وہ مکمل پی پی ای گیئر میں آئے، جیسے کہ جنوبی ۲۴ پرگنہ میں واقع ان کے گاؤں میں کسی اور سیارے کے لوگ اتر رہے ہوں۔ ’’وہ مجھے پکڑنے کے لیے آئے جیسے کہ میں کوئی جانور ہوں،‘‘ ہرن چندر داس کہتے ہیں۔ ان کے دوست انہیں ہارو کہتے ہیں – بلکہ انہیں لگتا ہے کہ وہ اب ان کے دوست نہیں ہیں۔ حال ہی میں، وہ ان کا بائیکاٹ کرتے رہے ہیں۔ ’’اور لوگوں نے میری فیملی کو کیرانے کا سامان اور دودھ کی سپلائی بند کر دی۔ ہمیں کئی طرح سے پریشان کیا گیا اور ہم نے کئی راتیں بنا سوئے گزاریں۔ ہمارے سبھی پڑوسی خوف زدہ ہیں۔‘‘ ہرن چندر کا کووڈ- ۱۹ ٹیسٹ پازیٹو نہیں آیا تھا، پھر بھی ان کے ساتھ یہ سب ہوا۔

ان کا جرم: وہ ایک اسپتال میں کام کرتے ہیں۔ اور زیادہ تر طبی ملازمین ایسی ہی مخالفت کا سامنا کر رہے ہیں۔ شاید ضلعی سطح کے وہ ملازم بھی، جو ان کے متاثر ہونے کے شک میں انہیں تلاش کرتے ہوئے آئے تھے۔

’’ہر کوئی ڈر رہا تھا کہ چونکہ میں اسپتال میں کام کرتا ہوں، اس لیے میں انفیکٹیڈ ہوں،‘‘ وہ بتاتے ہیں۔

تقریباً ۳۰ سال کے ہرن چندر، کولکاتا کے انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (آئی سی ایچ) کے مین ٹیننس روم میں کام کرتے ہیں۔ یہ ایک ٹرسٹ کے ذریعے چلایا جا رہا غیر منافع بخش اسپتال ہے، جو کولکاتا شہر کے علاوہ دیہی اور مضافاتی علاقوں کے بچوں کو خدمات فراہم کرتا ہے۔ یہ ہندوستان کا پہلا بچوں کی طبی نگہداشت کا ادارہ ہے، جسے پارک سرکس علاقے میں ۱۹۵۶ میں قائم کیا گیا تھا۔ بچوں کی جو فیملی ۲۲۰ بستروں والے اس اسپتال میں علاج کرانے آتے ہیں، ان کے لیے کسی اور اسپتال میں جانا یا وہاں کا خرچ برداشت کرنا مشکل ہے۔

کووڈ- ۱۹ اور لاک ڈاؤن نے ان کے لیے آئی سی ایچ تک پہنچنا بھی مشکل بنا دیا ہے۔ ’’یہاں پہنچنا ایک مسئلہ ہے،‘‘ رتن بسواس کہتے ہیں، جو جنوبی ۲۴ پرگنہ کے ایک گاؤں سے ابھی آئے ہیں۔ ’’میں پان کے ایک کھیت میں یومیہ مزدور کے طور پر کام کرتا تھا۔ امفن [۲۰ مئی کو آنے والا سمندری طوفان] نے اس کھیت کو بربادکر دیا اور میں نے اپنی آمدنی کا ذریعہ کھو دیا۔ اب میرے چھوٹے بچے کو اس کے کانوں کے پیچھے یہ انفیکشن ہو گیا ہے، اس لیے ہم اسے یہاں لائے ہیں۔ ٹرین سروِس دستیاب نہیں ہونے کے سبب، اس اسپتال تک پہنچنا مشکل تھا۔‘‘ داس جیسے لوگ اسپتال تک پہنچنے کے لیے بس اور رکشہ کے علاوہ کچھ دوری پیدل بھی طے کرتے ہیں۔

آئی سی ایچ کے ڈاکٹر وارننگ دے رہے ہیں کہ ابھی اور بھی مسائل آنے والے ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

ڈاکٹر رینا گھوش جاپانی انسیفلائٹِس میں مبتلا ایک مریض کو ٹیکہ لگانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران ٹیکہ کاری مہم میں تیزی سے کمی کے سبب، جن بچوں کو باقاعدگی سے ٹیکہ نہیں لگ پا رہا ہے، وہ خطرے میں ہیں۔

فی الحال خون کی سپلائی میں کوئی کمی نہیں ہے، لیکن یہ بحران پیدا ہونے والا ہے، ہیمیٹولوجی شعبہ کے ڈاکٹر تارک ناتھ مکھرجی کہتے ہیں۔ ’’لاک ڈاؤن کے دوران خون عطیہ کے کیمپ کم ہو گئے ہیں۔ عام دنوں میں، ہر مہینے [جنوبی بنگال کے علاقے میں] ۶۰ سے ۷۰ خون عطیہ کے کیمپ لگتے ہیں۔ لیکن گزشتہ چار مہینوں میں – تقریباً ۶۰ کیمپ ہی لگے ہیں۔ اس سے کبھی نہ کبھی تھیلیسیمیا کے مریض، خاص طور سے دیہی علاقوں کے لوگ متاثر ہوں گے۔‘‘

’’کووڈ- ۱۹ بچوں کی طبی نگہداشت کے نظام کے لیے ایک بڑے بحران کے طور پر ابھرا ہے،‘‘ اسپتال میں اِمّیونولوجی کی ماہر، ڈاکٹر رینا گھوش کہتی ہیں، ’’لاک ڈاؤن کے سبب، دیہی اور شہری دونوں علاقوں میں کئی طبی اور ٹیکہ کاری کے کیمپوں کو بند کرنا پڑا۔ مجھے ڈر ہے کہ آنے والے برسوں میں، نمونیا، خسرہ، چھوٹی چیچک اور کالی کھانسی جیسی بیماریوں سے متعلق معاملے بڑھ سکتے ہیں۔ ہم نے ہندوستان میں پولیو کو بھلے ہی ختم کر دیا ہے، لیکن یہ بھی متاثر کر سکتا ہے۔

’’ٹیکہ کاری کے عمل میں رکاوٹ اس لیے آ رہی ہے کیوں کہ سرکار نے دیگر طبی خدمات والے شعبوں کے ملازمین کو دوسرے کاموں میں لگا دیا ہے – انہیں کووڈ ڈیوٹی پر رکھا گیا ہے۔ اس لیے ٹیکہ کاری کا پورا عمل متاثر ہو رہا ہے۔‘‘

پہلے سے ہی ضرورت مند بچوں کو اسپتال کے آس پاس دیکھنا، یہ تجزیہ تشویش ناک ہے۔ مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد ۱۲-۱۴ سال کی عمر کے لوگوں کی ہے، حالانکہ کئی مریض بہت چھوٹے ہیں۔

’’میرے بچے کو لیوکیمیا ہے، اس کی اہم کیموتھیراپی کی کئی تاریخیں چھوٹ گئی ہیں،‘‘ نرمل مونڈل (بدلا ہوا نام) بتاتی ہیں۔ وہ مشرقی مدناپور کے ایک گاؤں کی ہیں اور کہتی ہیں، ’’کوئی ٹرین سروس دستیاب نہیں ہے اور میں کار کا کرایہ برادشت نہیں کر سکتی۔‘‘ ان کا دورہ اس خوف سے بھی متاثر ہوا ہے کہ ’’اگر میں اس کے علاج کے لیے اسپتال آتی ہوں، تو کورونا وائرس ہمیں بھی پکڑ لے گا۔‘‘

PHOTO • Ritayan Mukherjee

آئی سی ایچ کے ڈپٹی ڈائرکٹر، ڈاکٹر ارونالوک بھٹاچاریہ بچوں کے ایک جنرل وارڈ کا دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں کے کئی مریض پبلک ٹرانسپورٹ کی کمی کے سبب اسپتالوں تک نہیں پہنچ سکتے۔

’’بچوں پر کووڈ کا اثر بہت زیادہ دکھائی نہیں دے رہا ہے، اور بچے زیادہ تر علامت کے بغیر محسوس ہوتے ہیں،‘‘ آئی سی ایچ میں بچوں کی طبی نگہداشت کے ماہر، ڈاکٹر پربھاس پرسون گیری کہتے ہیں۔ ’’لیکن کبھی کبھی ہم ان میں سے کچھ کو کووڈ ٹیسٹ میں پازیٹو پاتے ہیں – جو درحقیقت کسی اور علاج کے لیے یہاں آئے ہیں۔ ہمارے پاس سانس کی تکلیف والے بچوں کے لیے ایک الگ آئیسولیشن یونٹ ہے۔‘‘

دریں اثنا، ڈاکٹر بھی بدنامی کے شکار ہیں۔ ڈاکٹر تارک ناتھ مکھرجی کے بغل میں کھڑی سوما بسواس (بدلا ہوا نام) کہتی ہیں: ’’چونکہ میرے شوہر ایک ڈاکٹر ہیں [دوسرے اسپتال میں] اور میں یہاں کے عملہ میں شامل ہوں، اس لیے ہم اب اپنے والد کے گھر پر رہتے ہیں۔ ہم اپنے ہی فلیٹ میں لوٹنے کے قابل نہیں ہیں کیوں کہ ہمیں ڈر ہے کہ ہمارے پڑوسی اعتراض کریں گے۔‘‘

عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) نے ۱۸ مارچ کو ہی وارننگ دی تھی کہ ’’کچھ طبی ملازمین کو، بدقسمتی سے، اپنی فیملی یا معاشرہ کے ذریعے بدنام کیے جانے یا خوف کے سبب ان سے دوری بنائے جانے کا تجربہ کرنا پڑ سکتا ہے۔ یہ پہلے سے ہی چنوتی بھری حالت کو مزید مشکل بنا سکتا ہے۔‘‘

یہاں کے طبی ملازمین کا تجربہ اس وارننگ کو صحیح ثابت کر رہا ہے۔

ان میں سے کچھ لوگ چونکہ ارد گرد کے گاؤوں سے آتے ہیں، اس لیے انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کو طبی ملازمین کے کنبوں کے اندر کی پریشانیوں؛ ٹرانسپورٹ سے متعلق ان کے تکلیف دہ مسائل؛ اپنے پیشہ کے سبب سماجی بدنامی – اور ان سب چیزوں کے دردناک نتائج کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان سب کی وجہ سے ایک عجیب صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ اسپتال کے بستر پر لوگ کم ہیں، مریضوں کی تعداد واقعی میں کم ہو گئی ہے – لیکن دباؤ بڑھ گیا ہے ۔ اسپتال کے ایک ناظم کا کہنا ہے کہ سردست ’’او پی ڈی [باہر کے مریضوں کا شعبہ]، جو عام طور پر ایک دن میں تقریباً ۳۰۰ مریضوں کو خدمات مہیا کرتا تھا، اب وہاں صرف ۶۰ مریض آ رہے ہیں‘‘ – یہ ۸۰ فیصد کی کمی ہے۔ بستروں پر مریضوں کی تعداد ۲۲۰ سے گھٹ کر تقریباً ۹۰ ہو گئی ہے، یعنی ۶۰ فیصد کی کمی۔ لیکن، ناظم کہتے ہیں، ’’ہمیں کل ملازمین کے تقریباً ۴۰ فیصد سے کام چلانا پڑے گا۔‘‘

Left: A nurse in the Neonatal Intensive Care Unit (NICU). Despite seeing staff on duty falling to 40 per cent of normal, the hospital soldiers on in providing services for children-left. Right: Health worker hazards: Jayram Sen (name changed) of the ICH was not allowed, for several days, to take water from a community tap in his village in the South 24 Parganas
PHOTO • Ritayan Mukherjee
Left: A nurse in the Neonatal Intensive Care Unit (NICU). Despite seeing staff on duty falling to 40 per cent of normal, the hospital soldiers on in providing services for children-left. Right: Health worker hazards: Jayram Sen (name changed) of the ICH was not allowed, for several days, to take water from a community tap in his village in the South 24 Parganas
PHOTO • Ritayan Mukherjee

بائیں: بچوں کی انتہائی نگہداشت اکائی (این آئی سی یو) میں ایک نرس۔ ڈیوٹی پر رہنے والے ملازمین کی تعداد معمول سے گھٹ کر ۴۰ فیصد ہو جانے کے باوجود، اسپتال کے سپاہی بچوں کواپنی خدمات مہیا کرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ دائیں: طبی ملازمین کو خطرہ: آئی سی ایچ کے جے رام سین (بدلا ہوا نام) کو کئی دنوں تک جنوبی ۲۴ پرگنہ میں واقع ان کے گاؤں میں عوامی نل سے پانی لینے کی اجازت نہیں تھی۔

اسٹاف کی کل تعداد ۴۵۰ ہوگی، جس میں ۲۰۰ نرسیں، ۶۱ وارڈ اسٹنٹ، ۵۶ صفائی ملازمین اور دیگر شعبوں کے ۱۳۳ ملازمین شامل ہیں۔ اور آئی سی ایچ سے مختلف سطحوں پر تقریباً ۲۵۰ ڈاکٹر جڑے ہوئے ہیں۔ ان میں سے، ۴۰-۴۵ کل وقتی اِن-ہاؤس کام کرتے ہیں، اور ۱۵-۲۰ صلاح کار روزانہ آتے ہیں۔ بقیہ رضاکارانہ او پی ڈی خدمات اور دیگر شعبوں میں سرجن، (تعلیمی اسپتال میں) فیکلٹی کے طور پر دورہ کرتے ہیں۔

لاک ڈاؤن نے ان سبھی کے لیے سنگین چیلنجز کھڑے کیے ہیں۔ جیسا کہ ڈپٹی چیف آپریٹنگ آفیسر، آرادھنا گھوش چودھری بتاتی ہیں، ’’مریضوں اور ملازمین کی صحت کا انتظام کرنا، مختلف کاموں کے لیے طبی ملازمین کو تعینات کرنا، یہ سب اب ایک مسئلہ ہے۔ ملازمین میں سے کئی یہاں تک پہنچنے یا اپنے گھر لوٹنے کے قابل نہیں ہیں کیوں کہ کوئی ٹرین دستیاب نہیں ہے اور، پہلے، کوئی بس سروِس بھی نہیں تھی۔‘‘ چند طبی ملازمین اسپتال کے احاطہ میں ہی قیام کیے ہوئے ہیں، جب کہ کچھ ملازمین جو پہلے سے ہی اپنے گاؤوں میں تھے، وہ ’’سماجی بدنامی سے بچنے کے لیے‘‘ اپنی ڈیوٹی پر لوٹے نہیں ہیں۔

اسپتال کو اب مالی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آئی سی ایچ ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، جہاں ڈاکٹر اپنی خدمات کے لیے کوئی اجرت نہیں لیتے ہیں اور دیگر فیس بہت کم ہے۔ (یہ اسپتال اکثر انتہائی غریب لوگوں کی فیس پوری طرح سے معاف کر دیتا ہے)۔ بستر پر مریضوں کی کمی اور او پی ڈی میں آنے والوں کی تعداد میں گراوٹ کے سبب، وہ چھوٹے ذرائع بھی محدود ہو گئے ہیں – لیکن کووڈ کے سبب اسپتال کے اخراجات میں موجودہ لاگتوں سے کم از کم ۱۵ فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

’’اس میں صفائی، پی پی ای اور کووڈ سے متعلق دیگر لاگتیں شامل ہیں،‘‘ آرادھنا گھوش چودھری بتاتی ہیں۔ ان بڑھتی ہوئی لاگتوں کو وہ اپنے مریضوں پر نہیں تھوپ سکتے کیوں کہ ’’ہم یہاں پر جس گروپ کی خدمت کرتے ہیں، وہ زیادہ تر دیہی اور مضافاتی علاقوں کے بی پی ایل [خط افلاس کے نیچے کے افراد] ہیں۔ وہ اسے کیسے برداشت کر سکتے ہیں؟‘‘ ان کے پاس تھوڑی بہت جو بھی آمدنی تھی، لاک ڈاؤن نے اسے ختم کردیا ہے۔ ’’کبھی کبھی ہمارے ڈاکٹر اپنی جیب سے اس حالت میں بڑھتی اضافی لاگت کی ادائیگی کرتے ہیں۔ فی الحال، عطیہ سے ہمارا کام چل رہا ہے، لیکن اس کی مقدار اتنی نہیں ہے کہ اس سے لمبے وقت تک ہمارا کام چل سکے۔‘‘

برسوں سے صحت سے متعلق بنیادی ڈھانچہ کی تعمیر میں ناکامی اب ہمیں پریشان کر رہی ہے، آئی سی ایچ کے ڈپٹی ڈائرکٹر ارونالوک بھٹاچاریہ کہتے ہیں۔ مختلف اسباب کے درمیان، وہ کہتے ہیں، ’’پہلی صف کے طبی ملازمین اور عام مریض ہی حقیقی متاثرین ہیں۔‘‘

PHOTO • Ritayan Mukherjee

بانکورہ ضلع کے ایک بچہ کے سینے کا ایکس رے کیا جا رہا ہے۔ وبائی مرض کے سبب، طبی سہولیات کی دستیابی کی بنیاد پر، ملک بھر میں امیجنگ کے شعبہ میں بھاری گراوٹ ہو سکتی ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

ریڈیولوجی شعبہ کے نیلادری گھوش (بدلا ہوا نام) کو نادیہ ضلع میں ان کے گاؤں میں پڑوسیوں کے ذریعے پریشان کیا گیا اور انہیں اپنے ہی گھر سے باہر نکلنے کے لیے پولیس کی مدد لینی پڑی۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

اسپتال میں محفوظ طریقے سے رکھی گئیں، جان کو بچانے والی طبی گیسیں جو مریض کی حالت پر اہم اثر ڈالتی ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

کینسر سے متاثرہ بچوں کو بڑی چنوتیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی بچے، خاص طور سے جن کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے، لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران ان کی کیمو تھیراپی کی تاریخیں چھوٹ رہی ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

نومولود بچوں کا اکثر اسپتال میں رہنے کے دوران اور کبھی کبھی، اسپتال سے چھٹی ملنے کے ۴۸-۷۲ گھنٹے بعد، دوبارہ وزن کیا جاتا ہے۔ ان کے والدین کے وزن کی بھی جانچ کی جاتی ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

ایک آئیسولیشن کمرہ کے اندر، پی پی ای کٹ میں طبی ملازمین ۳۵ دن کے ایک کووڈ پازیٹو بچے کی نگہداشت میں مصروف۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

بچوں کی انتہائی نگہداشت اکائی کے اندر، سنگین طور سے بیمار ایک بچہ پر دھیان دیا جار ہا ہے۔ فیڈریشن آف ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، کولکاتا نے ہندوستانی وزارتِ صحت کو خط لکھ کر بچاؤ اور تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ کئی ڈاکٹروں اور نرسوں نے پڑوسیوں کے ذریعے ہراساں کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

کووڈ سے بچ جانے والی سسٹر سنگیتا پال کہتی ہیں، ’میں نے مناسب کوارنٹائن پروٹوکال پر عمل کرنے کے بعد وائرس کو شکست دے دی ہے اور ڈیوٹی پھر سے شروع کردی ہے۔ میرے ساتھیوں نے میرا تہ دل سے استقبال کیا‘۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

میڈیکل ٹیکنیشین چنچل ساہا جنوبی ۲۴ پرگنہ کے ایک گاؤں کے ایک ماہ کے بچے کی ای ای جی جانچ کر رہے ہیں۔ لیب ٹیکنیشین، جنہیں اب اس عمل کو انجام دینے کے لیے اضافی احتیاط برتنا پڑتا ہے، بتاتے ہیں کہ آنے والے مریضوں کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

ٹیکہ کاری شعبہ میں ایک معاون، موؤمیتا ساہا، اپنے معاون کے ذریعے کیے گئے مذاق پر ہنس رہی ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

اتنے بڑے اسپتال میں پورے سسٹم کو بنائے رکھنے، مریضوں کی صحت کی نگرانی کرنے اورنرسوں، وارڈ معاونین اور صفائی ملازمین جیسے تمام طبی ملازمین کے کام کاج کی نگرانی کرنے میں منتظمہ اور سسٹرز انچارج کا اہم رول ہوتا ہے۔ یہاں، منتظمہ جھرنا رائے اپنے دفتر کے اندر ایک جاب شیٹ پر کام کر رہی ہیں۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

چائے کے لیے بریک لیتے وارڈ معاون۔ ان میں سے کئی لاک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد سے اسپتال کے احاطہ میں رہ رہے ہیں۔ یا تو اس لیے کہ ان کے گاؤوں تک کوئی مسلسل ٹرین سروِس نہیں ہے یا پھر اپنے پڑوسیوں کی ہراسانی سے بچنے کے لیے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

رسیپشن کاؤنٹر کے پاس ایک وزیٹر ویڈیو کال کرکے اپنے گھر والوں کو بتا رہا ہے کہ فیملی کے ایک رکن کو اسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔

PHOTO • Ritayan Mukherjee

ہندوستان میں بچوں کی طبی نگہداشت کے سالار، ڈاکٹر کے سی چودھری نے کولکاتا میں انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (آئی سی ایچ) ۱۹۵۶ میں قائم کیا تھا۔ آئی سی ایچ ایک غیر منافع بخش، ٹرسٹ کے ذریعہ چلایا جانے والا اسپتال ہے۔

مترجم: محمد قمر تبریز

Ritayan Mukherjee

କୋଲକାତାରେ ରହୁଥିବା ରୀତାୟନ ମୁଖାର୍ଜୀଙ୍କର ଫଟୋଗ୍ରାଫି ପ୍ରତି ଆଗ୍ରହ ରହିଛି ଏବଂ ସେ ୨୦୧୬ର ପରୀ ବ୍ୟକ୍ତିତ୍ୱ । ସେ ତିବ୍ଦତୀୟ ମାଳଭୂମି ଅଞ୍ଚଳରେ ଯାଯାବର ପଶୁପାଳକ ସଂପ୍ରଦାୟର ଜୀବନ ଉପରେ ତଥ୍ୟ ସଂଗ୍ରହ କରୁଥିବା ଏକ ଦୀର୍ଘକାଳୀନ ପ୍ରକଳ୍ପରେ କାମ କରୁଛନ୍ତି ।

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Ritayan Mukherjee
Translator : Qamar Siddique

କମର ସିଦ୍ଦିକି ପିପୁଲ୍ସ ଆରକାଇଭ ଅଫ୍ ରୁରାଲ ଇଣ୍ଡିଆର ଅନୁବାଦ ସମ୍ପାଦକ l ସେ ଦିଲ୍ଲୀ ରେ ରହୁଥିବା ଜଣେ ସାମ୍ବାଦିକ l

ଏହାଙ୍କ ଲିଖିତ ଅନ୍ୟ ବିଷୟଗୁଡିକ Qamar Siddique