پایِر – ایک تنظیم ہے جو پیرم بلور کے کچھ گاؤوں میں ترقیاتی کام کر رہا ہے – کے ساتھ مل کر منی مارن کو امید ہے کہ وہ بچوں کے لیے کچھ ایسے نئے کھیل بنا سکتے ہیں، جو سماجی دوری قائم برقرار رکھتے ہوئے بچوں میں مضبوط سماجی قدروں کو سکھانے میں کام آئیں گے۔ پایِر کی نگہباں، پریتی زیویئر بتاتی ہیں، ’’ہم نے اس پر پہلے سے ہی کام کرنا شروع کر دیا ہے، لیکن اس وت ہم اپنے گاؤوں میں کووِڈ- ۱۹ کے بارے میں بیداری پھیلانے پر زیادہ دھیان دے رہے ہیں کیوں کہ یہ نئی چیز ہے اور لوگوں کو اس کے بارے میں کچھ بھی معلوم نہیں ہے۔ ہم جلد ہی منی مارن اور ماگیژینی کے ساتھ بچوں کے کھیلوں پر کام کرنا شروع کریں گے۔‘‘
منی مارن مانتے ہیں کہ یہ فنکاروں کے لیے بہت ہی مشکل کا وقت ہے۔ ’’مقامی فنکاروں کے لیے کسی بھی آفت کے وقت لوگوں کے ساتھ موجود ہونا عام بات ہے۔ اس لیے، اس وقت سماجی دوری بناکر رکھنا، الگ رہنا، تھوڑا پریشان کرتا ہے۔‘‘ وہ کہتے ہیں کہ اس وقت، جن فنکاروں کی روزی روٹی جا سکتی ہے، سرکار کو ان فنکاروں کے لیے کچھ راحت فراہم کرنا چاہیے۔ وہ اپیل کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’’اس کے بدلے میں ہم سوشل میڈیا پر اپنے فن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ اقتصادی طور پر مقامی فنکاروں کو بہت نقصان ہوا ہے، اس لیے اس سرکار کو ایسا کچھ کرنے کے بارے میں سوچنا چاہیے۔‘‘
کوئی راحت چاہے ملے یا نہ ملے، منی مارن اور ماگیژینی آپ کے دل سے کورونا وائرس کا ڈر نکالنے کے لیے اسی طرح سے گاتے اور بجاتے رہیں گے۔ ’’ہم کوشش کریں گے کہ لوگ بیدار رہیں اور ہم وائرس کو پھیلنے سے روکنے کی لگاتار کوشش کرتے رہیں گے۔ اور آخر میں جب ہمیں وائرس سے چھٹکارہ ملے گا، تب ہم پرئی بجاکر جشن منائیں گے۔‘‘
کورونا گیت کا ترجمہ
تانا تن تانا
کورونا کا ننگا ناچ جاری ہے
ایسے کئی لوگ ہیں
جو افواہ پھیلا رہے ہیں
ایسی افواہوں پر دھیان نہ دیں
کسی کو نیچا نہ دکھائیں
افسردگی کا کوئی فائدہ نہیں
ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں
طریقے ڈھونڈیں
کورونا کے حملے کو روکنے کے
کورونا کو پاس آنے سے روکنے کے لیے
اپنی ناک کو ڈھکیں
صرف بیداری ہی
کورونا کو روکے گی
جب ہم جسمانی دوری اپنائیں گے
تو کورونا بھی بھاگ جائے گا
تانا تن تانا
کورونا کا ننگا ناچ جاری ہے
فالتو افواہ نہ پھیلائیں، اسے روکیں!
کورونا نہیں پھیلتا ہے
گوشت مچھلی کھانے سے
کورونا نہیں چھوڑتا
سبزی خوروں کو بھی
تمام ملک ہیں
دہشت کی حالت میں
کھوج میں لگے ہیں سبھی
اس کی جڑ کھوجنے میں
ایسا کھانا کھائیں، جو آپ کو مضبوط بنائے
اپنے آپ کو بچائیں
اور جھوٹ کو پھینک ہٹائیں
جو کھانسیں ان سے دور رہیں
جو چھینکیں ان سے دوری بنائیں
لمبے چلتے بخار سے ہوشیار رہیں
سانس کی تکلیف سے محتاط رہیں
اگر سب آٹھ دنوں تک چلے تو
کورونا ہو سکتا ہے
فوراً ڈاکٹر کے پاس جائیں
کورونا کو گھٹائیں
(مترجم: ڈاکٹر محمد قمر تبریز)