اننت پور ضلع میں نگرور کے کسان اپنے ماضی کی آرزو کرتے ہیں، جب ان کے گاؤں میں زیر زمین پانی کی بہتات ہوا کرتی تھی۔ وہ بعض دفعہ 2007 سے پہلے کے دور کے بارے میں فعل حال میں بات کرتے ہیں، شاید وہ خوشحالی کے اُن دنوں کو بھولنا نہیں چاہتے۔
سال 2007 کے آس پاس، بارش حالانکہ کم ہو چکی تھی، لیکن نگرور کے قریب کی جھیلوں میں آخری بار طغیانی آئی تھی۔ ’’این ٹی راما راؤ کے دور میں (آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ کے طور پر)، بارش لگاتار ہوتی تھی۔ جب وائی ایس راج شیکھر ریڈی (مئی 2014 میں اقتدار میں) آئے، تو جھیلوں میں ایک ہفتہ کے لیے طغیانی آئی (بھاری بارش کی وجہ سے)۔ اور وہ آخری تھا،‘‘ 42 سالہ کسان وی رام کرشن نائڈو کہتے ہیں۔








