل کی قیادت والی ’پرتی سرکار‘ نامی زیر زمین عارضی حکومت کا ایک اہم حصہ تھے، جس نے ۱۹۴۳ میں برطانوی حکومت سے ستارا کی آزادی کا اعلان کر دیا تھا۔
لیکن کیپٹن بھاؤ (ان کا زیر زمین خفیہ نام) اور ان کے جانباز سپاہیوں کی یہ لڑائی وہیں نہیں رکی۔ اگلے تین سالوں، یعنی ۱۹۴۶ تک وہ انگریزوں کے لیے سر درد بنے رہے۔ پرتی سرکار کا تقریباً ۶۰۰ گاؤوں پر کنٹرول تھا، جہاں سے یہ لوگ اپنی متوازی حکومت چلا رہے تھے۔ یوں دیکھا جائے تو، گزشتہ ۵ فروری کو ان کی موت برطانوی راج کے خلاف کھڑی ہونے والی اس ’سرکار‘ کی بھی موت تھی۔







