’’اَکّا، آپ میرے امتحان کوچیری میں تہِ دل سے مدعو ہیں۔ برائے مہربانی اپنی فیملی اور دوستوں کو لے کر ضرور آئیے گا،‘‘ کالی ویر پڈرن نے مجھے فون کرکے کہا اور چنئی میں واقع ہندوستان کے مشہور ڈانس اسکول، کلاشیتر میں اپنے فائنل امتحان کے لیے دعوت دی۔ اور، تھوڑی دیر کے وقفہ کے بعد، انہوں نے مجھ سے نہایت نرم لہجہ میں پوچھا، ’’کیا یہ صحیح انگریزی ہے، اَکّا؟‘‘
کالی کو معلوم نہیں تھا، کیوں کہ تقریباً چار سال پہلے تک وہ انگریزی سے بہت زیادہ واقف نہیں تھے۔ یہی نہیں، وہ ڈانس سے بھی بہت زیادہ شناسا نہیں تھے۔ لیکن اب، وہ کلاسیکی بھرت ناٹیم کے ساتھ ساتھ کرگٹّم، تھپتّم اور اوئیلاتم میں بھی مہارت حاصل کر چکے ہیں۔ یہ تینوں تمل ناڈو کے تین قدیم علاقائی ڈانس ہیں۔ اور، انہوں نے یہ سارے ڈانس اس میدان کی سب سے بہترین جگہ سے سیکھے ہیں۔
کالی کی فیملی، جسے وہ ہندو آدی دراوڈرس (ایک دلت برادری) بتاتے ہیں، کوولَم میں رہائش پذیر ہے، جو کہ چنئی کے قریب پریشان حال ماہی گیروں کا ایک گاؤں ہے۔ ۲۱ سالہ کالی کے والد کا انتقال تبھی ہو گیا تھا، جب وہ ایک چھوٹے بچہ تھے۔ ’’میں اس وقت شاید چھ یا سات مہینے کا تھا،‘‘ وہ بتاتے ہیں، جذبات سے عاری۔ ان کے جذبات ان کی بیوہ ماں کے لیے محفوظ ہیں، جنھوں نے تب ایک بڑی فیملی کا بوجھ اٹھانے کی ذمہ داری اپنے کاندھوں پر لے لی اور قلی کا کام کرنے لگیں۔ ’’میری تین بڑی بہنیں اور دو بھائی ہیں۔ جب ایک بھائی کی موت دماغی بخار کی وجہ سے ہوگئی، تو میں اپنی دادی کے گھر سے، جہاں پر میں تب تک رہا کرتا تھا، اپنی ماں کے گھر چلا آیا۔‘‘








