ستی منی رات کو سونے سے پہلے، اپنے گھر پر ایک سرسری نگاہ دوڑا لیتی ہیں: ان کے ضروری کاغذات اور اچھے کپڑے پلاسٹک میں لپیٹ کر دیواروں پر ٹنگے ہوئے ہیں؛ کھانا بنانے کے برتن زمین سے دو فٹ اونچے سیمنٹ کے تختوں پر رکھے ہوئے ہیں۔
کوچی، کیرالہ کے گاندھی نگر کے تیورا-پیرندور (ٹی پی) نہر کے ایک کنارے پر آباد پی اینڈ ٹی کالونی میں رہائش پذیر ۶۵ سالہ ستی کہتی ہیں، ’’صبح ۲ بجے اٹھنے پر میں نے کئی بار اپنے گھر کو پانی سے بھرا پایا ہے۔ میں نے ان تکیوں اور چادروں کی گنتی چھوڑ دی ہے، جنہیں دھونے کے باوجود ان کی بدبو اور سیاہ دھبے نہیں گئے اور انہیں پھینکنا پڑا۔‘‘
ٹی پی نہر شمال میں پیرندور پوزہ سے کوچی کے جنوب میں تیورا تک بہتی ہے۔ اور شہر کے بند پانی (بیک واٹر) میں گرنے سے پہلے تقریباً ۸۴ء۹ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتی ہے۔ یہ نہر کوچی کی ۱۱ بڑی آبی گزرگاہوں میں سے ایک ہے، جن میں سے کچھ کو حکومت ایرناکولم اور اس کے گرد نواح کی ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنے کے لیے آبی گزرگاہوں کے طور پر فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پچھلی تین دہائیوں میں کوچی شہر کی آبادی دوگنی ہو کر ۱ء۲ ملین تک پہنچ گئی ہے، اور ایک میٹر سے بھی کم گہرائی والی ٹی پی نہر خراب ہوتے ہوتے کھلے گٹر میں بدل گئی ہے۔ میٹرو کے تعمیراتی کام اور بہاؤ میں کمی کی وجہ سے دو مقامات پر اسے بند کر دیا گیا ہے۔ نہر سے ملحقہ ہسپتالوں، مقامی بازاروں، صنعتوں اور گھروں کا فضلہ براہ راست اس نہر میں خالی کیا جاتا ہے۔ تقریباً ۶۳۲ پانی نکاسی کی پائپ اور گلیوں سے نکلنے والے ۲۱۶ نالے اس نہر میں گھریلو گندگی، صنعتی فضلے اور بارش کا پانی خارج کرتے ہیں۔ کناروں پر لگے خشک کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے نہر کی چوڑائی کئی جگہوں پر سکڑ کر محض ۸ میٹر رہ گئی ہے۔
ستی کا گھر پی اینڈ ٹی کالونی میں باقی تمام گھروں کی طرح نہر کے کنارے ایرناکولم جنکشن ریلوے اسٹیشن کے پیچھے واقع ہے۔ یہ کالونی تقریباً ۲۵۰ میٹر لمبی پورمبوک اراضی (غیر مقبوضہ اراضی جو حکومت کی ملکیت ہے یا عوامی مقاصد کے لیے مخصوص ہے) پر پھیلی ہوئی ہے۔ یہاں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ پورمبوک کی زمین پر عارضی گھر بنانا کرایے کے مکان کا ایک سستا متبادل تھا۔ وقت گزرنے کے ساتھ لوگوں نے اپنے پھوس اور ترپال کے گھروں کو مقامی گرجا گھروں کی جانب سے فراہم کردہ عطیات سے دو دہائی قبل کنکریٹ کے بلاکس اور ٹن کی چھتوں کا استعمال کرتے ہوئے نیم پکے گھروں میں تبدیل کر لیا ہے۔










